سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ کے ہاں کبیرہ گناہوں میں سے یہ بھی ہے کہ آدمی اپنے والدین کو گالی دلوانے کا سبب بنے۔ [الادب المفرد/كِتَابُ الْوَالِدَيْنِ/حدیث: 28]
الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 28
فوائد ومسائل: (۱)شیخ البانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کے اس قول میں لفظ (عنداللہ)”اللہ تعالیٰ کے ہاں“ کا مطلب یہ ہے کہ عموماً جب کوئی آدمی کسی دوسرے شخص کو گالی دیتا ہے تو وہ اس کو معمولی سمجھتا ہے کیونکہ اکثر و بیشتر وہ کسی بد سلوکی کا جواب دے رہا ہوتا ہے یا اس کے خیال میں وہ مظلوم ہوتا ہے لیکن اللہ کے ہاں یہ معمولی نہیں۔ سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے بتایا ہے کہ یہ کبیرہ گناہ ہے۔ (۲) والدین کو گالیاں دلوانے کا سبب بننا خود گالیاں دینے کے مترادف ہے۔ (۳) اس میں ضمناً یہ بات بھی آتی ہے کہ کوئی انسان والدین کو ایسا کام کرنے پر مجبور کرے کہ جس پر لوگ انہیں گالیاں دیں یا خود کوئی ایسا کام کرے جس سے لوگ اسے اور اس کے والدین کو برا بھلا کہیں، مثلاً: راستے پر پیشاب کرنا وغیرہ۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 28