ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے روایت کیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کعبہ کی طرف منہ کر اور تکبیر کہہ۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الصَّلَاةِ/حدیث: Q399]
ہم سے عبداللہ بن رجاء نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے اسرائیل بن یونس نے بیان کیا، کہا انہوں نے ابواسحاق سے بیان کیا، کہا انہوں نے براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سولہ یا سترہ ماہ تک بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نمازیں پڑھیں اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم (دل سے) چاہتے تھے کہ کعبہ کی طرف منہ کر کے نماز پڑھیں۔ آخر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی ” ہم آپ کا آسمان کی طرف باربار چہرہ اٹھانا دیکھتے ہیں۔ پھر آپ نے کعبہ کی طرف منہ کر لیا اور احمقوں نے جو یہودی تھے کہنا شروع کیا کہ انہیں اگلے قبلہ سے کس چیز نے پھیر دیا۔ آپ فرما دیجیئے کہ اللہ ہی کی ملکیت ہے مشرق اور مغرب، اللہ جس کو چاہتا ہے سیدھے راستے کی ہدایت کر دیتا ہے۔ “(جب قبلہ بدلا تو) ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی پھر نماز کے بعد وہ چلا اور انصار کی ایک جماعت پر اس کا گزر ہوا جو عصر کی نماز بیت المقدس کی طرف منہ کر کے پڑھ رہے تھے۔ اس شخص نے کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ وہ نماز پڑھی ہے جس میں آپ نے موجودہ قبلہ (کعبہ) کی طرف منہ کر کے نماز پڑھی ہے۔ پھر وہ جماعت (نماز کی حالت میں ہی) مڑ گئی اور کعبہ کی طرف منہ کر لیا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الصَّلَاةِ/حدیث: 399]
صلى إلى بيت المقدس ستة عشر شهرا أو سبعة عشر شهرا وكان يعجبه أن تكون قبلته قبل البيت وأنه صلى أو صلاها صلاة العصر وصلى معه قوم فخرج رجل ممن كان صلى معه فمر على أهل المسجد وهم راكعون قال أشهد بالله لقد صليت مع النبي قبل مكة فداروا كما هم
صلى قبل بيت المقدس ستة عشر شهرا أو سبعة عشر شهرا وكان يعجبه أن تكون قبلته قبل البيت وأنه صلى أول صلاة صلاها صلاة العصر وصلى معه قوم فخرج رجل ممن صلى معه فمر على أهل مسجد وهم راكعون فقال أشهد بالله لقد صليت مع رسول الله قبل مكة فداروا كم
صلى نحو بيت المقدس ستة أو سبعة عشر شهرا وكان رسول الله يحب أن يوجه إلى الكعبة فأنزل الله قد نرى تقلب وجهك في السماء فلنولينك قبلة ترضاها فول وجهك شطر المسجد الحرام
قدم رسول الله المدينة فصلى نحو بيت المقدس ستة عشر شهرا ثم وجه إلى الكعبة فمر رجل قد كان صلى مع النبي على قوم من الأنصار فقال أشهد أن رسول الله قد وجه إلى الكعبة فانحرفوا إلى الكعبة
فصلى نحو بيت المقدس ستة عشر شهرا ثم إنه وجه إلى الكعبة فمر رجل قد كان صلى مع النبي على قوم من الأنصار فقال أشهد أن رسول الله قد وجه إلى الكعبة فانحرفوا إلى الكعبة
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 399
حدیث حاشیہ: بیان کرنے والے عبادبن بشرنامی ؓ ایک صحابی تھے اوریہ بنی حارثہ کی مسجد تھی جس کو آج بھی مسجدالقبلتین کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ راقم الحروف کو ایک مرتبہ1951 ءمیں اوردوسری مرتبہ 1962 ءمیں یہ مسجددیکھنے کا شرف حاصل ہوا۔ قباوالوں کو دوسرے دن خبرہوئی تھی وہ فجر کی نماز پڑھ رہے تھے اورنماز ہی میں کعبہ کی طرف گھوم گئے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 399
