مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 557
´جو شخص عصر کی ایک رکعت سورج ڈوبنے سے پہلے پہلے پڑھ سکا`
«. . . عَنْ سَالِمِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ، عَنْ أَبِيهِ، أَنَّهُ أَخْبَرَهُ، أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ: " إِنَّمَا بَقَاؤُكُمْ فِيمَا سَلَفَ قَبْلَكُمْ مِنَ الْأُمَمِ كَمَا بَيْنَ صَلَاةِ الْعَصْرِ إِلَى غُرُوبِ الشَّمْسِ، أُوتِيَ أَهْلُ التَّوْرَاةِ التَّوْرَاةَ فَعَمِلُوا حَتَّى إِذَا انْتَصَفَ النَّهَارُ عَجَزُوا فَأُعْطُوا قِيرَاطًا قِيرَاطًا، ثُمَّ أُوتِيَ أَهْلُ الْإِنْجِيلِ الْإِنْجِيلَ فَعَمِلُوا إِلَى صَلَاةِ الْعَصْرِ ثُمَّ عَجَزُوا فَأُعْطُوا قِيرَاطًا قِيرَاطًا، ثُمَّ أُوتِينَا الْقُرْآنَ فَعَمِلْنَا إِلَى غُرُوبِ الشَّمْسِ فَأُعْطِينَا قِيرَاطَيْنِ قِيرَاطَيْنِ، فَقَالَ أَهْلُ الْكِتَابَيْنِ: أَيْ رَبَّنَا أَعْطَيْتَ هَؤُلَاءِ قِيرَاطَيْنِ قِيرَاطَيْنِ وَأَعْطَيْتَنَا قِيرَاطًا قِيرَاطًا وَنَحْنُ كُنَّا أَكْثَرَ عَمَلًا؟ قَالَ: قَالَ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ: هَلْ ظَلَمْتُكُمْ مِنْ أَجْرِكُمْ مِنْ شَيْءٍ؟ قَالُوا: لَا، قَالَ: فَهُوَ فَضْلِي أُوتِيهِ مَنْ أَشَاءُ . . .»
”. . . عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا` آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے کہ تم سے پہلے کی امتوں کے مقابلہ میں تمہاری زندگی صرف اتنی ہے جتنا عصر سے سورج ڈوبنے تک کا وقت ہوتا ہے۔ توراۃ والوں کو توراۃ دی گئی۔ تو انہوں نے اس پر (صبح سے) عمل کیا۔ آدھے دن تک پھر وہ عاجز آ گئے، کام پورا نہ کر سکے، ان لوگوں کو ان کے عمل کا بدلہ ایک ایک قیراط دیا گیا۔ پھر انجیل والوں کو انجیل دی گئی، انہوں نے (آدھے دن سے) عصر تک اس پر عمل کیا، اور وہ بھی عاجز آ گئے۔ ان کو بھی ایک ایک قیراط ان کے عمل کا بدلہ دیا گیا۔ پھر (عصر کے وقت) ہم کو قرآن ملا۔ ہم نے اس پر سورج کے غروب ہونے تک عمل کیا (اور کام پورا کر دیا) ہمیں دو دو قیراط ثواب ملا۔ اس پر ان دونوں کتاب والوں نے کہا۔ اے ہمارے پروردگار! انہیں تو آپ نے دو دو قیراط دئیے اور ہمیں صرف ایک ایک قیراط۔ حالانکہ عمل ہم نے ان سے زیادہ کیا۔ اللہ عزوجل نے فرمایا، تو کیا میں نے اجر دینے میں تم پر کچھ ظلم کیا۔ انہوں نے عرض کی کہ نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ پھر یہ (زیادہ اجر دینا) میرا فضل ہے جسے میں چاہوں دے سکتا ہوں . . .“ [صحيح البخاري/كِتَاب مَوَاقِيتِ الصَّلَاةِ/بَابُ مَنْ أَدْرَكَ رَكْعَةً مِنَ الْعَصْرِ قَبْلَ الْغُرُوبِ:: 557]
� تشریح:
