سنن ترمذي کل احادیث 3964 :حدیث نمبر
کتاب سنن ترمذي تفصیلات

سنن ترمذي
کتاب: سلام مصافحہ اور گھر میں داخل ہونے کے آداب و احکام
Chapters on Seeking Permission
19. باب مَا جَاءَ فِي كَرَاهِيَةِ طُرُوقِ الرَّجُلِ أَهْلَهُ لَيْلاً
19. باب: بیوی کے پاس سفر سے رات میں واپس آنا مکروہ ہے۔
Chapter: ….
حدیث نمبر: 2712
Save to word اعراب
(مرفوع) اخبرنا احمد بن منيع، حدثنا سفيان بن عيينة، عن الاسود بن قيس، عن نبيح العنزي، عن جابر، ان النبي صلى الله عليه وسلم: " نهاهم ان يطرقوا النساء ليلا " , وفي الباب عن انس، وابن عمر، وابن عباس , قال ابو عيسى: هذا حديث حسن صحيح، وقد روي من غير وجه، عن جابر، عن النبي صلى الله عليه وسلم، وقد روي عن ابن عباس، ان النبي صلى الله عليه وسلم: " نهاهم ان يطرقوا النساء ليلا " , قال: فطرق رجلان بعد نهي النبي صلى الله عليه وسلم، فوجد كل واحد منهما مع امراته رجلا.(مرفوع) أَخْبَرَنَا أَحْمَدُ بْنُ مَنِيعٍ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ، عَنِ الْأَسْوَدِ بْنِ قَيْسٍ، عَنْ نُبَيْحٍ الْعَنَزِيِّ، عَنْ جَابِرٍ، أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " نَهَاهُمْ أَنْ يَطْرُقُوا النِّسَاءَ لَيْلًا " , وفي الباب عن أَنَسٍ، وَابْنِ عُمَرَ، وَابْنِ عَبَّاسٍ , قَالَ أَبُو عِيسَى: هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ، وَقَدْ رُوِيَ مِنْ غَيْرِ وَجْهٍ، عَنْ جَابِرٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَقَدْ رُوِيَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " نَهَاهُمْ أَنْ يَطْرُقُوا النِّسَاءَ لَيْلًا " , قَالَ: فَطَرَقَ رَجُلَانِ بَعْدَ نَهْيِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَوَجَدَ كُلُّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا مَعَ امْرَأَتِهِ رَجُلًا.
جابر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو سفر سے رات میں بیویوں کے پاس لوٹ کر آنے سے روکا ہے ۱؎۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے،
۲- یہ حدیث کئی سندوں سے جابر رضی الله عنہ کے واسطہ سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے آئی ہے،
۳- اس باب میں انس، ابن عمر، اور ابن عباس رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں،
۴- ابن عباس رضی الله عنہما سے بھی مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو رات میں بیویوں کے پاس سفر سے واپس لوٹ کر آنے سے روکا ابن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس روکنے کے باوجود دو شخص رات میں لوٹ کر اپنی بیویوں کے پاس آئے (نتیجہ انہیں اس نافرمانی کا یہ ملا) کہ ان دونوں میں سے ہر ایک نے اپنی بیوی کے پاس ایک دوسرے مرد کو پایا۔

وضاحت:
۱؎: رات میں سفر سے واپس آ کر اپنے گھر والوں کے پاس آنے کی ممانعت اس صورت میں ہے جب آمد کی پیشگی اطلاع نہ دی گئی ہو، اور اگر گھر والے اس کی آمد سے پہلے ہی باخبر ہیں تو پھر اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/العمرة 16 (1801)، والنکاح 120 (5243)، صحیح مسلم/الإمارة 56 (1928/184) (صحیح)»

قال الشيخ الألباني: صحيح

   صحيح البخاري5246جابر بن عبد اللهدخلت ليلا فلا تدخل على أهلك حتى تستحد المغيبة وتمتشط الشعثة قال قال رسول الله فعليك بالكيس
