ابو سلمہ بن عبد الرحمن سے روایت ہے کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ انہیں نماز پڑھا رہے تھے تو جب بھی وہ جھکتے اور (سر اور جسم کو اوپر) اٹھاتے تو اللہ اکبر کہتے، پھر جب سلام پھیرا تو کہا: اللہ کی قسم! میں نماز میں تم سب کی نسبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ مشابہت رکھتا ہوں۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ ہمیں نماز پڑھاتے، حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ ہر بار جب جھکتے، اور اٹھتے تو اللہ اکبر کہتے، جب انہوں نے نماز سے فراغت حاصل کی تو انہوں نے کہا، اللہ کی قسم! میری نماز تم سب سے زیادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز سے مشابہت رکھتی ہے۔
ہمیں ابن جریج نے خبر دی کہا: مجھے ابن شہاب نے ابو بکر بن عبد الرحمن سے روایت بیان کی، انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے ہوئے سنا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو کھڑے ہوتے ہوئے تکبیر کہتے، پھر رکوع کرتے ہوئے تکبیر کہتے، پھر جب رکوع سے کمر اٹھاتے تو سمع اللہ لمن حمدہ کہتے، پھر قیام کی حالت میں ربنا ولک الحمد کہتے، پھر جب سجدہ کرنے کے لیے جھکتے تو تکبیر کہتے، پھر جب اپنا سر اٹھاتے تو تکبیر کہتے، پھر (دوسرا) سجدہ کرتے وقت تکبیر کہتے، پھر جب (سجدے سے) اپنا سر اٹھاتے تو تکبیر کہتے، آپ پوری نماز میں اسی طرح کرتے یہاں تک کہ اس کو مکمل کر لیتے اور جب دو رکعتوں سے بیٹھنے کے بعد اٹھتے تو (اس وقت بھی) تکبیر کہے۔ پھر ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے: میں نماز میں تم سب کی نسبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ زیادہ مشابہ ہوں۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو کھڑے ہوتے وقت تکبیر کہتے، پھر رکوع کرتے وقت تکبیر کہتے، پھر جب رکوع سے پشت اٹھاتے تو اس وقت سمع اللّٰہ لمن حمدہ کہتے، پھر کھڑے ہونے کی حالت میں ربنا ولک الحمد کہتے، پھر جب سجدہ کے لیے جھکتے تو تکبیر کہتے، پھر جب (سجدہ) سے اپنا سر اٹھاتے تو تکبیر کہتے، پھر دوسرا سجدہ کرتے وقت تکبیر کہتے، پھر جب پھر جب سجدہ سے اپنا سر اٹھاتے تو تکبیر کہتے، پھر پوری نماز میں اسی طرح کرتے، یہاں تک کہ اس کو ادا کرلیتے، پھر جب دوسری رکعت کے لیے بیٹھنے کے بعد اٹھتے تو تکبیر کہتے، پھر ابو ہریرہ ؓ کہتے میری نماز تم سب سے زیادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کے مشابہ ہے۔
عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی، کہا: مجھے ابو بکر بن عبد الرحمن بن حارث نے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، کہہ رہے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو کھڑے ہوتے وقت تکبیر کہتے ...... آگے ابن جریج کی حدیث کی طرح ہے اور (عقیل نے) ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا یہ قول کہ میں نماز میں تم سب کی نسبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ مشابہ ہوں، بیان نہیں کیا۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے، تکبیر کہتے، ابن جریج کی حدیث کی طرح بیان کیا۔ اور ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ قول کہ میری نماز تم سب سے زیادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کے مشابہ ہے، بیان نہیں کیا۔
۔ یونس نے ابن شہاب سے خبر دی، کہا: مجھے ابو سلمہ بن عبد الرحمن نے بتایا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو جب مروان مدینہ میں اپنا نائب بنا کر جاتا تو جب وہ فرض نماز کے لیے کھڑے ہوتے، تکبیر کہتے ....... اس کے بعد (یونس نے) ابن جریج کی حدیث کے مانند بیان کیا۔ ان (یونس) کی حدیث میں (یہ اضافہ) ہے کہ جب وہ نماز پوری کر لیتے اور سلام پھیرتے تو مسجد والوں کی طرف منہ کرتے (اور) کہتے: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! میں نماز میں تم سب سے زیادہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ ہوں۔
