حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں جب بھی کوئی (آدمی)خواب دیکھتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کرتا (آپ صلی اللہ علیہ وسلم تعبیر دیتے) میرے بھی دل میں یہ خواہش پید اہوئی کہ میں بھی کوئی خواب دیکھتا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کرتا۔ میں ابھی نوجوان تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں مسجد میں سوتا تھا، چنانچہ میں نے خواب میں دیکھا کہ دو فرشتے مجھے پکڑ کر دوزخ کی طرف لے گئے میں نے دیکھا کہ دوزخ پر کنویں کی طرح بندش ہے (یعنی اس پر کنویں کی سی منڈیر بنی ہوئی ہے) اس کے دو جانب تھے۔ دوزخ میں بہت سے ایسے لوگوں کو دیکھا جنھیں میں پہچانتا تھا۔ میں کہنے لگا: میں نے دوزخ سے خدا کی پناہ! حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ پھر ہم کو ایک فرشتہ ملا اور اس نے مجھ سے کہا: ڈرو نہیں۔ یہ خواب میں نے (اپنی بہن) حضرت حفصہ رضی اللہ عنہاکو سنایا اور انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو، تعبیر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عبداللہ بہت خوب لڑکا ہے۔ کاش! رات میں نماز پڑھا کرتا۔ (راوی نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کے بعد) عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما رات میں بہت کم سوتے تھے۔ [اللؤلؤ والمرجان/كتاب فضائل الصحابة/حدیث: 1611]
تخریج الحدیث: «صحیح، أخرجه البخاري في: 19 كتاب التهجد: 2 باب فضل قيام الليل»