سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت کے دن ہر عہد شکن کے لیے ایک جھنڈا ہوگا جس کے ذریعے اسے پہچان لیا جائے گا۔“ اور اسے مسلم نے بھی اپنی سند سے روایت کیا ہے فرمایا: ”قیامت کے دن ہر عہد شکن کے لیے اس کی عہد شکنی کے مطابق جھنڈا ہوگا جس کے ذریعے اسے پہچان لیا جائے گا۔“[مسند الشهاب/حدیث: 211]
تخریج الحدیث: إسناده صحيح، نوٹ: مسلم میں بقدر غدرتہ کے الفاظ سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ کی روایت میں ہیں۔
سیدنا عبد الله رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت کے دن لوگوں کے درمیان سب سے پہلے خونوں کے بارے میں فیصلے ہوں گے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 212]
سیدنا عبد اللہ رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سب سے پہلے نماز کا حساب لیاجائے گا اور لوگوں کے درمیان سب سے پہلے خونوں کے بارے میں فیصلہ ہوگا“۔ [مسند الشهاب/حدیث: 213]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه النسائي: 3996، والمعجم الكبير: 10425» ۔ شریک مدلس کا عنعنہ ہے۔
میمون بن مہران سے مروی ہے کہ سیدہ ام درداء رضی اللہ عنہا سے پوچھا: گیا: آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کچھ سنا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں، میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا: ”(قیامت کے دن) ترازو میں سب سے پہلے حسن خلق کو رکھا جائے گا۔“[مسند الشهاب/حدیث: 214]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، ابن ابي شيبة: 25846، وعبد بن حميد: 1563» شریک نخعی مدلس کا عنعنہ ہے۔ اس میں اور بھی علتیں ہیں۔ دیکھئے «تاريخ دمشق: 69/ 114- السلسلة الضعيفة: 3352»
داود بن ابی بند کہتے ہیں کہ میرا جدیلہ مقام پر سے ایک غازی پر سے گزر ہوا، اس نے کہا: میں نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس امت سے سب سے پہلے حیاء اور امانت اٹھائی جائے گی۔“[مسند الشهاب/حدیث: 215]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه مكارم الاخلاق لابن ابى الدنيا: 266» قزعه بن سوید ضعیف اور سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرنے والا غازی مجہول ہے۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اپنے دین میں سے سب سے پہلے امانت گم پاؤ گے اور آخر میں نماز گم پاؤ گے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 216]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، أخرجه السلسلة الصحيحة: 1739» ثواب بن حجیل کی توثیق نہیں ملی۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اپنے دین میں سب سے پہلے امانت گم پاؤ گے اور آخر میں نماز کم پاؤ گے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 217]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، أخرجه السلسلة الصحيحة: 1739» ثواب بن حجیل کی توثیق نہیں ملی۔
محمد بن طلحہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ بے شک سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے ایک شخص سے کہا:، جسے عفیر کہا: جاتا تھا کہ تونے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کیا فرماتے سنا ہے؟ اس نے کہا: میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا: ”محبت بھی ورثہ میں ملتی ہے اور نفرت بھی ورثہ میں ملتی ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 218]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه المعجم الكبير: 517، جز 17 وحاكم: 4/ 176» عبدالرحمٰن بن ابی بکر ملیکی ضعیف ہے۔
151. حُبُّكَ الشَّيْءَ يُعْمِي وَيُصِمُّ
151. کسی چیز کی محبت تجھے اندھا اور بہرا بنا دے گی
سیدنا ابودرا رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”(حد سے زیادہ) کسی چیز کی محبت تجھے اندھا اور بہرا بنا دے گی۔“[مسند الشهاب/حدیث: 219]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، أبو داود: 5130، وأحمد: 5/ 194» ابوبکر بن ابی مریم ضعیف ہے۔