تفسير ابن كثير



سورۃ التكوير

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
فَلَا أُقْسِمُ بِالْخُنَّسِ[15] الْجَوَارِ الْكُنَّسِ[16] وَاللَّيْلِ إِذَا عَسْعَسَ[17] وَالصُّبْحِ إِذَا تَنَفَّسَ[18] إِنَّهُ لَقَوْلُ رَسُولٍ كَرِيمٍ[19] ذِي قُوَّةٍ عِنْدَ ذِي الْعَرْشِ مَكِينٍ[20]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] پس نہیں، میں قسم کھاتا ہوں ان (ستاروں) کی جو پیچھے ہٹنے والے ہیں ! [15] جو چلنے والے ہیں، چھپ جانے والے ہیں ! [16] اور رات کی جب وہ جانے لگتی ہے! [17] اور صبح کی جب وہ سانس لیتی ہے! [18] بے شک یہ یقینا ایک ایسے پیغام پہنچانے والے کاقول ہے جو بہت معزز ہے۔ [19] بڑی قوت والا ہے، عرش والے کے ہاں بہت مرتبے والا ہے۔ [20]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] میں قسم کھاتا ہوں پیچھے ہٹنے والے [15] چلنے پھرنے والے چھپنے والے ستاروں کی [16] اور رات کی جب جانے لگے [17] اور صبح کی جب چمکنے لگے [18] یقیناً یہ ایک بزرگ رسول کا کہا ہوا ہے [19] جو قوت واﻻ ہے، عرش والے (اللہ) کے نزدیک بلند مرتبہ ہے [20]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] ہم کو ان ستاروں کی قسم جو پیچھے ہٹ جاتے ہیں [15] (اور) جو سیر کرتے اور غائب ہو جاتے ہیں [16] اور رات کی قسم جب ختم ہونے لگتی ہے [17] اور صبح کی قسم جب نمودار ہوتی ہے [18] کہ بےشک یہ (قرآن) فرشتہٴ عالی مقام کی زبان کا پیغام ہے [19] جو صاحب قوت مالک عرش کے ہاں اونچے درجے والا ہے [20]۔
........................................


تفسیر آیت/آیات، 15، 16، 17، 18، 19، 20،

ستارے، نیل گائے اور ہرن ٭٭

سیدنا عمرو بن حریث رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے صبح کی نماز میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس سورۃ کی تلاوت کرتے ہوئے سنا اس نماز میں میں بھی مقتدیوں میں شامل تھا ۔ [صحیح مسلم:456] ‏‏‏‏

یہ ستاروں کی قسمیں کھائی گئی ہیں، جو دن کے وقت پیچھے ہٹ جاتے ہیں یعنی چھپ جاتے ہیں، اور رات کو ظاہر ہوتے ہیں، سیدنا علی رضی اللہ عنہ یہی فرماتے ہیں اور بھی صحابہ تابعین وغیرہ سے اس کی یہی تفسیر مروی ہے -

بعض ائمہ نے فرمایا ہے طلوع کے وقت ستاروں کو «خُنَّسِ» کہا جاتا ہے اور اپنی اپنی جگہ پر انہیں «جَوَارِ» کہا جاتا ہے اور چھپ جانے کے وقت انہیں «كُُنَّسِ» کہا جاتا ہے۔ بعض نے کہا ہے اس سے مراد جنگلی گائے ہے، یہ بھی مروی ہے کہ مراد ہرن ہے۔

ابراہیم رحمہ اللہ نے مجاہد رحمہ اللہ سے اس کے معنی پوچھے تو مجاہد رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ہم نے اس بارے میں کچھ نہیں سنا البتہ لوگ کہتے ہیں کہ اس سے مراد ستارے ہیں۔‏‏‏‏ انہوں نے پھر سوال کیا کہ جو تم نے سنا ہو وہ کہو تو فرمایا ہم سنتے ہیں کہ اس سے مراد نیل گائے ہے، جبکہ وہ اپنی جگہ چھپ جائے۔‏‏‏‏ ابراہیم رحمہ اللہ نے فرمایا وہ مجھ پر جھوٹ باندھتے ہیں، جیسے سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے «أَسْفَلَ» کو اعلیٰ اور اعلی کو «أَسْفَلَ» کا ضامن بنایا۔‏‏‏‏
10349

