علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1239
´ادب کا بیان`
سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم تین (آدمی) ہو تو دو آدمی تیسرے کو الگ کر کے سرگوشی نہ کریں تاوقتیکہ وہ لوگوں کے ساتھ مل جل نہ جائیں کیونکہ اس طرح یہ چیز اسے غمگین اور رنجیدہ خاطر کرتی ہے۔“ (بخاری و مسلم) اور یہ الفاظ مسلم کے ہیں۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1239»
تخریج: «أخرجه البخاري، الاستئذان، باب إذا كانوا أكثر من ثلاثة...، حديث:6290، ومسلم، السلام، باب تحريم مناجاة الثنين دون الثالث بغير رضاه، حديث:2184.»
تشریح:
اس حدیث میں یہ تعلیم دی گئی ہے کہ ساتھی کو نظر انداز کر کے کانا پھوسی اور سرگوشی کرنا منع ہے۔
اس سے انسانی جذبات و احساسات کا احترام ملحوظ رکھنے کا سبق ملتا ہے کہ ایسا کام انجام نہ دیا جائے جس سے دوسرے کو تکلیف ہوتی ہو اور اسے خیال گزرے کہ یہ مجھے اپنا نہیں بلکہ غیر تصور کرتے ہیں یا اسے کھٹکا اور اندیشہ پیدا ہو کہ یہ دونوں میرے خلاف ساز باز کر رہے ہیں اور مجھے دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس سے دوسرے کے جذبات و احساسات کو ٹھیس پہنچتی ہے‘ اس لیے تین آدمیوں کی مجلس میں دو کا علیحدہ ہو کر کانا پھوسی اور سرگوشی کرنا منع کیا گیا ہے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1239