ہمیں یحییٰ بن یحییٰ نے حدیث بیان کی (کہا) ہمیں حفص بن غیاث نے ہشام سے خبر دی انھوں نے محمد بن سیرین سے اور انھوں نے انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم منیٰ تشر یف لا ئے پھر جمرہ عقبہ کے پاس آئے اور اسے کنکریاں ماریں پھر منیٰ میں اپنے پڑاؤ پر آئے اور قربانی کی، پھر بال مونڈنے والے سے فرمایا: " پکڑو۔"اور آپ نے اپنے (سر کی) دائیں طرف اشاراہ کیا پھر بائیں طرف پھر آپ (اپنے موئے مبارک) لوگوں کو دینے لگے۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم منیٰ پہنچنے پر جمرہ عقبہ کے پاس آئے اور اس کو کنکر مارے، پھر منیٰ میں اپنی قیام گاہ پر آئے، اور قربانی کی، پھر حجام سے فرمایا: ”مونڈو۔“ اور اپنی دائیں طرف اشارہ کیا، پھر بائیں طرف آ گے کی، پھر اپنے بال لوگوں کو عنایت کرنے لگے۔
ابو بکر بن ابی شیبہ ابن نمیر اور ابو کریب سب نے کہا ہمیں حفص بن غیاث نے ہشام سے اسی سند کے ساتھ (یہی) حدیث بیان کی لیکن ابو بکر نے اپنی روایت میں یہ الفاظ کہے آپ نے حجام سے کہا: ”یہ لو“ اور اپنے ہا تھ سے اس طرح اپنی دائیں جانب اشارہ کیا (کہ پہلے دائیں طرف سے شروع کرو) اور اپنے بال مبارک اپنے قریب کھڑے ہوئے لوگوں میں تقسم فرما دیے، پھر حجام کو اپنی بائیں جانب کی طرف اشارہ کیا (کہ اب بائیں جانب سے حجامت بناؤ) حجام نے آپ کا سر مونڈ دیا تو آپ نے (اپنے وہ موئے مبارک) ام سلیم رضی اللہ عنہا کو عطا فرما دیے۔ اور ابو کریب کی روایت میں ہے کہا: (حجام نے) دائیں جانب سے شروع کیا تو آپ نے ایک ایک دو دو بال کر کے لوگوں میں تقسیم فرما دیے، پھر آپ نے اپنی بائیں جانب (حجامت بنانے کا) اشارہ فرمایا۔ حجام نے اس طرف بھی وہی کیا (بال مونڈ دیے) پھر آپ نے فرمایا: " کہا یہا ابو طلحہ ہیں؟ پھر آپ نے اپنے موئے مبا رک ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے حوالے فر ما دیے۔
امام صاحب یہی روایت اپنے تین اساتذہ سے بیان کرتے ہیں، ابوبکر کی روایت میں ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجام سے فرمایا: ”لو“ اور اس طرح اپنے ہاتھ سے دائیں طرف اشارہ کیا، اور اس طرف کے بال اپنے قریب موجود لوگوں میں تقسیم کر دئیے، پھر حجام کو بائیں طرف اشارہ کیا، اس نے اس طرف کو مونڈا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بال ام سلیم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو عطا فرمائے، ابو کریب کی روایت میں ہے، اس نے دائیں طرف سے شروع کیا، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان بالوں کو ایک ایک، دو، دو کر کے لوگوں میں بانٹ دیا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بائیں طرف اشارہ کیا، اس نے اس کو بھی اسی طرح مونڈ دیا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا، ”ادھر ابو طلحہ ہے؟“ اور یہ بال ابو طلحہ کو دے دئیے۔
ہمیں عبد الاعلیٰ نے حدیث بیان کی (کہا) ہمیں ہشام (بن حسان) نے محمد (بن سیرین) سے حدیث بیان کی انھوں نے انس بن ما لک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جمرہ عقبہ کو کنکریاں ماریں پھر قربانی کے اونٹوں کی طرف تشریف لے گئے اور انھیں نحر کیا اور حجام (آپ کے لیے) بیٹھا ہوا تھا آپ نے (اسے) اپنے ہاتھ کے ساتھ اپنے سر سے (بال اتارنے کا) اشارہ کیا تو اس نے آپ (کے سر) کی دائیں طرف کے بال اتار دیے۔آپ نے وہ بال ان لوگوں میں بانٹ دیے جو آپ کے قریب موجود تھے۔پھر فرمایا: ”دوسری طرف کے بال (بھی) اتار دو۔“ اس کے بعد آپ نے فرمایا: ”ابو طلحہ کہاں ہیں؟“ اور آپ نے وہ (موئے مبارک) انھیں دے دیے۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جمرہ عقبہ پر کنکریاں ماریں، پھر اونٹوں کی طرف پلٹ کر انہیں نحر کیا، اور حجام بیٹھا ہوا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ سے سر کی طرف اشارہ کیا، اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دائیں طرف کے بال مونڈے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قریب بیٹھے ہوئے لوگوں میں تقسیم کر دئیے، پھر فرمایا: ”دوسری طرف مونڈوائی“، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا، ”ابو طلحہ کہاں ہے؟“ اور اس طرف کے بال اسے دے دئیے۔
ہم سے سفیان نے حدیث بیان کی (کہا) میں نے ہشام بن حسان سے سنا وہ ابن سیرین سے خبر دے رہے تھے انھوں نے حضرت انس بن ما لک رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جمرہ عقبہ کو کنکریاں ماریں اپنی قربانی (کے اونٹوں) کو نحر کیا اور پھر سر منڈوانے لگے تو آپ نے اپنے سر کی دائیں جا نب مونڈنے والے کی طرف کی تو اس نے اس طرف کے بال اتار دیے آپ نے طلحہ انصاری رضی اللہ عنہ کو بلا یا اور وہ (بال) ان کے حوالے کر دیے۔پھر آپ نے (سر کی) بائیں جا نب اس کی طرف کی اور فرمایا۔ (اس کے) بالاتاردو۔اس نے وہ بال اتاردیے تو آپ نے وہ بھی ابو طلحہ کو دے دیے اور فرمایا ان (بائیں طرف والے بالوں) کولوگوں میں تقسیم کر دو
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جمرہ عقبہ پر کنکریاں ماریں، اور اپنی قربانیاں نحر کیں تو سر منڈوایا، سر مونڈنے والے کے سامنے اپنی دائیں طرف کی، اس نے اسے مونڈ دیا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابو طلحہ کو طلب کیا، اور وہ بال اسے دے دئیے، پھر حجام کے سامنے بائیں طرف کر کے فرمایا: ”مونڈ۔“ اس نے اسے بھی مونڈ دیا، وہ بال بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابو طلحہ کو دئیے، اور فرمایا: ”لوگوں میں تقسیم کر دو۔“