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:399
حدیث حاشیہ: 1۔ اس روایت سے استقبال قبلہ کی اہمیت کا پتہ چلتا ہے کہ واقعہ مذکور میں دورکعات پڑھی جاسکتی تھیں، جب معلوم ہواکہ قبلے کے متعلق تبدیلی کا حکم آچکا ہے، اب یہ نہیں ہواکہ اس نماز کو ناتمام چھوڑ کرنئے سرے سے بیت اللہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے اور یہ بھی نہیں ہوا کہ اس نماز کو بیت المقدس ہی کی طرف رخ کیے ہوئے پورا کرلیتے بلکہ استقبال کعبہ کی اہمیت کے پیش نظر دوران نماز ہی میں اسی وقت رخ بدل دیا گیا، حالانکہ اس تبدیلی میں یقیناً بہت زیادہ دشواری ہوئی ہوگی، خاص طور پر امام کے لیے بہت مشکل تھا، کیونکہ بیت المقدس کی طرف نماز پڑھنے میں رخ شمال کی طرف تھا اور اب اس کے برعکس جنوب کی طرف متوجہ ہونا پڑا۔ بہرحال دشواری تویقیناً ہوئی، لیکن قبلہ اسی حالت میں درست کیا گیا۔ حافظ ابن حجر ؒ نے اس تحویل کی کیفیت بایں الفاظ بیان کی ہے: ”امام مسجد کے اگلے حصے سے پچھلے حصے کی طرف منتقل ہوا کیونکہ وہیں کھڑے کھڑے رخ پھیرلیا جاتا تو آدمیوں کے لیے پیچھے کھڑے ہونے کی جگہ نہ تھی،پھرآدمیوں نے اپنے رخ تبدیل کیے،عورتیں چل کرآدمیوں کے پیچھے آئیں۔ “(فتح الباری: 656/1) 2۔ رسول اللہ ﷺ جب مکہ سے مدینہ تشریف لائے تو مدینے میں اکثر یہودی آباد تھے جو بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھتے تھے۔ آپ کو کیا حکم ہوا کہ بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھیں، اس سے یہودی بہت خوش ہوئے، لیکن آپ کی دلی خواہش تھی کہ قبلہ ابراہیم ؑ یعنی بیت اللہ کی طرف منہ کرکے نماز پڑھیں، چنانچہ آپ آسمان کی طرف منہ کیے اس حکم کا انتظار کرتے۔ آپ کو تبدیلی قبلہ کا اس لیے بھی انتظار رہتا کہ یہودی اکثر کہا کرتے تھے کہ یہ نبی دیگراحکام میں ہماری مخالفت کرنے کے باوجود ہمارے قبلے کی طرف منہ کرکے نماز پڑھنے پر مجبورہے۔ بالاخر سترماہ کے بعد تحویل قبلہ کا حکم آگیا۔ رسول اللہ ﷺ کو بیت المقدس کی طرف رخ کرنے کا بھی حکم ہواتھا۔ وہ آپ کااجتہاد یا اہل کتاب کی تالیف قلبی کی خاطر نہ تھا۔ بعض روایات سے پتہ چلتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ مکہ مکرمہ ہی میں تھے کہ آپ کو بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنے کا حکم دیا گیا۔ مکہ مکرمہ میں تین سال اسی طرح منہ کرکے نماز پڑھتے رہے اور نماز پڑھتے وقت آپ کعبے کو بھی اپنے سامنے کرلیتے، لیکن مدینہ پہنچ کر ایسا ممکن نہیں تھا، کیونکہ بیت اللہ اور بیت المقدس کی سمتیں باہم مخالف ہوگئیں تھیں، اس لیے آپ کو انتظار رہتا کہ کب اللہ تعالیٰ اس کی تبدیلی کا حکم دے، بالآخر آپ کی خواہش کے مطابق تبدیلی قبلہ کا حکم آگیا۔ (فتح الباري: 651/1) 3۔ تحویل قبلہ کا حکم کس مسجد اور کس نماز میں ہوا؟اس کے متعلق مختلف روایات ہیں: طبقات ابن سعد میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنی مسجد میں نماز ظہر پڑھا رہے تھے کہ تحویل کعبہ کے متعلق وحی آئی۔ آپ نے دوران نماز ہی میں کعبے کی طرف منہ کرلیا۔ یہ بھی کہاجاتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن حضرت بشر بن براء ؓ کی والدہ کے ہاں قبیلہ بنو سلمہ میں گئے تو اس نے آپ کے لیے دعوت طعام کا اہتمام کیا، وہیں نماز ظہر کا وقت ہوگیا تو آپ نے بنو سلمہ کی مقامی مسجد ہی میں نماز پڑھنے کا پروگرام بنایا، ابھی دورکعت ہی پڑھی تھیں کہ کعبے کی طرف منہ کرکے نماز پڑھنے کاحکم آگیا، چنانچہ آپ دوران نماز ہی میں بیت اللہ کی طرف پھرگئے، اس بنا پر مسجد بنو سلمہ کا نام مسجد قبلتین مشہور ہوا، کیونکہ اس مسجد میں ایک ہی نماز دوقبلوں کی طرف منہ کرکے مکمل کی گئی۔ حضرت بشر بن عباد وہاں نماز پڑھ کرعصر کے وقت بنوحارثہ کی مسجد میں گئے تو وہ عصر کی دورکعت پڑھ چکے تھے۔ آپ نے دوران نماز ہی میں نمازیوں کو تبدیلی کعبہ کی اطلاع کردی تو انھوں نے بھی اسی حالت میں قبلے کی طرف منہ کرلیا۔ (فتح الباري: 651/1) چونکہ بنو حارثہ مدینے کے اندر ہی آباد تھے، اس لیے انھیں نماز عصر کے وقت اطلاع ہوگئی۔ البتہ اہل قباء جو مدینے کے باہر تھے، کے پاس صبح کی نماز کے دوران میں اطلاع پہنچی۔ انھوں نے بھی دوران نماز ہی میں بیت اللہ کی طرف منہ کرلیا۔ (فتح الباري: 655- 656/1)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 399
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 489
´قبلہ کی فرضیت کا بیان۔` براء بن عازب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سولہ یا سترہ مہینہ بیت المقدس کی طرف رخ کر کے نماز پڑھی، یہ شک سفیان کی طرف سے ہے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم قبلہ (خانہ کعبہ) کی طرف پھیر دئیے گئے۔ [سنن نسائي/كتاب الصلاة/حدیث: 489]
489 ۔ اردو حاشیہ: حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما انصاری صحابی ہیں۔ ظاہر ہے انہوں نے ہجرت تک کے بعد ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نمازیں پڑھیں۔ تو حدیث کا مطلب یہ ہوا کہ ہجرت سے سولہ سترہ ماہ بعد تک قبلہ بیت القدس ہی رہا۔ 15رجب یا شعبان 2ہجری میں بیت اللہ کو قبلہ مقرر کیا گیا۔ قبلے سے متعلق تفصیلی احکام و مسائل کے لیے کتاب القبلۃ کا ابتدائی ملاحظہ فرمائیں۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 489
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 490
´قبلہ کی فرضیت کا بیان۔` براء بن عازب رضی اللہ عنہم کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ آئے تو آپ نے سولہ مہینہ تک بیت المقدس کی طرف رخ کر کے نماز پڑھی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کعبہ کی طرف پھیر دئیے گئے، تو ایک آدمی جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھ چکا تھا، انصار کے کچھ لوگوں کے پاس سے گزرا تو اس نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کعبہ کی طرف پھیر دئیے گئے ہیں، (لوگوں نے یہ سنا) تو وہ بھی قبلہ کی طرف پھر گئے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الصلاة/حدیث: 490]
490 ۔ اردو حاشیہ: ➊انصار کے اس قبیلے کا نام بنوحارثہ تھا۔ ➋انصار کا نماز ہی میں بیت اللہ کی طرف رخ کرنا تمام نمازیوں کے لیے کچھ نہ کچھ حرکات کا باعث بنا کیونکہ بیت اللہ، بیت المقدس سے بالکل مخالف جانب ہے۔ ظاہر ہے امام کو صفیں چیر کر دوسری جانب آنا پڑا اور مقتدیوں کو بھی صفیں بدلنی پڑیں۔ معلوم ہوا کہ نماز کی اصلاح کے لیے جو بھی حرکت کرنی پڑے، وہ نماز کے فساد کا موجب نہیں، قلیل ہو یا کثیر۔ ➌ثابت ہوا کہ خبرواحد حجت ہے۔ ➍کسی حکم کے علم سے قبل اس حکم کا اطلاق نہیں ہوتا کیونکہ تبدیلی قبلہ کا حکم تو اس قبیلے کے نماز شروع کرنے سے قبل آچکا تھا مگر چونکہ ان کو علم نماز کے دوران میں ہوا، لہٰذا پہلے سے پڑھی ہوئی نماز جو دوسرے قبلے کی طرف تھی، فاسد نہیں ہوئی۔ ➎یہ بات اختلافی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بیت المقدس کی طرف نماز پڑھنا وحی سے تھا یا اہل کتاب سے موافقت کی بنا پر۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 490
