سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”امام (نماز کا) ضامن ہے اور مؤذن (اذان کے درست وقت کا) امانت دار ہے۔ «اَرْشَدَ اللهُ الأ ئِمّةَ، وَغَفَرَ لِلْمَؤَذِّنِيْنَ» اے اللہ، ائمہ کو رشد و ہدایت اور مؤذنوں کو بخشش نصیب فرما۔“ یہ جناب اشج کی روایت ہے۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ یہ روایت ابن نمیر نے اعمش سے بیان کی ہے اور اس روایت کو خراب کر دیا ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ الْإِمَامَةِ فِي الصَّلَاةِ وَمَا فِيهَا مِنَ السُّنَنِ مُخْتَصَرٌ مِنْ كِتَابِ الْمُسْنَدِ/حدیث: 1528]
امام صاحب نے ابن نمیر کی سند سے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت بیان کی ہے، وہ کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ الْإِمَامَةِ فِي الصَّلَاةِ وَمَا فِيهَا مِنَ السُّنَنِ مُخْتَصَرٌ مِنْ كِتَابِ الْمُسْنَدِ/حدیث: 1529]
امام صاحب نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت کی ایک اور سند بیان کی ہے، مگر اس میں اعمش کا ذکر موجود نہیں ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ الْإِمَامَةِ فِي الصَّلَاةِ وَمَا فِيهَا مِنَ السُّنَنِ مُخْتَصَرٌ مِنْ كِتَابِ الْمُسْنَدِ/حدیث: 1530]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” مؤذن امانت دار ہیں اور ائمہ ضامن ہیں۔ «اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِلْمَؤَذِّنِيْنَ، وَسَدِّدِ اْلأ ئِمّةَ» اے اللہ، مؤذنوں کی بخشش فرما اور ائمہ کو راہ راست پر چلا۔“ تین مرتبہ دعا فرمائی۔ یہ الفاظ علی بن حجر کی روایت کے ہیں اور حسین بن حسن کی روایت کے الفاظ یہ ہیں کہ «اَرْشَدَ اللهُ الأ ئِمّةَ، وَغَفَرَ لِلْمَؤَذِّنِيْنَ»”اللہ تعالیٰ ائمہ کو رشد و ہدایت سے نوازے اور مؤذنوں کی مغفرت فرمائے۔“ یہ روایت محمد بن ابی صالح نے اپنے والد صالح کے واسطے سے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے بیان کی ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ الْإِمَامَةِ فِي الصَّلَاةِ وَمَا فِيهَا مِنَ السُّنَنِ مُخْتَصَرٌ مِنْ كِتَابِ الْمُسْنَدِ/حدیث: 1531]
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «وَعَفَا عَنِ الْمَؤَذِّن»”اللہ تعالیٰ مؤذن کو معاف فرمائے۔“ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ اعمش راوی، محمد بن ابی صالح جیسے دو سو راویوں سے بڑھ کر حافظے اور اتقان والے ہیں۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ الْإِمَامَةِ فِي الصَّلَاةِ وَمَا فِيهَا مِنَ السُّنَنِ مُخْتَصَرٌ مِنْ كِتَابِ الْمُسْنَدِ/حدیث: 1532]