اس حدیث سے حنفیہ نے دلیل لی ہے کہ عصر کا وقت دو مثل سائے سے شروع ہوتا ہے ورنہ جو وقت ظہر سے عصر تک ہے وہ اس وقت سے زیادہ نہیں ٹھہرے گا جو عصر سے غروب آفتاب تک ہے، حالانکہ مخالف کہہ سکتا ہے کہ حدیث میں عصر کی نماز سے غروب آفتاب تک کا وقت اس وقت سے کم رکھا گیا ہے جو دوپہر دن سے عصر کی نماز تک ہے۔ اور اگر ایک مثل سایہ پر عصر کی نماز ادا کی جائے جب بھی نماز سے فارغ ہونے کے بعد سے غروب تک جو وقت ہو گا وہ دوپہر سے تا بفراغت از نماز عصر کم ہو گا، کیونکہ نماز کے لیے اذان ہو گی، لوگ جمع ہوں گے، وضو کریں گے، سنتیں پڑھیں گے، اس کے علاوہ حدیث کا یہ مطلب ہو سکتا ہے کہ مسلمانوں کا وقت یہود ونصاریٰ کے مجموعی وقت سے کم تھا۔ اور اس میں کوئی شک نہیں۔
اس حدیث کو امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اس باب میں لائے اس کی مناسبت بیان کرنا مشکل ہے، حافظ نے کہا اس سے اور اس کے بعد والی حدیث سے یہ نکلتا ہے کہ کبھی عمل کے ایک جزو پر پوری مزدوری ملتی ہے اسی طرح جو کوئی فجر یا عصر کی ایک رکعت پا لے، اس کو بھی اللہ ساری نماز کا وقت پر پڑھنے کا ثواب دے سکتا ہے۔ (اس حدیث میں مسلمانوں کا ذکر بھی ہوا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ) کام تو کیا صرف عصر سے مغرب تک، لیکن سارے دن کی مزدوری ملی۔ وجہ یہ کہ انھوں نے شرط پوری کی، شام تک کام کیا، اور کام کو پورا کیا۔ اگلے دو گروہوں نے اپنا نقصان آپ کیا۔ کام کو ادھورا چھوڑ کر بھاگ گئے۔ محنت مفت گئی۔
یہ مثالیں یہود و نصاریٰ اور مسلمانوں کی ہیں۔ یہودیوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو مانا اور توراۃ پر چلے لیکن اس کے بعد انجیل مقدس اور قرآن شریف سے منحرف ہو گئے اورحضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو انھوں نے نہ مانا۔ اور نصاریٰ نے انجیل اور حضرت عیسیٰ کو مانا لیکن قرآن شریف اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے منحرف ہو گئے تو ان دونوں فرقوں کی محنت برباد ہو گئی۔ آخرت میں جو اجر ملنے والا تھا، اس سے محروم رہے۔ آخر زمانہ میں مسلمان آئے اور انہوں نے تھوڑی سی مدت کام کیا۔ مگر کام کو پورا کر دیا۔ اللہ تعالیٰ کی سب کتابوں اور سب نیبوں کو مانا، لہٰذا سارا ثواب ان ہی کے حصہ میں آ گیا۔ «ذلك فضل الله يوتيه من يشاءوالله ذوالفضل العظيم» (از حضرت مولانا وحیدالزماں خاں صاحب محدث حیدرآبادی رحمۃ اللہ علیہ)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 557
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3459
3459. حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، وہ رسول اللہ ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”تمھارا زمانہ پہلی امتوں کے مقابلے میں ایسا ہے جیسے عصر سے مغرب کا وقت ہے۔ تمھاری مثال، یہود و نصاریٰ کے ساتھ ایسی ہے جیسے کسی شخص نے چند مزدوروں کو اجرت پر رکھا اور ان سے کہا: تم میں سے کون ہے جو نصف دن تک ایک ایک قیراط پر میرا کام کرے؟ تو یہود نے آدھے دن تک ایک ایک قیراط کی مزدوری پر کام کرنا طے کر لیا۔ پھر اس نے کہا: کون ہے جو نصف دن سے عصر تک ایک ایک قیراط پر میرا کام کرے؟ تو عیسائیوں نے نصف دن سے عصر تک ایک قیراط پر کام کیا۔ پھر اس نے کہا: کون ہے جو نماز عصر سے غروب آفتاب تک دودوقیراط پر میرا کام کرے؟ دیکھو، تم وہ لوگ ہو جو نماز عصر سے غروب آفتاب تک دو دو قیراط پر کام کرتے ہو۔ تم آگاہ رہوکہ تمھاری مزدوری دوگنی ہے۔ (یہ دیکھ کر) یہود و نصاریٰ غصے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:3459]
حدیث حاشیہ:
یہود و نصاری اورمسلمان مذہبی دنیا کی یہ تین عظیم قومیں ہیں، جن کو آسمانی کتابیں دی گئی ہیں، ان کےعلاوہ دنیا کی دوسری قوموں میں بھی الہام ربانی کا القاء ہواہے مگر اب ان کی تاریخ مستند نہیں ہے۔
بہرحال یہ تین قومیں آج بھی دنیامیں اپنے قدیم دعاوی کےساتھ موجود ہیں جن میں مسلمان قوم ایک ایسے دین کی علم بردار ہےجو ناسخ الادیان ہونے کا مدعی ہے، ان کواللہ نےیہ فضیلت بخشی ہے کہ ہرنیک کام پر ان کونہ صرف دوگنا بلکہ د س گنا اجرملتاہے۔
حدیث میں یہی تمثیل بیان کی گئی ہے۔
قیراط چار جوکے برابر وزن کوکہتےہیں، بعض اعمال صالحہ کا ثواب دس سے بھی زیادہ کئی گنا تک ملتاہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3459
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5021
5021. سیدنا عمر بن خطاب ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”مسلمانو! گزشتہ امتوں کی عمر کے مقابلے میں تمہاری عمر ایسے ہے جیسے عصر سے غروب آفتاب تک کا وقت ہوتا ہے تمہاری اور یہود و نصاریٰ کی مثال ایسی ہے کہ کسی شخص نے کچھ مزدور کام پر لگائے اور ان سے کہا: ایک قیراط مزدوری پر میرا کام صبح سے دوپہر تک کون کرے گا؟ جو دوپہر سے عصر تک ایک قیراط مزدوری پر میرا کام کرے؟ تو یہ کام ںصاری نے کہا۔ پھر تم نے عصر سے مغرب تک دو، قیراط مزدوری پر کام کیا، یہود و نصارٰی نے کہا: ہم نے کام زیادہ کیا ہے لیکن اجرت کم ملی ہے اللہ تعالٰی نے فرمایا: کیا میں نے تمہارا کچھ حق مارا ہے؟ انہوں نے کہا نہیں (اللہ نے) فرمایا: یہ میرا فضل ہے جسے چاہوں عطا کروں۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5021]
حدیث حاشیہ:
مطلب یہ ہے کہ ان امتوں کی عمریں طویل تھیں اور تمہاری عمریں چھوٹی ہیں۔
اگلی امتوں کی عمر گویا طلوع آفتاب سے عصر تک ٹھہری اور تمہاری عصر سے لے کر مغرب تک جو اگلے وقت کی ایک چوتھائی ہے کام زیادہ کرنے سے یہود و نصاریٰ کا مجموعی وقت مراد ہے یعنی صبح سے لے کر عصر تک یہ اس وقت سے کہیں زائد ہے جو عصر سے لے کر مغرب تک ہوتا ہے۔
اب اس حدیث سے حنفیہ کا استدلال کہ عصر کی نمازکا وقت دو مثل سے شروع ہوتا ہے پورا نہ ہو گا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5021
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7533
