سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جمعہ کے دن غسل کرنا ہر محتلم (بالغ) شخص پر واجب ہے -“ دوسری روایت میں بھی یہی الفاظ ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر محتلم (بالغ) شخص پرجمعہ کے دن غسل کرنا واجب ہے۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1742]
1175. اس بات کی دلیل کا بیان کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان ”واجب ہے“ سے آپ کی مراد یہ نہیں کہ یہ ایک ایسا واجب ہے جس کے علاوہ کوئی چیز کفایت نہیں کرے گی، اس روایت میں بھی اختصار ہے۔ میں عنقریب اسے بیان کروں گا۔ انشاءاللہ
سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر محتلم (بالغ) شخص پر جمعہ کے دن غسل کرنا واجب ہے اور اُسے مسواک کرنی اور حسب استظاعت خوشبو لگانی چاہیے ـ“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1743]
سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر بالغ شخص پر جمعہ کے دن غسل کرنا واجب ہے اور اگر اُس پاس خوشبو ہو تو وہ خو شبو لگائے۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1744]
جناب عمرو بن سلیم کہتے ہیں کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں گواہی دی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” ہر بالغ شخص پر جمعہ کے دن غسل کرنا واجب ہے، اور یہ کہ وہ مسواک کرے اور اگر اسے خوشبو میسر ہو تو خوشبو لگائے۔“ جناب عمرو کہتے ہیں کہ غسل کے بارے میں میں گواہی دیتا ہوں کہ وہ واجب ہے لیکن مسواک کرنے کے بارے میں مجھے معلوم نہیں کہ وہ واجب ہے یا نہیں، لیکن استادِ محترم نے ہمیں اسی طرح بیان کیا تھا۔ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1745]
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جمعہ کے دن غسل کرنا ہر بالغ پر واجب ہے۔“ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ میں اس بات کا انکار نہیں کرتا کہ جناب محمد بن منکدر نے سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے خوشبو لگانے اور مسواک کے علاوہ صرف غسل کے محتلم پر واجب ہونے کے بارے میں روایت سنی ہے۔ جبکہ ان کے بھائی ابوبکر بن منکدر کی سند سے سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے غسل، اور میسر لگانے کا وجوب ذکر ہے کیونکہ داؤد بن ابی ہند نے ابو زبیر کے واسطے سے سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے بیان کیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہرمسلمان شخص پر سات دنوں میں ایک دن غسل کرنا واجب ہے اوروہ جمعہ کا دن ہے۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1746]
امام ابوبکر رحمه الله داؤد بن ابی ہند کی روایت کی سند بیان کرنے کے بعد فرماتے ہیں کہ اس روایت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسواک کرنے اور خو شبو لگانے کو جمعہ کے دن غسل کرنے کے حُکم کے ساتھ ملا کر بیان کیا ہے۔ اس طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان کر دیا کہ یہ تینوں چیزیں ہر با لغ پر واجب ہیں۔ مسواک مُنہ کی صفائی اور طہارت کا ذریعہ ہے اور خوشبو جسم سے ناپسندیدہ بُو کو ختم کرکے اسے معطر اور پاکیزہ بنانے کا سبب ہے۔ اور ہم نے کسی مسلمان کو یہ کہتے نہیں سنا کہ جمعہ کے دن مسواک کرنا اور خوشبو لگانا واجب ہے۔ اور غسل کا حُکم بھی ان دو جیسا ہی ہے۔ دیگر ابواب میں واضح دلائل سے استدلال کیا جائے گا کہ جمعہ کے دن غسل کرنا ایسا واجب نہیں کہ اس کے بغیر کوئی چیز (وضو وغیرہ) کفایت نہ کرتی ہو ـ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1747]