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 743
´قبلہ رخ ہونے کا بیان۔` براء بن عازب رضی اللہ عنہم کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے تو آپ نے سولہ ماہ تک بیت المقدس کی جانب نماز پڑھی، پھر آپ خانہ کعبہ کی طرف پھیر دیئے گئے، ایک شخص جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھ چکا تھا، انصار کے کچھ لوگوں کے پاس سے گزرا تو اس نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا رخ کعبہ کی طرف کر دیا گیا ہے، وہ لوگ (یہ سنتے ہی نماز کی حالت میں) کعبہ کی طرف پھر گئے۔ [سنن نسائي/كتاب القبلة/حدیث: 743]
743 ۔ اردو حاشیہ: دیکھیے سنن نسائی حدیث: 489، 490۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 743
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2962
´سورۃ البقرہ سے بعض آیات کی تفسیر۔` براء بن عازب رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ سے مدینہ تشریف لے آئے تو سولہ یا سترہ مہینے تک آپ بیت المقدس کی طرف رخ کر کے نماز پڑھتے رہے، حالانکہ آپ کی خواہش یہی تھی کہ قبلہ کعبہ کی طرف کر دیا جائے، تو اللہ نے آپ کی اس خواہش کے مطابق «قد نرى تقلب وجهك في السماء فلنولينك قبلة ترضاها فول وجهك شطر المسجد الحرام»”ہم آپ کے چہرے کو باربار آسمان کی طرف اٹھتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، اب ہم آپ کو اس قبلہ کی جانب پھیر دیں گے جس سے آپ خوش ہو جائیں، آپ اپنا منہ مسجد الحرام کی طرف پھیر لیں“(البقرہ: ۱۴۴)، پھر آپ کعبہ کی طرف پھیر ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 2962]
اردو حاشہ: وضاحت: 1؎: ہم آپﷺ کے چہرے کو بار بار آسمان کی طرف اٹھتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، اب ہم آپﷺ کو اس قبلہ کی جانب پھیر دیں گے جس سے آپ خوش ہو جائیں، آپ اپنا منہ مسجد حرام کی طرف پھیر لیں (البقرۃ: 144)
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2962
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4486
4486. حضرت براء ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے بیت المقدس کی طرف منہ کر کے سولہ یا سترہ مہینے تک نماز پڑھی، البتہ آپ کی خواہش تھی کہ قبلہ، بیت اللہ (کعبہ) ہو جائے۔ بالآخر آپ نے ایک دن نماز عصر (بیت اللہ کی طرف رخ کر کے) پڑھی اور آپ کے ہمراہ صحابہ کرام ؓ بھی تھے۔ جن حضرات نے آپ کے ہمراہ یہ نماز پڑھی تھی، ان میں سے ایک شخص مدینہ طیبہ کی ایک مسجد کے قریب سے گزرا تو نمازی مسجد میں بحالت رکوع تھے۔ اس (صحابی) نے کہا: میں اللہ کا نام لے کر گواہی دیتا ہوں کہ میں نے نبی ﷺ کے ہمراہ مکہ کی طرف منہ کر کے نماز پڑھی ہے۔ یہ سن کر مسجد کے تمام نمازی اسی حالت میں بیت اللہ کی طرف پھر گئے۔ (سلام کے بعد آپس میں) کہنے لگے کہ جو حضرات کعبہ کے قبلہ بننے سے قبل انتقال کر گئے ہیں ان کے متعلق ہم کیا کہیں؟ اس پر یہ آیت نازل ہوئی: "اللہ تعالٰی ایسا نہیں کہ تمہارے ایمان (نمازوں) کو ضائع کر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:4486]
