سیدنا عبد اللہ رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سب سے پہلے نماز کا حساب لیاجائے گا اور لوگوں کے درمیان سب سے پہلے خونوں کے بارے میں فیصلہ ہوگا“۔ [مسند الشهاب/حدیث: 213]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه النسائي: 3996، والمعجم الكبير: 10425» ۔ شریک مدلس کا عنعنہ ہے۔
وضاحت: فائدہ: - سیدنا تمیم داری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قیامت کے دن بندے سے سب سے پہلے نماز کا پوچھا جائے گا اگر اس نے اس (فریضے) کو پورا کیا ہوگا تو اس کی باقی (نمازوں) کو اضافی (نفل) لکھا جائے گا اور اگر اس کی نماز پوری پائی گئی تو وہ پوری لکھی جائے گی اور اگر اس میں کمی ہوئی تو اللہ تعالیٰ ٰ فرشتوں سے فرمائے گا: ”میرے بندے کے نوافل دیکھو اور ان کے ساتھ اس کے فرائض کی کمی کو پورا کر دو، پھر زکوٰۃ کا حساب ہوگا اسی طرح دوسرے اعمال کا حساب ہوگا۔“[دارمي: 1355، ابن ماجه: 1426،صحيح] سیدنا عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سب سے پہلے لوگوں کے درمیان خونوں کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔“[نسائي: 3997، صحيح]