الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن نسائي کل احادیث 5761 :حدیث نمبر
سنن نسائي
کتاب: امامت کے احکام و مسائل
The Book of Leading the Prayer (Al-Imamah)
14. بَابُ : الإِمَامِ يَذْكُرُ بَعْدَ قِيَامِهِ فِي مُصَلاَّهُ أَنَّهُ عَلَى غَيْرِ طَهَارَةٍ
14. باب: نمازی پر کھڑے ہو جانے کے بعد امام کو یاد آئے کہ وہ ناپاک ہے تو کیا کرے؟
Chapter: After standing in the place where he prays, the Imam remembers that he is not in a state of purity
حدیث نمبر: 793
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
(مرفوع) اخبرنا عمرو بن عثمان بن سعيد بن كثير، قال: حدثنا محمد بن حرب، عن الزبيدي، عن الزهري، والوليد، عن الاوزاعي، عن الزهري، عن ابي سلمة، عن ابي هريرة، قال: اقيمت الصلاة فصف الناس صفوفهم" وخرج رسول الله صلى الله عليه وسلم حتى إذا قام في مصلاه ذكر انه لم يغتسل فقال للناس مكانكم، ثم رجع إلى بيته فخرج علينا ينطف راسه فاغتسل ونحن صفوف".
(مرفوع) أَخْبَرَنَا عَمْرُو بْنُ عُثْمَانَ بْنِ سَعِيدِ بْنِ كَثِيرٍ، قال: حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ حَرْبٍ، عَنِ الزُّبَيْدِيِّ، عَنِ الزُّهْرِيِّ، وَالْوَلِيدُ، عَنِ الْأَوْزَاعِيِّ، عَنِ الزُّهْرِيِّ، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قال: أُقِيمَتِ الصَّلَاةُ فَصَفَّ النَّاسُ صُفُوفَهُمْ" وَخَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّى إِذَا قَامَ فِي مُصَلَّاهُ ذَكَرَ أَنَّهُ لَمْ يَغْتَسِلْ فَقَالَ لِلنَّاسِ مَكَانَكُمْ، ثُمَّ رَجَعَ إِلَى بَيْتِهِ فَخَرَجَ عَلَيْنَا يَنْطِفَ رَأْسُهُ فَاغْتَسَلَ وَنَحْنُ صُفُوفٌ".
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نماز کے لیے اقامت کہی گئی، تو لوگوں نے اپنی صفیں درست کیں، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حجرے سے نکل کر نماز پڑھنے کی جگہ پر آ کر کھڑے ہوئے، پھر آپ کو یاد آیا کہ غسل نہیں کیا ہے ۱؎ تو آپ نے لوگوں سے فرمایا: تم اپنی جگہوں پر رہو، پھر آپ واپس اپنے گھر گئے پھر نکل کر ہمارے پاس آئے، اور آپ کے سر سے پانی ٹپک رہا تھا، اور ہم صف باندھے کھڑے تھے۔

تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الأذان 25 (639، 640)، صحیح مسلم/المساجد 29 (605)، سنن ابی داود/الطھارة 94 (235)، الصلاة 46 (541)، (تحفة الأشراف: 15200)، مسند احمد 2/237، 259، 283، 338، 339 (صحیح)»

وضاحت:
۱؎: اس سے بظاہر یہی لگتا ہے کہ آپ نے ابھی نماز شروع نہیں کی تھی۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: متفق عليه

