سیدنا سمرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہیں بلال (رضی اللہ عنہ) کی اذان اور صبح کی عمودی سفیدی دھوکے میں نہ ڈالے (اور تم سحری کھانا چھوڑ بیٹھو) یہاں تک (صبح صادق کی) روشنی چوڑائی میں پھیل جائے۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1929]
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
1326.
1326. اس بات کی دلیل کا بیان کہ دوسری فجر جو ہم نے ذکر کی ہے وہ چوڑائی میں پھیلنے والی سفیدی ہے اور اس کا رنگ سرخی مائل ہوتا ہے - بشر طیکہ روایت صحیح ہو- کیونکہ میں عبداللہ بن نعمان کے بارے میں جرح وتعدیل نہیں جانتا- اور ملازم بن عمرو کے سوا اُن سے روایت کرنے والا کوئی شاگرد بھی مجھے معلوم نہیں ہے -
جناب طلق بن علی بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”(سحری) کھاتے اور پیتے رہو اور تم کو اوپر چڑھنے والی سفید روشنی دھوکے میں نہ ڈالے۔ اور تم کھاتے پیتے رہو حتّیٰ کہ تمہارے لئے سرخ دھاری واضح ہو جائے۔“ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا۔ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1930]
تخریج الحدیث: اسناده حسن
1327.
1327. اس بات کی دلیل کا بیان کہ فجر سے پہلے کی اذان روزے دار کو اس کے کھانے، پینے اور جماع کرنے سے نہیں روکتی۔ عوام کے خیال کے بر خلاف جو اسے روکنے والی خیال کرتے ہیں۔
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بلاشبہ بلال (رضی اللہ عنہ) رات کے وقت اذان دیتے ہیں تو تم کھاتے اور پیتے رہو حتّیٰ کہ ابن ام مکتوم اذان دے دیں۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1931]
تخریج الحدیث: تقدم۔۔۔
1328.
1328. سیدنا بلال اور ابن ام مکتوم رضی اللہ عنہما کی اذانوں کے درمیان وقفے کا بیان
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیشک بلال (رضی اللہ عنہ) رات کے وقت اذان دیتے ہیں تو تم (سحری) کھاؤ اور پیو حتّیٰ کہ ابن ام مکتوم رضی اللہ عنہ اذان دے دیں۔“ اور فرمایا کہ ان دونوں کی اذانوں کے درمیان وقفہ اتنا ہی تھا کہ یہ اذان دینے کے لئے اُترتے اور وہ چڑھ جاتے۔ اور جناب الدورقی کی قاسم سے روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ ”جب بلال اذان دے تو تم کھاؤ اور پیو حتّیٰ کہ ابن ام مکتوم رضی اللہ عنہ اذان دے دیں۔“ اور ان دونوں کی اذان میں بس اتنا سا وقفہ ہوتا تھا کہ یہ اذان دے کر اُترتے اور وہ چڑھ جاتے۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ یہ روایت اسی قسم سے ہے جن کے بارے میں میں کہتا ہوں کہ وہ ایسی علتوں پر مشتمل ہیں جن پر قیاس کرنا جائز ہے ـ اور یہ بات یقینی ہے کہ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا بلال رضی اللہ عنہ کی اذان کے بعد کھانے پینے کی اجازت دی ہے تو اُنہیں یہ بتا دیا کہ اس وقت میں جماع کرنا اور غیر روزے دار کے لئے مباح ہر کام اس وقت میں جائز ہے ـ یہ بات نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف کھانے پینے کو مباح قرار دیا ہے اور باقی چیزوں کو ممنوع قرار دیا ہے ـ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1932]
تخریج الحدیث: تقدم۔۔۔
1329.
1329. طلوع فجر سے پہلے فرضی روزے کا پختہ عزم اور نیت کرنا واجب ہے اس سلسلے میں عام الفاظ کا بیان جن کی مراد خاص ہے
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص نے فجر سے پہلے روزے کا پختہ ارادہ و نیت نہ کی تو اُس کا روزہ نہیں ہو گا۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1933]
تخریج الحدیث: اسناده صحيح
1330.
1330. ہر روزے کے لئے نیت اس دن کے طلوع فجر سے پہلے پہلے کرنا واجب ہے۔ اُن لوگوں کے قول کے برخلاف جو کہتے ہیں کہ پورے مہینے کے لئے ایک ہی وقت میں ایک ہی بار نیت کرلینا جائز ہے
حدیث نمبر: 1934
امام ابوبکر رحمه ﷲ فرماتے ہیں کہ میں سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ حدیث کہ بیشک اعمال کی قبولیت کا دارومدار نیت پر ہے اور بلاشبہ ہر شخص کے لئے وہی ہے جس کی اُس نے نیت کی کتاب الوضوء میں لکھوا چکا ہوں۔ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1934]
تخریج الحدیث: تقدم۔۔۔
1331.
1331. اس بات کی دلیل کا بیان کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان: ”جس نے رات کے وقت روزے کی نیت نہ کی اس کا روزہ نہیں ہے۔“ سے آپ کی مراد فرضی روزہ ہے نفلی روزہ مراد نہیں۔
حدیث نمبر: 1935
امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی یہ حدیث کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اُن کے پاس تشریف لاتے اور پو چھتے: ”کیا تمہارے پاس کھانا موجود ہے وگرنہ میں روزے سے ہوں“ میں نفلی روزوں کے باب میں بیان کرچکا ہوں۔ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1935]
تخریج الحدیث: تقدم۔۔۔
1332.
1332. سحری کھانے کا حُکم مستحب اور راہنمائی کے لئے ہے کیونکہ سحری کھانا بابرکت ہے۔ یہ حُکم فرض و واجب نہیں کہ سحری نہ کھانے والا گناہ گار شمار ہو
سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سحری کیا کرو کیونکہ سحری میں برکت ہے۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1936]
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سحری کھایا کرو کیونکہ سحری کھانے میں برکت ہے۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1937]