تخریج: «أخرجه أبوداود، الفرائض، باب في الولاء، حديث:2917، وابن ماجه، الفرائض، حديث:2732، والنسائي في الكبرٰي:4 /75، حديث:6348.»
تشریح:
اس حدیث میں جو مسئلہ بیان ہوا ہے وہ دراصل اس واقعے سے تعلق رکھتا ہے کہ ایک خاتون فوت ہوگئی۔
اس کے بیٹے اس کے وارث ہوئے‘ پھر بیٹے بھی فوت ہوگئے اور حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ ان لڑکوں کے عصبہ ہونے کی حیثیت سے ان کے وارث بنے‘ پھر اس عورت کا آزاد کردہ غلام بھی فوت ہوگیا تو حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے اس غلام کا ورثہ بھی اپنے قبضے میں کر لیا۔
اس عورت کے بھائیوں نے عورت کے آزاد کردہ غلام کی میراث کا دعویٰ کر دیا۔
اور یہ مقدمہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے سامنے پیش ہوا۔
اس موقع پر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے یہ حدیث بیان فرمائی اور اس آزاد کردہ غلام کی میراث کا فیصلہ حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کے حق میں کر دیا جو کہ اس عورت کے بیٹوں کے عصبہ تھے۔
واضح رہے کہ ولا‘ یعنی آزاد کردہ غلام کا ترکہ ذوی الفروض کے ورثے کی طرح تقسیم نہیں ہوتا بلکہ وہ سب سے قریبی عصبہ کا حصہ ہے۔
اگرچہ بعض نے اس میں اختلاف بھی کیا ہے‘ تاہم صحیح یہی ہے کہ یہ میراث میں تقسیم نہیں ہوتا۔
واللّٰہ أعلم۔