7533. سیدنا ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گزشتہ امتوں کے مقابلے میں تمہاری بقا صرف اس قدر ہے جتنا عصر اور مغرب کے درمیان کا وقت۔ اہل تورات کو تورات دی گئی تو انہوں نے اس پر عمل کیا یہاں تک کہ دن آدھا ہوگیا اور وہ عاجز ہوگئے۔ انہیں اجرت کے طور پر ایک ایک قیراط دیا گیا۔ پھر اہل انجیل کو انجیل دی گئی تو انہوں نے اس پر عمل کیا یہاں تک کہ عصر کی نماز کا وقت ہوگیا۔ پھر وہ عاجز ہوگئے تو انہیں بھی ایک ایک قیراط دیا گیا۔ پھر تمہیں قرآن دیا گیا تو تم نے اس پر عمل کیا تاآنکہ مغرب کا وقت ہوگیا۔ تمہیں دو قیراط اجرت دی گئی۔ اہل کتاب نے کہا: ان لوگوں نے تھوڑا وقت کام کیا ہے لیکن انہیں اجرت زیادہ دی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”میں نے تمہارے حق سے کچھ کم تو نہیں کیا؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: یہ میرا افضل ہے میں جسے چاہوں دوں۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7533]
حدیث حاشیہ:
یعنی یہ نسبت یہود اورنصاریٰ کے دونوں کوملا کرمسلمانوں کا وقت بہت کم تھا جس میں انہوں نے کام کیا کیونکہ کہاں صبح سے لے کر عصر تک، کہاں عصرسے سورج ڈوبنےتک، اب حنفیہ کا یہ استدلال صحیح نہیں کہ عصر کا وقت دو مثل سایہ سے شروع ہوتا ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7533
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:557
557. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: ”سابقہ امتوں کے اعتبار سے تمہارا یہاں رہنا ایسے ہے، جیسے نماز عصر سے غروب آفتاب تک، چنانچہ اہل تورات کو تورات دی گئی تو انہوں نے دوپہر تک کام کیا، وہ تھک گئے تو انہیں ایک ایک قیراط دے دیا گیا۔ پھر اہل انجیل کو انجیل دی گئی تو انہوں نے نماز عصر تک کام کیا، وہ تھک گئے تو انہیں بھی ایک ایک قیراط دے دیا گیا۔ اس کے بعد ہم لوگوں کو قرآن دیا گیا تو ہم نے غروب آفتاب تک کام کیا، اس پر ہمیں دو دو قیراط دیے گئے۔ پھر اہل تورات اور اہل انجیل دونوں نے عرض کیا: اے پروردگار! تو نے مسلمانوں کو دو دو قیراط دیے اور ہمیں ایک ایک، جبکہ ہم نے کام ان سے زیادہ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: کیا میں نے مزدوری دینے میں تم پر کوئی زیادتی کی ہے؟ انہوں نے عرض کیا: نہیں، تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: یہ تو میرا فضل ہے جسے چاہتا ہوں، دیتا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:557]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئےعلامہ سندھی ؒ لکھتے ہیں:
امت محمدیہ کی یہ خصوصیت ہے کہ جو بھی نیکی کاکام غروب آفتاب تک کرے گی انھیں اس کا اجرو ثواب مکمل صورت میں ملے گا، چنانچہ اس امت کا جو فرد غروب آفتاب سے پہلے نماز عصر پڑھے گا، خواہ ایک رکعت ہی کیوں نہ ہو، اسے پوری نماز کا ثواب ملے گا۔
حدیث کی باب سے یہی مطابقت ہے۔
(حاشیة السندي: 106/1)
