الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



صحيح البخاري
كِتَاب التَّوْحِيدِ
کتاب: اللہ کی توحید اس کی ذات اور صفات کے بیان میں
51. بَابُ مَا يَجُوزُ مِنْ تَفْسِيرِ التَّوْرَاةِ وَغَيْرِهَا مِنْ كُتُبِ اللَّهِ بِالْعَرَبِيَّةِ وَغَيْرِهَا:
51. باب: تورات اور اس کے علاوہ دوسری آسمانی کتابوں کی تفسیر اور ترجمہ عربی وغیرہ میں کرنے کا جائز ہونا۔
حدیث نمبر: 7542
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ، حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ عُمَرَ، أَخْبَرَنَا عَلِيُّ بْنُ الْمُبَارَكِ، عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ:" كَانَ أَهْلُ الْكِتَابِ يَقْرَءُونَ التَّوْرَاةَ بِالْعِبْرَانِيَّةِ وَيُفَسِّرُونَهَا بِالْعَرَبِيَّةِ لِأَهْلِ الْإِسْلَامِ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَا تُصَدِّقُوا أَهْلَ الْكِتَابِ وَلَا تُكَذِّبُوهُمْ وَقُولُوا آمَنَّا بِاللَّهِ وَمَا أُنْزِلَ سورة البقرة آية 136.
ہم سے محمد بن بشار نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے عثمان بن عمر نے بیان کیا، انہیں علی بن مبارک نے خبر دی، انہیں یحییٰ بن ابی کثیر نے، انہیں ابوسلمہ نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ اہل کتاب توریت کو عبرانی میں پڑھتے اور مسلمانوں کے لیے اس کی تفسیر عربی میں کرتے تھے۔ اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم نہ اہل کتاب کی تصدیق کرو اور نہ اس کی تکذیب، بلکہ کہو کہ ہم اللہ اور اس کی تمام نازل کی ہوئی کتابوں پر ایمان لائے۔ الآیہ۔ [صحيح البخاري/كِتَاب التَّوْحِيدِ/حدیث: 7542]
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

   صحيح البخاريلا تصدقوا أهل الكتاب ولا تكذبوهم وقولوا آمنا بالله وما أنزل إلينا
   صحيح البخاريلا تصدقوا أهل الكتاب ولا تكذبوهم وقولوا آمنا بالله وما أنزل
   صحيح البخاريلا تصدقوا أهل الكتاب ولا تكذبوهم وقولوا آمنا بالله وما أنزل إلينا وما أنزل إليكم
   مشكوة المصابيحلا تصدقوا اهل الكتاب ولا تكذبوهم

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 7542 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7542  
حدیث حاشیہ:
باب کا مطلب اس حدیث سے یوں نکلا کہ اگر اہل کتاب سچ بولیں توان کی کتاب کا ترجمہ بھی وہی ہوگا جو اللہ کی طرف سےاترا۔
امام بیہقی نےکہا کہ اللہ کا کلام باختلاف لغات مختلف نہیں ہوتا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7542   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7542  
حدیث حاشیہ:

اہل کتاب سے مراد یہودی ہیں اور ان کی مذہبی کتاب تورات عبرانی زبان میں تھی۔
انھوں نے اپنی خواہشات اور مفادات کے پیش نظر اس میں ردوبدل کر دیا تھا۔
ایسے حالات میں ان کے ترجمہ اور تفسیر کا کیسے اعتبار کیا جاتا۔
اس کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے جو اہل اسلام پر تعلیمات قرآن اور اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کی صورت میں اتاری تھیں ان کی موجودگی میں اس کی ضرورت بھی نہ تھی۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد اس حقیقت کا اظہار ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کے کلام کا کسی دوسری زبان میں ترجمہ کیا جائے تواس ترجمے کو اللہ کا کلام نہیں کہا جا سکتا کیونکہ وہ تو مترجم کی کوشش وکاوش اور اس کا فعل ہے اور بندے کا فعل مخلوق ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کا کلام غیر مخلوق ہے۔
اس سے اشاعرہ کی تردید مقصود ہے جو کہتے ہیں کہ اللہ کا کلام جس زبان میں بھی ترجمہ کیا جائے وہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہی رہتا ہے، حالانکہ دلائل کے اعتبار سے یہ موقف محل نظر ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7542   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مشكوة المصابيح 155  
´اسرائیلیت کی تصدیق یا تکذیب کی ممانعت`
«. . . ‏‏‏‏وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: كَانَ أهل الْكتاب يقرؤون التَّوْرَاةَ بِالْعِبْرَانِيَّةِ وَيُفَسِّرُونَهَا بِالْعَرَبِيَّةِ لِأَهْلِ الْإِسْلَامِ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَا تُصَدِّقُوا أَهْلَ الْكِتَابِ وَلَا تُكَذِّبُوهُمْ وَ (قُولُوا آمنا بِاللَّه وَمَا أنزل إِلَيْنَا» الْآيَة. رَوَاهُ البُخَارِيّ . . .»
. . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں: اہل کتاب (یہود) اپنی کتاب تورات کو عبرانی زبان میں تلاوت کرتے اور پڑھتے تھے۔ اور مسلمانوں کے سامنے اس کا ترجمہ اور تفسیر عربی زبان میں بیان کرتے تھے۔ (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جب یہ معلوم ہوا تو) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہ تم اہل کتاب کو سچا ہی جانو (ممکن ہے غلط مطلب سمجھاتے ہوں) اور نہ تم ان کو جھوٹا ہی سمجھو (ہو سکتا ہے کہ صحیح مطلب سمجھا رہے ہوں) تم صرف اتنا ہی کہہ دو کہ «امنا بالله وما انزل الينا» ہم اللہ پر ایمان لائے اور جو چیز ہم پر نازل کی گئی ہے اس پر بھی ایمان لے آئے۔ اس حدیث کو بخاری نے روایت کیا ہے۔ . . . [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 155]
تخریج الحدیث:
[صحيح بخاري 7362]

فقہ الحدیث:
➊ اہل کتاب سے مراد یہودی ہیں جو عبرانی زبان والی تورات کو مانتے ہیں، لیکن یاد رہے کہ یہود و نصاریٰ دونوں کے پاس تورات اور ان کی مذہبی کتابوں کی صحیح متصل سند موجود نہیں ہے، لہٰذا یہ لوگ اندھیروں میں سرگرداں بھٹک رہے ہیں۔
➋ اہل کتاب کی جو روایت کتاب و سنت اور اجماع کے خلاف نہ ہو تو اسے بیان کرنا جائز ہے۔
➌ مشکل معاملات جن میں فیصلہ نہ ہو سکے، ان کے بارے میں توقف کرنا ضروری ہے۔
➍ کتاب و سنت کے خلاف رائے پیش نہیں کرنا چاہئیے۔
➎ قرآن مجید کا ترجمہ اور تفسیر لکھنا جائز ہے، بشرطیکہ کتاب و سنت، اجماع اور سلف صالحین کے فہم کو مدنظر رکھا جائے۔
➏ اہل حق کے مخالفین کی کتابیں پڑھنا جائز ہے، بشرطیکہ پڑھنے والا عالم بالحق ہو اور اس کا مقصود حق کا دفاع اور باطل کا رد ہو۔
   اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 155   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4485  
4485. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: اہل کتاب، تورات کو خود عبرانی زبان میں پڑھتے لیکن مسلمانوں کے لیے اس کی تفسیر عربی میں کرتے تھے۔ اس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اہل کتاب کی تصدیق یا تکذیب نہ کرو بلکہ یوں کہو کہ ہم اللہ پر ایمان لائے اور اس چیز پر جو ہماری طرف نازل کی گئی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4485]
حدیث حاشیہ:
ترجمہ اوپر گزر چکا ہے۔
وما أنزل سے مراد قرآن مجید ہے جو پہلی ساری کتابوں کی تصدیق کرتا ہے۔
اہل کتاب کی جن باتوں کا قرآن میں رد موجود ہے وہ ضرور قابل تکذیب ہیں اور جن کے متعلق خاموشی ہے، ان کے بارے میں یہ اصول ہے جو بیان ہوا۔
آج کل کے اہل کتاب بہت زیادہ گمراہی میں گرفتار ہیں۔
لہٰذا وہ اس حدیث کے مصداق بہت ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4485   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4485  
4485. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: اہل کتاب، تورات کو خود عبرانی زبان میں پڑھتے لیکن مسلمانوں کے لیے اس کی تفسیر عربی میں کرتے تھے۔ اس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اہل کتاب کی تصدیق یا تکذیب نہ کرو بلکہ یوں کہو کہ ہم اللہ پر ایمان لائے اور اس چیز پر جو ہماری طرف نازل کی گئی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4485]
حدیث حاشیہ:

قرآن مجید میں ہے کہ وہ پہلی کتابوں کی تصدیق کرتا ہے اس لیے پہلی آسمانی کتابوں پر ایمان لانا ضروری ہے اور یہ ایمان اجمالی ہو گا۔
اللہ تعالیٰ بنے اپنے انبیاءؑ پر انھیں نازل فرمایا اور جو کچھ ان کتابوں میں تھا اس بنا پر ان کے بیان کردہ جوحقائق قرآن کریم کے مطابق ہیں وہ قابل تصدیق ہیں اور جن کا رد قرآن کریم میں موجود ہے وہ قابل تکذیب ہیں اور جن باتوں کے متعلق قرآن کریم خاموش ہے ان کے متعلق وہی توقف کا اصول ہے جو حدیث بالا مذکورہےکیونکہ اہل کتاب جو کچھ بیان کریں گے وہ دو حالتوں سے خالی نہیں، اگر ہم اس کی تصدیق کریں تو ممکن ہے کہ وہ درحقیقت صحیح نہ ہو بلکہ تحریف شدہ ہو اور یہ بھی احتمال ہے کہ ہم اس کی تکذیب کریں جبکہ وہ درحقیقت صحیح اور درست ہو۔
چونکہ انبیائے کرامؑ کے احکام و شرائع میں جزوی فرق رہا ہے۔
اس لیے موقف ضروری ہے۔

موجود اہل کتاب تو بہت زیادہ گمراہی میں گرفتار ہیں لہٰذا وہ اس حدیث کے زیادہ مصداق ہیں اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مشکل معاملات میں توقف کرنا چاہیے تصدیق و انکار میں جلد بازی سے کام نہ لیا جائے۔
واللہ اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4485   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7362  
7362. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نےکہا: اہل کتاب عبرانی زبان میں تورات پڑھے اور مسلمانوں کے لیے عربی زبان میں اس کی تفسیر کرتے تھے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا: تم نے تو اہل کتاب کی تصدیق کرو اور نہ ان کی تکذیب ہی کرو بلکہ یوں کہو: ہم اس چیز پر ایمان لائے جو ہم نازل کی گئی اور جو تم پر نازل کی گئی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7362]
حدیث حاشیہ:

اہل کتاب کے بیان کیےہوئے جن حقائق کی کتاب و سنت سے تائید ہوتی ہو ان کی تصدیق کرنی چاہیے اور جن کی قرآن و حدیث نے تکذیب کی ہے انھیں جھوٹا کہنا چاہیے اس کے علاوہ دیگر باتوں کی تصدیق یا تکذیب نہیں کرنی چاہیے۔

اس حدیث کی عنوان سے مطابقت اس طرح ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اہل کتاب کی تصدیق اور تکذیب نہ کرنے کا حکم دیا ہے اس لیے اس کا تقاضا ہے کہ ان سے کسی قسم کا سوال نہ کیا جائے۔
قرآن مجید میں ہے۔
اگر آپ کو اس میں کچھ شک ہو جو ہم نے آپ کی طرف نازل کیا ہے تو ان لوگوں سے پوچھ لیں جو آپ سے پہلے تورات پڑھتے تھے۔
(یونس: 10۔
94)

اس آیت سے مراد عقیدہ توحید اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے رسول ہونے کی بشارتیں تورات و انجیل میں موجود ہیں جو تحریف کے باوجود آج بھی مذہبی کتابوں میں پائی جاتی ہیں اس کے علاوہ دوسری چیزوں کا حکم مذکورہ حدیث میں بیان ہوا ہے۔
(واللہ أعلم)
(فتح الباري: 408/13)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7362