ابو سلمہ بن عبد الرحمٰن بیان کرتے ہیں کہ ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کو جب مردان اپنا جانشین بنا کر جاتا تو جب وہ فرض نماز کے لیے کھڑے ہوتے تکبیر کہتے، جب وہ نماز ادا کر لیتے اور سلام پھیرتے تو اہل مسجد کی طرف متوجہ ہو کر فرماتے، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، میں تم سب سے زیادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ نماز پڑھتا ہوں۔
یحییٰ بن ابی کثیر نے ابو سلمہ سے روایت کی کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نماز میں جب بھی (سر) اٹھاتے اور جھکاتے، تکبیر کہتے، اس پر ہم نے کہا: ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ! یہ تکبیر کیا ہے؟ انہوں نے کہا: یقیناً یہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز ہے۔
ابو سلمہ سے روایت ہے کہ ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نماز میں جب بھی اٹھتے اور جھکتے تکبیر کہتے، ہم نے ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھا، یہ تکبیر کیسی ہے؟ انہوں نے جواب دیا، یہ یقیناً رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز ہے۔
سہیل کے والد ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ جب بھی (نماز میں سر) جھکاتے اور اٹھاتے تو تکبیر کہتے اور بتاتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا ہی کیا کرتے تھے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ جب بھی (نماز میں) جھکتے اور اٹھتے تکبیر کہتے اور بتاتے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا ہی کرتے تھے۔
۔ مطرف سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے اور عمران بن حصین رضی اللہ عنہ نے علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کی اقتدا میں نماز پڑھی۔ جب وہ سجدہ کرتے تو تکبیر کہتے اور جب اپنا سر اٹھاتے تو تکبیر کہتے اور جب دو رکعتوں کے بعد کھڑے ہوتے تو تکبیر کہتے، جب ہم نماز سے فارغ ہوئے تو عمران رضی اللہ عنہ نے میرا ہاتھ پکڑا، پھر کہا: انہوں نے ہمیں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز پڑھائی ہے یا کہا: انہوں نے مجھے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز یاد دلا دی ہے۔
حضرت مطرف بیان کرتے ہیں کہ میں نے اور عمران بن حصین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اقتدا میں نماز پڑھی، جب وہ سجدہ کرتے اللہ اکبر کہتے اور جب اپنا سر اٹھاتے اللہ اکبر کہتے،اور جب دوسری رکعت سے کھڑے ہوتے تکبیر کہتے، جب ہم نماز سے فارغ ہوتے تو عمران رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے میرا ہاتھ پکڑ کر کہا، انہوں نے ہمیں محمد صلی اللہ علیہ وسلم والی نماز پڑھائی ہے یا یہ کہا انہوں نے مجھے محمد صلی اللہ علیہ وسلم والی نماز یاد کرا دی ہے۔
سفیان بن عیینہ نے ابن شہاب زہری سے، انہوں نے محمود بن ربیع سے اور انہوں نے حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت کی، وہ اس بات کی نسبت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف کرتے تھے (کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:)”اس شخص کی کوئی نماز نہیں جس نے فاتحہ الکتاب نہ پڑھی۔“
حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس شخص کی کوئی نماز نہیں ہوتی، جس نے فاتحہ الکتاب نہ پڑھی۔“
یونس نے ابن شہاب سے روایت کی، کہا: مجھے محمود بن ربیع نے حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے خبر دی، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس شخص کی کوئی نماز نہیں جس نے ام القریٰ (فاتحہ) نہیں پڑھی۔“
عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے ام القرآن نہ پڑھی اس کی کوئی نماز نہیں۔“
صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حضرت محمود بن ربیع رضی اللہ عنہ نے، جن کے چہرے پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے کنویں سے کلی کر کے پانی کا چھینٹا دیا تھا، انہیں بتایا کہ حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا رضی اللہ عنہ ”جس نے ام القریٰ کی قراءت نہ کی، اس کی کوئی نماز نہیں۔“
حضرت محمود بن ربیع رضی اللہ تعالیٰ عنہ جس کے چہرہ پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے کنویں سے کلی کی تھی، نے اسے عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے ام القرآن نہ پڑھی اس کی کوئی نماز نہیں۔“