   صحيح البخاري5244جابر بن عبد اللهأطال أحدكم الغيبة فلا يطرق أهله ليلا
   صحيح البخاري5243جابر بن عبد اللهيأتي الرجل أهله طروقا
   صحيح البخاري1801جابر بن عبد اللهيطرق أهله ليلا
   صحيح مسلم4967جابر بن عبد اللهإذا أطال الرجل الغيبة أن يأتي أهله طروقا
   صحيح مسلم4964جابر بن عبد اللهأمهلوا حتى ندخل ليلا أي عشاء كي تمتشط الشعثة وتستحد المغيبة
   صحيح مسلم4965جابر بن عبد اللهإذا قدم أحدكم ليلا فلا يأتين أهله طروقا حتى تستحد المغيبة وتمتشط الشعثة
   صحيح مسلم4969جابر بن عبد اللهأن يطرق الرجل أهله ليلا يتخونهم أو يلتمس عثراتهم
   جامع الترمذي2712جابر بن عبد اللهنهاهم أن يطرقوا النساء ليلا
   سنن أبي داود2778جابر بن عبد اللهأمهلوا حتى ندخل ليلا لكي تمتشط الشعثة وتستحد المغيبة
   سنن أبي داود2776جابر بن عبد اللهيكره أن يأتي الرجل أهله طروقا
   المعجم الصغير للطبراني1183جابر بن عبد اللهيكره الرجل أن يأتي أهله طروقا
   المعجم الصغير للطبراني490جابر بن عبد اللهأمهل حتى تستحد المغيبة وتمتشط الشعثة

سنن ترمذی کی حدیث نمبر 2712 کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2712  
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
رات میں سفر سے واپس آ کر اپنے گھر والوں کے پاس آنے کی ممانعت اس صورت میں ہے جب آمد کی پیشگی اطلاع نہ دی گئی ہو،
اور اگر گھر والے اس کی آمد سے پہلے ہی باخبر ہیں تو پھر اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2712   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2776  
´رات میں سفر سے گھر واپس آنا کیسا ہے؟`
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ناپسند فرماتے تھے کہ آدمی سفر سے رات میں اپنے گھر واپس آئے۔ [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2776]
فوائد ومسائل:
مقصد یہ ہے کہ انسان طویل غیر حاضری کے بعد بغیر پیشگی اطلاع کے بے وقت اچانک بالخصوص عشاء کے بعد گھر میں نہ آئے۔
اس میں کئی حکمتیں پوشیدہ ہیں۔
ممکن ہے گھر والے صاحب خانہ کی طرف سے مطمئین ہوکر کہیں باہر جانے کا پروگرام بنا لیں یا آنے والے کی بیوی اپنی اور گھر کی صفائی ستھرائی کی جانب سے غفلت کرلے یا کوئی ایسا مہمان بھی گھر میں آسکتا ہے۔
جس کا آنا گھر والے کو ناگوار ہو اس طرح دونوں میاں بیوی کے درمیان کئی طرح کی انہونی الجھنیں راہ پاسکتی ہیں۔
ہاں اگر اطلاع دے دی گئی ہو تو کسی بھی وقت آنا چاہیے۔
تو آسکتا ہے۔
اس کا اپنا گھر ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2776   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2778  
´رات میں سفر سے گھر واپس آنا کیسا ہے؟`
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سفر میں تھے، جب ہم بستی میں جانے لگے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ٹھہرو ہم رات میں جائیں گے، تاکہ پراگندہ بال والی کنگھی کر لے، اور جس عورت کا شوہر غائب تھا وہ زیر ناف کے بالوں کو صاف کر لے۔‏‏‏‏ ابوداؤد کہتے ہیں: زہری نے کہا: ممانعت عشاء کے بعد آنے میں ہے، ابوداؤد کہتے ہیں: مغرب کے بعد کوئی حرج نہیں ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2778]
فوائد ومسائل:
رسول اللہ ﷺ جب سفر سے لوٹنے اور منزل قریب ہوتی تو پیغام بر بھیج دیا کرتے تھے۔
