حضرت عطاء بن یسار سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص کو اللہ بچا دے دو چیزوں کی برائی سے وہ جنت میں جائے گا۔“ ایک شخص نے پوچھا: یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہم کو نہیں بتاتے وہ دو چیزیں کیا ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم چپ ہو رہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا، وہ شخص بولا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہم کو نہیں بتاتے؟ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم چپ ہو رہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا، وہ شخص وہی بولا یعنی آپ ہم کو نہیں بتاتے؟ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا، وہ شخص وہی بولا جاتا تھا، اتنے میں ایک دوسرے شخص نے اس کو چپ کرا دیا۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود ہی فرمایا: ”جس کو اللہ دو چیزوں کے شر سے بچا دے وہ جنت میں جائے گا، ایک وہ جو اس کے دونوں جبڑوں کے بیچ میں ہے (زبان)، دوسری وہ جو اس کے دونوں پاؤں کے بیچ میں ہے (شرم گاہ)، تین بار آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو ارشاد فرمایا۔“[موطا امام مالك رواية يحييٰ/كِتَابُ الْجَامِعِ/حدیث: 1815]
تخریج الحدیث: «مرفوع ضعيف، انفرد به المصنف من هذا الطريق، فواد عبدالباقي نمبر: 56 - كِتَابُ الْكَلَامِ-ح: 11»
حضرت اسلم عدوی سے روایت ہے کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ گئے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے پاس اور وہ اپنی زبان کھینچ رہے تھے۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: ٹھہرو! بخشے اللہ تم کو۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے کہا: اسی نے مجھ کو تباہی میں ڈالا ہے۔ [موطا امام مالك رواية يحييٰ/كِتَابُ الْجَامِعِ/حدیث: 1816]
تخریج الحدیث: «موقوف صحيح، وأخرجه البيهقي فى «شعب الايمان» برقم: 4990، والنسائی فى «الكبریٰ» برقم: 11841، وأبو يعلى فى «مسنده» برقم: 5، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 26491، 37032، فواد عبدالباقي نمبر: 56 - كِتَابُ الْكَلَامِ-ح: 12»