حدیث حاشیہ: یہ حدیث کتاب الصلٰوۃ میں گذر چکی ہے۔ یعنی اللہ ایسا نہیں کرے گا کہ تمہاری نمازوں کو جو بیت المقدس کی طرف منہ کر کے پڑھی گئی ہیں ضائع کردے، ان کا ثواب نہ دے۔ ہوایہ کہ جب قبلہ بدلاتومشرکین مکہ کہنے لگے کہ اب محمد ﷺ رفتہ رفتہ ہمارے طریقہ پر آچلے ہیں۔ چند روز میں یہ پھر اپنا آبائی دین اختیار کرلیں گے۔ منافق کہنے لگے کہ اگر پہلاقبلہ حق تھا تو یہ دوسرا قبلہ باطل ہے۔ اہل کتاب کہنے لگے اگر یہ سچے پیغمبر ہوتے تو اگلے پیغمبروں کی طرح اپناقبلہ بیت المقدس ہی کو بنا تے۔ اسی قسم کی بیہودہ باتیں بنا نے لگے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے آیات ﴿سَيَقُولُ السُّفَهَاءُ مِنَ النَّاسِ﴾(البقرہ: 142) کو نازل فرمایا۔ آیت میں لفظ عبادت کو ایمان کہا گیا ہے جس سے اعمال صالحہ اور ایمان میں یکسانیت ثابت ہوتی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4486
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 40
40. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ جب (ہجرت کر کے) مدینہ تشریف لائے تو پہلے اپنے ددھیال یا ننھیال، جو انصار سے تھے، کے ہاں اترے اور (مدینے میں) سولہ یا سترہ مہینے بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے رہے، البتہ آپ چاہتے تھے کہ آپ کا قبلہ کعبے کی طرف ہو جائے (چنانچہ ہو گیا)۔ اور پہلی نماز جو آپ نے (کعبے کی طرف) پڑھی، وہ عصر کی نماز تھی اور آپ کے ہمراہ کچھ اور لوگ بھی تھے، پھر ان میں سے ایک شخص نکلا اور کسی مسجد والوں کے پاس سے اس کا گزر ہوا، وہ (بیت المقدس کی طرف منہ کیے ہوئے) رکوع کی حالت میں تھے تو اس نے کہا: میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ مکے کی طرف نماز پڑھی ہے۔ (یہ سنتے ہی) وہ لوگ جس حالت میں تھے اسی حالت میں بیت اللہ کی طرف پھر گئے۔ اور جب آپ بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے تھے تو یہودی اور۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:40]
حدیث حاشیہ: مبارک خواب: ایمان میں اعمال صالحہ بھی داخل ہیں، یہ بحث پیچھے بھی مفصل آچکی ہے مگروہاں یہ آیت نہ تھی الحمدللہ ایک رات تہجد کے وقت خواب میں مجھ کو باربار تاکید کے ساتھ یہ آیت پڑھ کر کہا گیا کہ اس کو یہاں بھی لکھو چنانچہ حدیث 39 میں یہ آیت میں نے اسی خواب کی بنا پر نقل کی ہے: ﴿وَكَفَىٰ بِهِ شَهِيدًا﴾(راز)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 40
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7252
7252. سیدنا براء ؓ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا: جب رسول اللہ ﷺ مدینہ طیبہ تشریف لائے تو آپ سولہ یا سترہ ماہ بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھتے رہے لیکن آپ کی خواہش تھی کہ بیت اللہ کی طرف منہ کریں، پھر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی: ”یقیناً ہم آپ کے چہرے کا بار بار آسمان کی طرف اٹھنا دیکھتے ہیں، ہم آپ کو اس قبیلے کی طرف ضرور پھیر دیں گے جسے آپ پسند کرتے ہیں۔“ چنانچہ آپ کا رخ کعبے کی طرف پھیر دیا گیا۔ آپ کے ساتھ ایک آدمی نے عصر کی نماز پڑھی، پھر وہ انصار کی ایک جماعت کے پاس گزرا تو کہا: وہ گواہی دیتا ہے کہ اس نے نبی ﷺ کے ہمراہ نماز پڑھی ہے اور آپ کے کعبے کی طرف منہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، چنانچہ یہ سن کر وہ لوگ کعبہ رخ ہوگئے حالانکہ وہ نماز عصر کے رکوع میں تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7252]
حدیث حاشیہ: یہ واقعہ تحویل کے پہلے دن مسجد نبوی بنی حارث یعنی مسجد قبلتین کا ہے۔ بعض روایتوں میں ظہر کی نماز مذکور ہے اور اگلی حدیث کا واقعہ دوسرے روز کا مسجد قبا کا ہے تو دونوں روایتوں میں اختلاف نہیں رہا۔ باب کی مطابقت ظاہر ہے کہ خبر واحد کو تسلیم کر کے اس پر جمہور صحابہ نے عمل کیا۔ جو لوگ خبر واحد کے منکر ہیں وہ جمہور صحابہ کے طرز عمل سے منکر ہیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7252