جو شہر میں اطلا ع کردیتا تھا۔
کہ مجاہدین واپس آرہے ہیں۔
اور فلاں وقت تک پہنچ جایئں گے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2778   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4964  
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، ہم ایک غزوہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے، تو جب ہم مدینہ پہنچے، ہم نے گھروں میں داخل ہونا چاہا، تو آپ نے فرمایا: ٹھہر جاؤ، تاکہ ہم رات کو (عشاء کے وقت) داخل ہوں، تاکہ پراگندہ بالوں والی بال درست کر لے اور جس عورت کا شوہر غائب تھا، وہ زیر ناف بال صاف کر لے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4964]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے،
اصل مقصد رات یا دن کو داخل ہونے سے روکنا نہیں ہے،
بلکہ اصل مقصد یہ ہے،
طویل سفر کے بعد جبکہ عورت کو خاوند کی آمد کا علم نہ ہو،
اچانک گھر نہیں آنا چاہیے،
کیونکہ عورت خاوند کے گھر میں نہ ہونے سے زیب و زینت کرنے سے کنارہ کش ہوتی ہے،
پراگندہ حالت میں کام کاج کے کپڑوں میں ملبوس ہوتی ہے،
اسی حالت میں دیکھ کر بعض دفعہ خاوند کے دل میں نفرت پیدا ہو سکتی ہے،
اس لیے اگر خاوند کی آمد کے بارے میں علم ہو،
یا سفر میں زیادہ وقت نہ لگا ہو تو پھر خاوند کسی وقت بھی آ سکتا ہے،
لیکن آج تو عورتیں دینی آداب کے برعکس خاوند کی غیر حاضری میں خوب بن ٹھن کر رہتی ہیں،
کسی دن ہار سنگار سے غافل نہیں ہوتیں،
اس لیے صرف بدنامی کا سبب ہی روکنے کا باعث ہو سکتا ہے،
کہ خواہ مخواہ بدظنی کا شکار ہو کر اچانک گھر نہیں آنا چاہیے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4964   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4965  
حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی رات کو سفر سے آئے، تو اچانک رات کو دروازہ کھٹکھٹائے (اتنا توقف کرے) تاکہ جس عورت کا خاوند غائب تھا، وہ زیر ناف بال صاف کر لے اور پراگندہ بال کنگھی پٹی کر لے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4965]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
تستحد:
وہ حدید (استرا)
استعمال کرلے،
مقصد یہ ہے کہ زیرناف بال صاف کرلے،
اس سےمعلوم ہواکہ عورت استرا(سیفٹی)
استعمال کرسکتی ہے۔
(2)
مغيبة:
جس کا خاوند غائب ہو۔
(3)
الشعثة:
پراگندہ بال۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4965   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4969  
حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رات کو اس غرض سے گھر آنے سے منع فرمایا، کہ وہ ان کی خیانت پکڑنا چاہے یا ان کی لغزشوں کا تجسس کرے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4969]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
يتخونهم:
ان کوخائن سمجھ کراس کی ٹوہ لگائے۔
(2)
عثرات:
عثرة کی جمع ہے،
لغزش،
غلطی،
مقصد یہ ہے کہ بدظنی کرتے ہوئے،
جاسوسی کے لیے اچانک رات کو نہ آئے۔
اصل مقصد یہ خواہ مخواہ گھر والوں کے بارے میں بدظنی اور بداعتمادی کاشکار نہیں ہونا چاہیے،
اس بدظنی اور بدگمانی سے بچانے کے لیے رات کو اچانک آنے سے منع کیا ہے۔
لیکن آج تو موبائل کی وجہ سے ہر وقت رابطہ رہتا ہے اس سے انسان کسی وقت بھی گھر آسکتا ہے گھر والے اس کے انتظار میں ہوں گے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4969   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1801  