حافظ ابن حجر ؒ، مہلب کے حوالے سے لکھتے ہیں:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ بعض اوقات جزوی کام کرنے پر پورے کام کا اجر دیا جاتا ہے، کیونکہ عصر سے لے کر غروب آفتاب تک کام کرنے پر پورے دن کی اجرت عطا کی گئی۔
یہ بالکل ایسے ہے جیسے ایک رکعت پانے والے کو پوری نماز کا ثواب دیا جائے، نیز حدیث میں وہ جز اورعمل جس پر پورا اجر دیا گیا ہے دن کے چوتھائی حصے کا عمل ہے، یعنی نماز عصر سے غروب آفتاب تک کا عمل، دن کا ایک چوتھائی ہے، جس طرح اس چوتھائی وقت میں کام کرنے پر پورا اجر دیا گیا، اسی طرح ایک رکعت پانے والے کو چار رکعت پانے والے کی طرح قرار دیا گیا، گویا مثال اور ممثل لہ میں چوتھائی عمل کو پورا عمل قرار دینے کی بات مشترک ہے۔
(فتح الباري: 53/2)
اس حدیث سے امام بخاری ؒ کا مقصود منتہائے عصر کا بیان ہے، کیونکہ حدیث میں دن کو تین حصوں میں تقسیم کرکے اسے تین گروہوں کےساتھ مخصوص کیا گیا ہے:
پہلا حصہ صبح سے دوپہر تک یہود کے حق میں ہے، اس میں دوسرا کوئی شریک نہیں۔
پھر دوسرا حصہ ظہر سے عصر تک اہل انجیل کے حق میں ہے اور اس میں بھی کوئی شریک نہیں۔
پھر تیسرا حصہ عصر سے غروب آفتاب تک کا ہے۔
معلوم ہوا کہ جس طرح ظہر سے عصر تک کا وقت ایک ہے، اسی طرح عصر سے مغرب تک کا وقت بھی ایک رہنا چاہیے۔
اس سے امام بخاری ؒ کا مدعا ثابت ہوگیا کہ عصر کے وقت انتہاغروب آفتاب ہے۔
(2)
کچھ حضرات کا موقف ہے کہ اس حدیث کے پیش نظر عصر کا وقت دو مثل سایہ ہونے پر شروع ہونا چاہیے، کیونکہ اہل انجیل نے کہا کہ ہم نے زیادہ کام کیا ہے اور یہ اسی صورت میں درست ہوسکتا ہے جب ظہر سے عصر تک کا وقت، عصر سے مغرب تک کے وقت سے زیادہ ہو۔
اس مفروضے کا جواب علامہ کرمانی ؒ نے بایں طور دیا ہے کہ ہم اس بات کو تسلیم نہیں کرتے کہ اگر عصر کا وقت ایک مثل پر شروع ہوتو ظہر سے عصر تک کا وقت، عصر سے مغرب تک کے وقت سے کم رہتا ہے۔
اگر ایسا تسلیم بھی کرلیا جائے توبھی یہ کہاں ہے کہ دونوں گروہوں میں سے ہر گروہ کا کام مسلمانوں سے زیادہ ہے۔
بلکہ دونوں گروہوں کا کام ملا کر مسلمانوں کے کام سے زیادہ ہے۔
یہ بھی ہوسکتا ہے کہ پہلے گروہ کا کام زیادہ ہو اور دوسرے کا زیادہ نہ ہو لیکن تغلیباً دونوں گروہوں کےلیے ایک جیسے الفاظ استعمال کر لیے گئے۔
یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ کام کے زیادہ ہونے سے وقت کا زیادہ ہونا لازم نہیں آتا، کیونکہ کم وقت میں زیادہ کام ہوسکتا ہے۔
(شرح الکرماني: 202/2)
تاریخی اعتبار سے بھی یہ بات ثابت شدہ ہے کہ قلت و کثرت سے مراد وقت نہیں بلکہ کام ہے، کیونکہ حضرت عیسیٰ ؑ اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان چھ سوسال کا وقفہ ہے جبکہ رسول اللہ ﷺ سے اب تک 1432 سال گزر چکے ہیں، اس لیے کام کے زیادہ ہونے سے وقت کا زیادہ ہونا ضروری نہیں۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 557