امام ابن جریر رحمہ اللہ نے اس میں سے کسی کی تعیین نہیں کی اور فرمایا ہے ممکن ہے تینوں چیزیں مراد ہوں یعنی ستارے، نیل گائے اور ہرن۔‏‏‏‏ [تفسیر ابن جریر الطبری:12/467] ‏‏‏‏

«عَسْعَسَ» کے معنی ہیں اندھیری والی ہوئی اور اٹھ کھڑی ہوئی، اور لوگوں کو ڈھانپ لیا اور جانے لگی۔ صبح کی نماز کے وقت سیدنا علی رضی اللہ عنہ ایک مرتبہ نکلے اور فرمانے لگے کہ وتر کے بارے میں پوچھنے والے کہاں ہیں؟ پھر یہ آیت پڑھی۔ امام ابن جریر رحمہ اللہ اسی کو پسند فرماتے ہیں کہ معنی یہ ہیں کہ رات جب جانے لگے کیونکہ اس کے مقابلہ میں ہے کہ جب صبح چمکنے لگے۔

شاعروں نے «عَسْعَسَ» کو «أَدْبَرَ» کے معنی میں باندھا ہے میرے نزدیک ٹھیک معنی یہ ہیں کہ قسم ہے رات کی جب وہ آئے اور اندھیرا پھیلائے اور قسم ہے دن کی جب وہ آئے اور روشنی پھیلائے۔

جیسے اور جگہ ہے «‏‏‏‏وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَىٰ وَالنَّهَارِ إِذَا تَجَلَّىٰ» ‏‏‏‏ [92-الليل:2،1] ‏‏‏‏

اور جگہ ہے «وَالضُّحَىٰ وَاللَّيْلِ إِذَا سَجَىٰ» [93-الضحى:2،1] ‏‏‏‏

اور جگہ ہے «‏‏‏‏فَالِقُ الْاِصْبَاحِ وَجَعَلَ الَّيْلَ سَكَنًا وَّالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ حُسْـبَانًا ذٰلِكَ تَقْدِيْرُ الْعَزِيْزِ الْعَلِيْمِ» [6-الأنعام:96] ‏‏‏‏ اور بھی اس قسم کی آیتیں بہت سی ہیں مطلب سب کا یکساں ہے، ہاں بیشک اس لفظ کے معنی پیچھے ہٹنے کے ہی ہیں۔ علماء اصول نے فرمایا ہے کہ یہ لفظ آگے آنے اور پیچھے جانے کے دونوں معنی میں آتا ہے۔ اس بناء پر دونوں معنی ٹھیک ہو سکتے ہیں۔ «واللہ اعلم»
10350

” اور قسم ہے صبح کی جبکہ وہ طلوع ہو اور روشنی کے ساتھ آئے “۔ پھر ان قسموں کے بعد فرمایا ہے کہ ” یہ قرآن ایک بزرگ، شریف، پاکیزہ رو، خوش منظر فرشتے کا کلام ہے (‏‏‏‏یعنی جبرائیل علیہ السلام کا)، وہ قوت والے ہیں “۔

جیسے کہ اور جگہ ہے «عَلَّمَهُ شَدِيدُ الْقُوَىٰ ذُو مِرَّةٍ فَاسْتَوَىٰ» ‏‏‏‏ [53-النجم:6،5] ‏‏‏‏ یعنی ” سخت مضبوط اور سخت پکڑ اور فعل والا فرشتہ، وہ اللہ عز و جل کے پاس جو عرش والا ہے بلند پایہ اور ذی مرتبہ ہے “۔

وہ نور کے ستر پردوں میں جا سکتے ہیں اور انہیں عام اجازت ہے۔ ان کی بات وہاں سنی جاتی ہے، برتر فرشتے ان کے فرمانبردار ہیں، آسمانوں میں ان کی سرداری ہے اور فرشتے ان کے تابع فرمان ہیں۔ وہ اس پیغام رسانی پر مقرر ہیں کہ اللہ کا کلام اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچائیں، یہ فرشتے اللہ کے امین ہیں۔
10351



https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.