1801. حضرت جابر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے(سفرسے)رات کے وقت اپنے گھر آنے سے منع فرمایا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1801]
حدیث حاشیہ:
یہ اس لیے کہ گھر میں بیوی صاحبہ نہ معلوم کس حالت میں ہوں، اس لیے ادب کا تقاضہ ہے کہ دن میں گھر میں داخل ہو تاکہ بیوی کو گھر کے صاف کرنے، خود صاف بننے کا موقع حاصل رہے، اچانک رات میں داخل ہونے سے بہت سے مفاسد کا خطرہ ہوسکتا ہے۔
حدیث جابر ؓ میں فرمایا ''لتمتشط الشعثة'' تاکہ پریشان بال والی اپنے بالوں میں کنگھی کرکے ان کو درست کرلے اور اندرونی صفائی کی ضرورت ہو تو وہ بھی کرلے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1801   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5244  
5244. سیدنا جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے اگر کوئی زیادہ دیر تک گھر سے دور رہا ہوتو یکایک رات کے وقت اپنےگھر نہ آجائے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5244]
حدیث حاشیہ:
آج کی ترقی یافتہ دنیا میں دور دراز سے دیر یا سویر آنے والے حضرات اس حدیث پر عمل کر سکتے ہیں کہ بذریعہ ڈاک یا تار یا فون اپنے گھر والوں کو آنے کی صحیح اطلاع دے دیں۔
اگر حدیث ہذا پر عمل کی نیت سے اطلاع دیں گے تو یہ اطلاع دینا بھی ایک کارثواب ہوگا۔
دعا ہے کہ اللہ پاک ہر مسلمان کو پیارے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ احادیث پر عمل کرنے کی توفیق بخشے آمین یا رب العالمین۔
الحمد للہ کہ پارہ 21 ختم ہوا۔
خاتمہ محض اللہ پاک کی غیبی تائید سے بخاری شریف مترجم اردو کا پارہ 21 آج خیریت وعافیت کے ساتھ ختم ہوا۔
تقریباً سارا پارہ مسائل نکاح پر مشتمل ہے۔
ظاہر ہے کہ مسائل نکاح جو ہر مسلمان کی ازدواجی زندگی سے بڑا گہرا تعلق رکھتے ہیں۔
اکثر بہت ہی دقیق مسائل ہیں۔
پھر ان میں بھی اکثر جگہ فقہی اختلافات کی بھر مار ہے لیکن مطالعہ فرمانے والے محترم حضرات پر واضح ہو کہ امیر المؤمنین فی الحدیث حضرت امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ان مسائل کو بڑے آسان لفظوں میں سلجھانے کی پوری پوری کوشش فرمائی ہے۔
ہر باب جو ایک مستقل فتوے کی حیثیت رکھتا ہے۔
اسے آیات و احادیث و آثار صحابہ و تابعین وغیرہ سے مدلل فرمانے کی سعی بلیغ کی ہے اور پھر اس کی بھی کوشش کی گئی ہے کہ ترجمہ میں پوری سادگی قائم رکھتے ہوئے بھی بہترین وضاحت ہو سکے۔
جہاں کوئی اغلاق نظر آیا۔
اسے بذیل تشریحات کھول دیا گیا ہے۔
بہر حال جیسی بھی خدمت ہے وہ قدر دانوں کے سامنے ہے۔
مزید طوالت میں ضخامت کے بڑھنے کا خطرہ تھا جبکہ آج کاغذ و دیگر سامان طباعت گرانی کی آخری حدود تک پہنچ گئے ہیں۔
ایسی گرانی کے عالم میں اس پارے کا شائع ہونا محض اللہ کی تائید غیبی ہے ورنہ اپنی کمزوریاں، کوتاہیاں، تہی دستی، سب کچھ اپنے سامنے ہے۔
حضرات معزز علمائے کرام کسی جگہ بھی کوئی واقعی فاش غلطی ملاحظہ فرمائیں تو مطلع فرما کر شکریہ کا موقع دیں تاکہ طبع ثانی میں اس پر غور کیا جاسکے۔
رب العالمین سے بصد آہ و زاری دعا ہے کہ وہ اس حقیر خدمت کو قبول فرمائے اور بقیہ پاروں کی تکمیل کرائے جو بظاہر کو ہ ہمالیہ نظر آ رہے ہیں لیکن اگر یہ خدمت ادھوری رہ گئی تو یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔
دعا ہے کہ اے پروردگار! مجھ حقیر نا چیز خادم کو اتنی زندگی اور بخش دے کہ تیرے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کے پاکیزہ ارشادات کی یہ خدمت میں تکمیل تک پہنچا سکوں۔
اس کی اشاعت کے لئے اسباب اور سامان بھی غیب سے مہیا کرا دے اور جس قدر شائقین میرے ساتھ اس خدمت میں دامے درمے سخنے شرکت فرما رہے ہیں۔
اے اللہ! وہ کسی جگہ بھی ہوں ان سب کے حق میں اس خدمت کو قبول فرما کر ہم سب کو قیامت کے دن دربار رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں جمع فرما ئیو اور ہم سب کی بخشش فرماتے ہوئے اس خدمت عظمیٰ کو ہم سب کے لئے باعث نجات بنائیو۔
آمین ثم آمین وسلام علی المرسلین والحمد للہ رب العالمین۔
عرض نقشے است کزما یاد ماند کہ ہستی رانمی بینم بقائے مگر صاحب لے روزے بہ رحمت کند درکار ایں خادم دعائے خادم حدیث نبوی محمد داؤد راز ولد عبداللہ السلفی الدھلوی رمضان المبارک 1394ھ
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5244   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5246  
5246. سیدنا جابر ؓ ہی سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم رات کے وقت (اپنے شہر) آؤ تو اپنے اہل خانہ کے پاس رات کے وقت مت آؤ جب تک وہ عورتیں جن کے خاوند تادیر باہر رہے ہیں اپنے زیر ناف بال صاف نہ کرلیں اور پراگندہ بالوں میں کنگھی نہ کرلیں۔ سیدنا جابر ؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھ پر جماع کرنے سے فرزند کی طلب ضروری ہے۔ عبید الله نے وہب اور سیدنا جابر ؓ کے ذریعے سے نبی ﷺ سے کیس کے الفاظ بیان کرنے میں شعبی کی متابعت کی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5246]
حدیث حاشیہ:
یہ روایت کتاب البیوع میں موصولاً گزر چکی ہے۔
ابو عمرو توقانی نے اپنی کتاب ''معاشرة الأھلین'' میں نقل کیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اولاد ڈھونڈو، اولاد ثمرئہ قلب اور نور چشم ہے اور بانجھ عورت سے پر ہیز کرو۔
اسی واسطے ایک حدیث میں آیا ہے کہ بانجھ عورت سے بچو۔
دوسری حدیث میں ہے کہ خاوند سے محبت رکھنے والی، بہت بچے جننے والی سے نکاح کرو، میں قیامت کے دن اپنی امت کی کثرت پر فخر کروں گا۔
شادی کرنے سے آدمی کو اصل غرض یہی رکھنی چاہئے کہ اولاد صالح پیدا ہو جو مرنے کے بعد دنیا میں اس کی نشانی رہے۔
اس کے لیے دعائے خیر کرے۔
اسی لیے باقیات الصالحات میں اولاد کو اول درجہ حاصل ہے۔
اللہ پاک ہر مسلمان کو نیک فرمانبردار اور صالح اولاد عطا کرے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5246   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1801  
1801. حضرت جابر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے(سفرسے)رات کے وقت اپنے گھر آنے سے منع فرمایا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1801]
حدیث حاشیہ:
(1)
رات کے وقت اچانک گھر آنے سے اس لیے منع فرمایا کہ مبادا انسان اپنے اہل خانہ میں کوئی ایسی ناگوار چیز دیکھے جو باہمی نفرت و کدورت کا باعث ہو۔
(2)
اس ممانعت کا پس منظر یوں ہے:
حضرت جابر ؓ کا بیان ہے:
ہم ایک جنگ سے واپس ہوئے تو رات کے وقت ہم اپنے گھر جانے کے لیے جلدی کرنے لگے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
