ہم سے احمد بن یونس نے بیان کیا، کہا ہم سے زبیر نے بیان کیا، کہا ہم سے اسماعیل بن ابی خالد نے بیان کیا اور ان سے ابوحجیفہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو میں نے دیکھا تھا۔ حسن رضی اللہ عنہ میں آپ کی پوری شباہت موجود تھی۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْمَنَاقِبِ/حدیث: 3543]
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3543
حدیث حاشیہ: 1۔ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم شکل تھے۔ (صحیح البخاري، فضائل أصحاب النبي صلی اللہ علیه وسلم، حدیث: 3748) ان دونوں روایات میں اختلاف نہیں ہے ممکن ہے کہ وجوہ مشابہت مختلف ہوں۔ ترمذی کی ایک روایت میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نصف اعلیٰ یعنی سر چہرہ اور سینہ میں حضرت حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مشابہت تھی اور آپ کے نصف اسفل یعنی ٹانگوں، پاؤں اور رفتار میں حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ مشابہ تھے الغرض دونوں شہزادےرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری تصویر تھے۔ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث: 3779 و فتح الباري: 123/7) ان کے علاوہ حضرت جعفر بن ابی طالب حضرت قثم بن عباس، ابو سفیان بن حارث، سائب بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم شکل تھے۔ (عمدةالقاري: 291/11) اس حدیث سے شیعوں کا بھی رد ہوا جو حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اہل بیت کا دشمن اور مخالف قراردیتے ہیں کیونکہ یہ قصہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد کا ہےکوئی بے وقوف بھی ایسا خیال نہیں کر سکتا۔ حضرت ابو بکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ جب تک زندہ رہے۔ وہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خاندان اور آپ کی آل واولاد کے خیر خواہ اور جاں نثار بن کر رہے اور انھیں ان سے بہت زیادہ محبت تھی۔ (فتح الباري: 694/6)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3543
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3544
3544. حضرت ابو جحیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے نبی ﷺ کو دیکھا ہے حضرت حسن بن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ شکل وصورت میں آپ سے بہت ملتے جلتے تھے۔ (راوی حدیث اسماعیل کہتے ہیں کہ) میں نے کہا: آپ میرے سامنے آپ ﷺ کا حلیہ بیان کریں تو انھوں نے فرمایا: آپ سفید رنگ کے تھے، سر کے کچھ بال سفید ہو چکے تھے۔ نبی ﷺ نے ہمیں تیرہ اونٹنیاں دینے کا حکم دیا تھا۔ انھیں وصول کرنے سے پہلے ہی نبی ﷺ کی وفات ہو گئی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3544]
حدیث حاشیہ: 1۔ اس حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سفید نقرئی بالوں کا ذکر ہے حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے وقت آپ کے سر داڑھی میں بیس بال بھی سفید نہ تھے۔ (صحیح البخاري، المناقب، حدیث: 3547) ایک روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بڑھاپے کے عیب سے محفوظ رکھا آپ کے سر مبارک میں صرف سترہ یا اٹھارہ بال سفید تھے۔ (مسند أحمد: 254/3) ایک دفعہ حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے سوال ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر مبارک میں سفید بال تھے؟ انھوں نے جواب دیا نہیں البتہ آپ کی مانگ میں چند بال سفید تھے وہ بھی آپ جب تیل لگاتے تو محسوس نہیں ہوتے تھے یعنی تیل کی چمک میں بالوں کی سفیدی چھپ جاتی۔ (شمائل الترمذي، ص: 53) 2۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جانشین خلیفہ بلا فصل حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اعلان کیا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جس سے کوئی وعدہ کیا تھا وہ ہمیں بتائے ہم اسے پورا کریں گے۔ ابو جحیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں میرے عرض کرنے پر انھوں نے ہمیں تیرہ اونٹنیاں عنایت کردی تھیں۔ (فتح الباري: 694/6)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3544