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3459
3459. حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، وہ رسول اللہ ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”تمھارا زمانہ پہلی امتوں کے مقابلے میں ایسا ہے جیسے عصر سے مغرب کا وقت ہے۔ تمھاری مثال، یہود و نصاریٰ کے ساتھ ایسی ہے جیسے کسی شخص نے چند مزدوروں کو اجرت پر رکھا اور ان سے کہا: تم میں سے کون ہے جو نصف دن تک ایک ایک قیراط پر میرا کام کرے؟ تو یہود نے آدھے دن تک ایک ایک قیراط کی مزدوری پر کام کرنا طے کر لیا۔ پھر اس نے کہا: کون ہے جو نصف دن سے عصر تک ایک ایک قیراط پر میرا کام کرے؟ تو عیسائیوں نے نصف دن سے عصر تک ایک قیراط پر کام کیا۔ پھر اس نے کہا: کون ہے جو نماز عصر سے غروب آفتاب تک دودوقیراط پر میرا کام کرے؟ دیکھو، تم وہ لوگ ہو جو نماز عصر سے غروب آفتاب تک دو دو قیراط پر کام کرتے ہو۔ تم آگاہ رہوکہ تمھاری مزدوری دوگنی ہے۔ (یہ دیکھ کر) یہود و نصاریٰ غصے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:3459]
حدیث حاشیہ:
1۔
یہودونصاریٰ اور مسلمان مذہبی دنیا کی یہ تین قومیں ہیں جنھیں آسمانی کتابیں دی گئیں۔
ان کے علاوہ دوسری قوموں میں بھی الہام ربانی کا القا ہوا ہے مگر ان کی تاریخ مستند ذرائع سے مرتب نہیں ہوسکی۔
بہرحال یہ تین مذہبی قومیں دنیا میں اپنے قدیم دعووں کے ساتھ موجودہیںِ، جن میں مسلمان قوم ایک ایسے دین کی علمبردار ہے جس نے سابقہ تمام ادیان کو منسوخ کردیا ہے۔
انھیں اللہ تعالیٰ نے یہ برتری بخشی ہے کہ ہر نیک کرم کرنے پر ان کو نہ صرف دوگنا بلکہ دس گنا تک اجر ملتا ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
”جو کوئی اللہ کے ہاں نیکی لے کر آئے گا اسے اس کا دس گنا ثواب ملے گا۔
“ (الأنعام: 160/6)
بلکہ بعض اعمال صالحہ کا ثواب دس سے بھی زیادہ کئی سوگنا تک ملتا ہے۔
بعض اعمال ایسے ہیں جن کے اجر کے لیے کوئی پیمانہ مقرر نہیں بلکہ بلاحد وحساب اس کا اجر ملتا ہے۔
ارشادباری تعالیٰ ہے:
”بلاشبہ صبر کرنے والوں کو ان کا اجر بلاحساب دیا جائے گا۔
“ (الزمر 10/39)
احادیث کے مطابق روزہ بھی انھی اعمال سے ہے جن کا اجر اللہ تعالیٰ اپنی طرف سے بلاحساب دے گا۔
2۔
بہرحال اس حدیث میں یہود و نصاریٰ کا ایک کردار نمایاں طور پر بیان ہوا ہے، اس لیے امام بخاری ؒ نے اسے بیان کیا ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3459
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5021