ایسا مت کرو۔
اہل خانہ کو پہلے مطلع کرو تاکہ پراگندہ بالوں والی کنگھی کرے اور زائد بالوں کی صفائی کرے۔
(صحیح البخاري، النکاح، حدیث: 5247)
ہم اس حدیث پر کتاب النکاح، حدیث: 5243 میں مفصل گفتگو کریں گے۔
بإذن الله
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1801   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5244  
5244. سیدنا جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے اگر کوئی زیادہ دیر تک گھر سے دور رہا ہوتو یکایک رات کے وقت اپنےگھر نہ آجائے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5244]
حدیث حاشیہ:
(1)
ایک حدیث میں اس کی علت بیان ہوئی ہے کہ طویل غیر حاضری کی وجہ سے اہل خانہ کی لغزشیں نہ پکڑی جائیں، پھر گھر کا نظام درہم برہم ہو جائے گا۔
ایک دوسری حدیث میں ہے کہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک غزوے سے واپس آئے تو آپ نے فرمایا:
اچانک رات کے وقت گھر نہ جاؤ۔
آپ نے کسی قاصد کو بھیج کر منادی کرائی کہ ہم آ رہے ہیں۔
(السنن الکبریٰ للبیهقي: 174/9، و فتح الباري: 422/9) (2)
آج کل کے ترقی یافتہ دور میں دور دراز سے آنے والے حضرات اس حدیث پر اس طرح عمل کر سکتے ہیں کہ بذریعہ فون، ایس ایم ایس، ای میل اپنے اہل خانہ کو اطلاع کر دیں کہ ہم فلاں دن اتنے بجے تک گھر آئیں گے۔
اگر حدیث پر عمل کرنے کی نیت ہوگی تو امید ہے یہ اطلاع باعث ثواب ہوگی۔
والله اعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5244   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5246  
5246. سیدنا جابر ؓ ہی سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم رات کے وقت (اپنے شہر) آؤ تو اپنے اہل خانہ کے پاس رات کے وقت مت آؤ جب تک وہ عورتیں جن کے خاوند تادیر باہر رہے ہیں اپنے زیر ناف بال صاف نہ کرلیں اور پراگندہ بالوں میں کنگھی نہ کرلیں۔ سیدنا جابر ؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھ پر جماع کرنے سے فرزند کی طلب ضروری ہے۔ عبید الله نے وہب اور سیدنا جابر ؓ کے ذریعے سے نبی ﷺ سے کیس کے الفاظ بیان کرنے میں شعبی کی متابعت کی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5246]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری رحمہ اللہ نے ثابت کیا ہے کہ بیوی سے جماع کا مقصد محض لطف اندوزی نہیں ہونا چاہیے بلکہ فرزند کے حصول کی نیت ہونی چاہیے، چنانچہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ایک روایت نقل کی ہے جس کے الفاظ یہ ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اولاد کی طلب کرو اور اس کی تلاش میں رہو، اولاد ثمرۂ قلب اور نور چشم ہے اور بانجھ عورت سے اجتناب کرو۔
(فتح الباري: 423/9) (2)
انسان کو نکاح کرتے وقت یہ عظیم مقصد اپنے سامنے رکھنا چاہیے کہ نیک اولاد پیدا ہو جو مرنے کے بعد دنیا میں اچھی نشانی کے طور پر باقی رہے۔
اس کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا رہے۔
باقیات صالحات (باقی رہنے والی نیکیوں)
میں نیک اولاد کو پہلا درجہ حاصل ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں نیک اور فرمانبردار اولاد عطا فرمائے۔
آمين
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5246   


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.