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:40
40. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ جب (ہجرت کر کے) مدینہ تشریف لائے تو پہلے اپنے ددھیال یا ننھیال، جو انصار سے تھے، کے ہاں اترے اور (مدینے میں) سولہ یا سترہ مہینے بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے رہے، البتہ آپ چاہتے تھے کہ آپ کا قبلہ کعبے کی طرف ہو جائے (چنانچہ ہو گیا)۔ اور پہلی نماز جو آپ نے (کعبے کی طرف) پڑھی، وہ عصر کی نماز تھی اور آپ کے ہمراہ کچھ اور لوگ بھی تھے، پھر ان میں سے ایک شخص نکلا اور کسی مسجد والوں کے پاس سے اس کا گزر ہوا، وہ (بیت المقدس کی طرف منہ کیے ہوئے) رکوع کی حالت میں تھے تو اس نے کہا: میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ مکے کی طرف نماز پڑھی ہے۔ (یہ سنتے ہی) وہ لوگ جس حالت میں تھے اسی حالت میں بیت اللہ کی طرف پھر گئے۔ اور جب آپ بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے تھے تو یہودی اور۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:40]
حدیث حاشیہ: 1۔ اس سے مراد ان لوگوں کی تردید کرنا ہے جو کہتے ہیں کہ اعمال کا ایمان سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ایمان میں کمی بیشی ہوتی ہے حالانکہ قرآن کریم میں نماز کو ایمان سے تعبیر کیا گیا ہے اس سے معلوم ہوا کہ ایمان اور نماز کا خصوصی تعلق ہے کیونکہ نماز ایمان کا عظیم شعار ہے بندے اور کفر کے درمیان حد فاصل ہے، دین کا مستحکم ستون ہے، اس تعلق کی وجہ سے صلاۃ گویا عین ایمان ہے۔ جب یہ عمل ایمان ٹھہرا تو اس میں کمی بیشی بھی ممکن ہے۔ نماز پر ایمان کا اطلاق، اطلاق الکل علی الجزء ہے لہٰذا ایمان کے لیے نماز ایک جز ثابت ہوئی۔ ھذا ھوالمقصود2۔ اس حدیث سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ پہلی وہ نماز جو بیت اللہ کی طرف منہ کر کے ادا کی گئی نماز عصر تھی روایات کی رو سے وہ نماز ظہر تھی۔ دراصل واقعات یہ ہیں کہ بنو سلمہ جو مسجد نبوی سے تین میل کے فاصلے پر رہائش پذیر تھے وہاں حضرت بشر بن براء کی وفات ہوگئی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وہاں جنازے کے لیے تشریف لے گئے۔ وہیں نماز ظہر کا وقت ہو گیا تو آپ نے ظہر کی نماز مسجد بنو سلمہ میں اد افرمائی دو رکعت پڑھنے کے بعد تحویل قبلہ کا حکم آ گیا۔ آپ اور آپ کے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین اسی حالت میں بیت اللہ کی جانب متوجہ ہو گئے۔ اس مسجد کا نام مسجد قبلتین ہے۔ آج بھی اس مسجد میں دو محرابیں ہیں۔ اس کے بعد وہ پہلی نماز جو پوری بیت اللہ کی طرف منہ کر کے ادا کی گئی وہ نماز عصر تھی جو مسجد نبوی میں ادا ہوئی پھر ان کی وساطت سے دوسری مساجد تک اطلاع پہنچی چنانچہ ایک آدمی مسجد بنی حارثہ کے پاس سے گزرا تو وہ ابھی نماز عصر پڑھ رہے تھے انھیں دوران نماز میں تحویل قبلہ کی اطلاع دی گئی وہ بلا تردد گھوم گئے۔ پھر اگلے دن مدینے سے باہر اہل قباء کو نماز فجر کے وقت اطلاع ملی۔ اب ان مختلف روایات (ظہر عصر اور فجر) میں تطبیق دی جا سکتی ہے۔ (فتح الباري: 1؍ 131، 651) 3۔ روایت کے آخر میں زہیر راوی کا ایک طریق ہے جسے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے کتاب التفسیر (حدیث نمبر: 4488) میں متصلا ذکر فرمایا ہے۔ اس میں تحویل قبلہ سے پہلے چند صحابہ کے مقتول ہونے کا ذکر ہے۔ حالانکہ اس وقت تک کوئی جنگ وغیرہ نہیں ہوئی تھی لیکن ضروری نہیں کہ جنگ ہی سے قتل کا واقعہ پیش آئے کفار سے دشمنی کی وجہ سے بھی قتل کی نوبت آسکتی ہے۔ ان صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کی تعداد جو تحویل قبلہ سے پہلے فوت ہوئے دس ہے تین مکہ مکرمہ میں عبد اللہ بن شہاب، مطلب بن ازہر اور سکران بن عمرو عامری اور پانچ حبشہ میں خطاب بن حارث، عمرو بن امیہ، عبد اللہ بن حارث، عمروبن عبد العزیٰ اور عدی بن نضلہ اور مدینہ منورہ میں براء بن معرور اور اسعد بن زرارۃ رضی اللہ تعالیٰ عنہم ان حضرات کے متعلق تشویش تھی جس کا روایت میں ذکر ہے چنانچہ آیت کے نزول سے تسلی ہو گئی۔ (فتح الباري: 132/1) 4۔ اس حدیث سے خبرواحد کی حجیت کا بھی پتہ چلتا ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین نے ایک قطعی چیز کومحض ایک صحابی کے حلفیہ بیان سے بدل دیا۔ اس کا مطلب ہے کہ بعض اوقات خبر واحد بھی قطعیت کا فائدہ دیتی ہے بالخصوص جب مقرون بالقرائن ہو۔ اگرچہ یقین کے مراتب مختلف ہوتے ہیں تاہم فقہاء کا یہ کہنا محل نظرہے کہ خبر واحد ہر وقت ظن کا فائدہ دیتی ہے۔ حدیث فقہاء کے اس خود ساختہ اصول کی تردید کرتی ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 40
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4486
4486. حضرت براء ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے بیت المقدس کی طرف منہ کر کے سولہ یا سترہ مہینے تک نماز پڑھی، البتہ آپ کی خواہش تھی کہ قبلہ، بیت اللہ (کعبہ) ہو جائے۔ بالآخر آپ نے ایک دن نماز عصر (بیت اللہ کی طرف رخ کر کے) پڑھی اور آپ کے ہمراہ صحابہ کرام ؓ بھی تھے۔ جن حضرات نے آپ کے ہمراہ یہ نماز پڑھی تھی، ان میں سے ایک شخص مدینہ طیبہ کی ایک مسجد کے قریب سے گزرا تو نمازی مسجد میں بحالت رکوع تھے۔ اس (صحابی) نے کہا: میں اللہ کا نام لے کر گواہی دیتا ہوں کہ میں نے نبی ﷺ کے ہمراہ مکہ کی طرف منہ کر کے نماز پڑھی ہے۔ یہ سن کر مسجد کے تمام نمازی اسی حالت میں بیت اللہ کی طرف پھر گئے۔ (سلام کے بعد آپس میں) کہنے لگے کہ جو حضرات کعبہ کے قبلہ بننے سے قبل انتقال کر گئے ہیں ان کے متعلق ہم کیا کہیں؟ اس پر یہ آیت نازل ہوئی: "اللہ تعالٰی ایسا نہیں کہ تمہارے ایمان (نمازوں) کو ضائع کر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:4486]
حدیث حاشیہ: جب تحویل قبلہ ہوا تو ومشرکین اور منافقین و یہود نے طرح طرح کی باتیں کرنا شروع کردیں۔ مشرکین مکہ کہنے لگے۔ اب محمد (صلی اللہ علیه وسلم) رفتہ رفتہ ہمارے طریقے کو اختیار کر رہے ہیں۔ چند دنوں کے بعد نیا دین چھوڑ کر اپنے آبائی دین کو اختیار کرلیں گے مدینہ طیبہ کے منافقین کہنے لگے۔ اگر پہلا قبلہ صحیح تھا تو دوسرا قبلہ غلط ہے اور اگردوسرا صحیح ہے تو پہلا غلط تھا۔ اسی طرح اہل کتاب کہنے لگے۔ اگر یہ سچے رسول اللہ ﷺ! ہوتے تو پہلے انبیاء ؑ کی طرح بیت المقدس ہی کو قبلہ بناتے۔ اسی طرح یہ سب مل کر بے ہودہ اور فضول باتیں کرنے لگے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی فضول باتوں کے جواب میں یہ آیات نازل فرمائیں۔ "عنقریب بے وقوف لوگ کہیں گے۔ ۔ ۔ "آخر تک۔ (فتح الباري: 215/8) 2۔ واضح رہے کہ آیت کریمہ میں نمازوں کو ایمان سے تعبیر کیا گیا ہے جس سے ایمان اور اعمال میں یکسانیت معلوم ہوتی ہے۔ ثابت ہوا کہ ایمان کوئی جامد چیز نہیں جس میں کمی و بیشی نہ ہو بلکہ اطاعت سے اس میں اضافہ اور نافرمانی سے اس میں کمی آجاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مذکورہ آیت میں اہل ایمان کوتسلی دی ہے کہ ان کی نمازیں ضائع نہیں ہوئیں بلکہ انھیں ان کی نمازوں کا بھرپور بدلہ دیا جائے گا۔ اس آیت میں نماز کو ایمان سے تعبیر کیا گیا ہے کیونکہ نماز کے بغیر ایمان کی کوئی حیثیت نہیں۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4486
