الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 1720
´ریشم اور سونے کے حکم کا بیان۔`
ابوموسیٰ اشعری رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ریشم کا لباس اور سونا میری امت کے مردوں پر حرام ہے اور ان کی عورتوں کے لیے حلال کیا گیا ہے“ ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب اللباس/حدیث: 1720]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
مسلمان مردوں کے لیے سونا اور ریشم کے کپڑے حرام ہیں،
حرمت کی کئی وجہیں ہیں:
کفار ومشرکین سے اس میں مشابہت پائی جاتی ہے،
زیب وزینت عورتوں کا خاص وصف ہے،
مردوں کے لیے یہ پسندیدہ نہیں،
اس پہلو سے یہ دونوں حرام ہیں،
اسلام جس سادگی کی تعلیم دیتا ہے یہ اس سادگی کے خلاف ہے،
حالاں کہ سادگی رسول اللہ ﷺ کے فرمان کے مطابق ایمان کا حصہ ہے،
آپ کا ارشاد ہے ”البذاذة من الإيمان“ یعنی سادہ اور بے تکلف رہن سہن اختیار کرنا ایمان کا حصہ ہے،
یہ دونوں چیزیں عورتوں کے لیے حلال ہیں،
لیکن حلال ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ان کے استعمال میں حد سے تجاوز کیاجائے،
اسی طرح یہاں حلت کا تعلق صرف سونے کے زیورات سے ہے،
نہ کہ ان سے بنے ہوئے برتنوں سے کیوں کہ سونے (اور چاندی) سے بنے ہوئے برتن سب کے لیے حرام ہیں۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث\صفحہ نمبر: 1720