5021. سیدنا عمر بن خطاب ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”مسلمانو! گزشتہ امتوں کی عمر کے مقابلے میں تمہاری عمر ایسے ہے جیسے عصر سے غروب آفتاب تک کا وقت ہوتا ہے تمہاری اور یہود و نصاریٰ کی مثال ایسی ہے کہ کسی شخص نے کچھ مزدور کام پر لگائے اور ان سے کہا: ایک قیراط مزدوری پر میرا کام صبح سے دوپہر تک کون کرے گا؟ جو دوپہر سے عصر تک ایک قیراط مزدوری پر میرا کام کرے؟ تو یہ کام ںصاری نے کہا۔ پھر تم نے عصر سے مغرب تک دو، قیراط مزدوری پر کام کیا، یہود و نصارٰی نے کہا: ہم نے کام زیادہ کیا ہے لیکن اجرت کم ملی ہے اللہ تعالٰی نے فرمایا: کیا میں نے تمہارا کچھ حق مارا ہے؟ انہوں نے کہا نہیں (اللہ نے) فرمایا: یہ میرا فضل ہے جسے چاہوں عطا کروں۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5021]
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث میں امت مرحومہ کی فضیلت میں بیان ہوئی ہے یہ فضیلت قرآن کریم پڑھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی وجہ سے ہے جب قرآن کی وجہ سے دوسروں پر برتری حاصل ہے تو اس میں قرآن کی بھی فضیلت ہے۔
اس سے بڑھ کر اور کوئی فضیلت نہیں۔
2۔
یہ بھی معلوم ہوا کہ گزشتہ امتوں کی عمریں بہت طویل تھیں اور ان کے مقابلے میں اس امت کی عمر بہت کم ہے گویا طلوع آفتاب سے عصر تک گزشتہ امتوں کی عمر ہے اور عصر سے مغرب تک کا وقت اس امت کی عمر ہے جو گزشتہ وقت کی ایک چوتھائی ہے۔
کام زیادہ کرنے سے یہود و نصاری کا مجموعی وقت مراد ہے یعنی صبح سے لے کر عصر تک۔
یہ اس وقت سے کہیں زیادہ ہے جو عصر سے مغرب تک ہوتا ہے۔
(فتح الباري: 85/9)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5021
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7533
7533. سیدنا ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گزشتہ امتوں کے مقابلے میں تمہاری بقا صرف اس قدر ہے جتنا عصر اور مغرب کے درمیان کا وقت۔ اہل تورات کو تورات دی گئی تو انہوں نے اس پر عمل کیا یہاں تک کہ دن آدھا ہوگیا اور وہ عاجز ہوگئے۔ انہیں اجرت کے طور پر ایک ایک قیراط دیا گیا۔ پھر اہل انجیل کو انجیل دی گئی تو انہوں نے اس پر عمل کیا یہاں تک کہ عصر کی نماز کا وقت ہوگیا۔ پھر وہ عاجز ہوگئے تو انہیں بھی ایک ایک قیراط دیا گیا۔ پھر تمہیں قرآن دیا گیا تو تم نے اس پر عمل کیا تاآنکہ مغرب کا وقت ہوگیا۔ تمہیں دو قیراط اجرت دی گئی۔ اہل کتاب نے کہا: ان لوگوں نے تھوڑا وقت کام کیا ہے لیکن انہیں اجرت زیادہ دی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”میں نے تمہارے حق سے کچھ کم تو نہیں کیا؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: یہ میرا افضل ہے میں جسے چاہوں دوں۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7533]
حدیث حاشیہ:
تورات وانجیل پر عمل کرنے میں ان دونوں کتابوں کو قراءت بھی شامل ہے۔
اس سے ثابت ہوا کہ قراءت ایک عمل ہے جو بندے کا فعل ہے اور اللہ تعالیٰ کا تخلیق کردہ ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث سے یہی ثابت کیا ہے کہ تلاوت، بندے کا فعل ہے اور متلو، یعنی جسے پڑھا گیا وہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے۔
واللہ أعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7533