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4492
4492. حضرت براء ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ہم نے نبی ﷺ کے ہمراہ سولہ یا سترہ مہینے تک بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھی، پھر اللہ تعالٰی نے آپ کو خانہ کعبہ کی طرف منہ کرنے کا حکم دیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4492]
حدیث حاشیہ: تحویل قبلہ کا حکم رجب یا شعبان 2 ہجری میں نازل ہوا۔ ہوایوں کہ قبیلہ بنوسلمہ میں بشر بن براء ؓ کا انتقال ہو گیا تو آپ وہاں جنازے کے لیے تشریف لے گئے۔ یہ مقام مسجد نبوی سے تین میل کے فاصلے پر تھا۔ جنازے سے فراغت کے بعد آپ سے کھانا کھانے کی درخواست کی گئی۔ اتنے میں ظہر کا وقت ہو گیا تو آپ نے ظہر کی نماز مسجد بنو سلمہ میں ادا فرمائی دوران نماز وحی کے ذریعے سے آپ کو تحویل قبلہ کا حکم دیا گیا تو اسی وقت آپ نے اور آپ کے پیرو کار بیت المقدس سے کعبے کی طرف پھر گئے۔ چونکہ آپ بارہ ربیع الاول بروز پیر مدینہ طیبہ ہجرت کر کے تشریف لائے تھے اس بنا پر کسر کو شمار کریں تو سترہ اور کسر کو حذف کریں تو سولہ ماہ بنتے ہیں۔ واللہ اعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4492
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7252
7252. سیدنا براء ؓ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا: جب رسول اللہ ﷺ مدینہ طیبہ تشریف لائے تو آپ سولہ یا سترہ ماہ بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھتے رہے لیکن آپ کی خواہش تھی کہ بیت اللہ کی طرف منہ کریں، پھر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی: ”یقیناً ہم آپ کے چہرے کا بار بار آسمان کی طرف اٹھنا دیکھتے ہیں، ہم آپ کو اس قبیلے کی طرف ضرور پھیر دیں گے جسے آپ پسند کرتے ہیں۔“ چنانچہ آپ کا رخ کعبے کی طرف پھیر دیا گیا۔ آپ کے ساتھ ایک آدمی نے عصر کی نماز پڑھی، پھر وہ انصار کی ایک جماعت کے پاس گزرا تو کہا: وہ گواہی دیتا ہے کہ اس نے نبی ﷺ کے ہمراہ نماز پڑھی ہے اور آپ کے کعبے کی طرف منہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، چنانچہ یہ سن کر وہ لوگ کعبہ رخ ہوگئے حالانکہ وہ نماز عصر کے رکوع میں تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7252]
حدیث حاشیہ: یہ واقعہ تحویل قبلہ کے پہلے دن کا ہے انصارکے قبیلے بنو حارث کی مسجد "قبلتین" آج بھی موجود ہے۔ ایک شخص کی خبر سن کر جمہور صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے حالت نماز میں اپنا رخ کعبے کی طرف کر لیا۔ اس بنا پر خبر واحد حجت ہے اور جو لوگ اس کی حجیت کے منکر ہیں وہ گویا صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کے طرز عمل کے منکر ہیں ان حضرات کے پاس اس کے متعلق کوئی دلیل نہیں۔ یہ لوگ صرف محض ظن و تخمین کی پیروی کرتے ہیں جس سے قرآن کریم نے منع کیا ہے۔ واللہ المستعان۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7252