   صحيح البخاري639عبد الرحمن بن صخرخرج وقد أقيمت الصلاة وعدلت الصفوف حتى إذا قام في مصلاه انتظرنا أن يكبر انصرف قال على مكانكم فمكثنا على هيئتنا حتى خرج إلينا ينطف رأسه ماء وقد اغتسل
   صحيح البخاري275عبد الرحمن بن صخرمكانكم ثم رجع فاغتسل ثم خرج إلينا ورأسه يقطر فكبر فصلينا معه
   صحيح البخاري640عبد الرحمن بن صخرمكانكم فرجع فاغتسل ثم خرج ورأسه يقطر ماء فصلى بهم
   صحيح مسلم1368عبد الرحمن بن صخرأقيمت الصلاة وصف الناس صفوفهم وخرج رسول الله فقام مقامه فأومأ إليهم بيده أن مكانكم فخرج وقد اغتسل ورأسه ينطف الماء فصلى بهم
   صحيح مسلم1367عبد الرحمن بن صخرمكانكم فلم نزل قياما ننتظره حتى خرج إلينا وقد اغتسل ينطف رأسه ماء فكبر فصلى بنا
   سنن أبي داود235عبد الرحمن بن صخرمكانكم ثم رجع إلى بيته فخرج علينا ينطف رأسه وقد اغتسل ونحن صفوف
   سنن النسائى الصغرى810عبد الرحمن بن صخرلنا مكانكم فلم نزل قياما ننتظره حتى خرج إلينا قد اغتسل ينطف رأسه ماء فكبر وصلى
   سنن النسائى الصغرى793عبد الرحمن بن صخرمكانكم ثم رجع إلى بيته فخرج علينا ينطف رأسه فاغتسل ونحن صفوف
   سنن ابن ماجه1220عبد الرحمن بن صخرإني خرجت إليكم جنبا وإني نسيت حتى قمت في الصلاة
   المعجم الصغير للطبراني133عبد الرحمن بن صخر كبر بهم فى صلاة الصبح ، فأومأ إليهم ، ثم انطلق ، فرجع ورأسه يقطر ، فصلى بهم ، فقال : إنما أنا بشر ، وإني كنت جنبا ، فنسيت
سنن نسائی کی حدیث نمبر 793 کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 793  
793۔ اردو حاشیہ: ایسا واقعہ کبھی کبھار ہو سکتا ہے۔ ضروری نہیں کہ آج کل بھی امام لوگوں کو صفوں میں کھڑا کر کے نہانے جائیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بات ہی اور تھی۔ آپ کے انتظار میں تو لوگ آدھی آدھی رات تک بیٹھے رہتے تھے۔ اگر ایسی صورت حال پیدا ہو جائے تو امام اپنی جگہ کسی کو کھڑا کر کے جماعت شروع کروائے اور خود چلا جائے۔ «أَنزِلوا الناسَ مَنازلَهم» یعنی ہر شخص کے ساتھ اس کے مقام و مرتبہ کے مطابق پیش آنا چاہیے۔ بالفرض اگر کسی امام کے مقتدی بخوشی اس کا انتظار کریں یا کوئی اور جماعت کے قابل نہ ہو تو مندرجہ بالا صورت پر عمل کیا جا سکتا ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 793   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 235  
´جنبی بھول کر نماز پڑھانے کے لیے کھڑا ہو جائے تو کیا کرے؟`
«. . . عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ وَصَفَّ النَّاسُ صفوفهم، فخرج: " أُقِيمَتِ الصَّلَاةُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، حَتَّى إِذَا قَامَ فِي مَقَامِهِ، ذَكَرَ أَنَّهُ لَمْ يَغْتَسِلْ، فَقَالَ لِلنَّاسِ: مَكَانَكُمْ، ثُمَّ رَجَعَ إِلَى بَيْتِهِ، فَخَرَجَ عَلَيْنَا يَنْطُفُ رَأْسُهُ وَقَدِ اغْتَسَلَ، وَنَحْنُ صُفُوفٌ "، وَهَذَا لَفْظُ ابْنُ حَرْبٍ، وَقَالَ عَيَّاشٌ فِي حَدِيثِهِ: فَلَمْ نَزَلْ قِيَامًا نَنْتَظِرُهُ حَتَّى خَرَجَ عَلَيْنَا وَقَدِ اغْتَسَلَ . . . .»
. . . ´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` (ایک مرتبہ) نماز کے لیے اقامت ہو گئی اور لوگوں نے صفیں باندھیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نکلے، یہاں تک کہ جب اپنی جگہ پر (آ کر) کھڑے ہو گئے، تو آپ کو یاد آیا کہ آپ نے غسل نہیں کیا ہے، آپ نے لوگوں سے کہا: تم سب اپنی جگہ پر رہو، پھر آپ گھر واپس گئے اور ہمارے پاس (واپس) آئے، تو آپ کے سر مبارک سے پانی ٹپک رہا تھا اور حال یہ تھا کہ آپ نے غسل کر رکھا تھا اور ہم صف باندھے کھڑے تھے۔ یہ ابن حرب کے الفاظ ہیں، عیاش نے اپنی روایت میں کہا ہے: ہم لوگ اسی طرح (صف باندھے) کھڑے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا انتظار کرتے رہے، یہاں تک کہ آپ ہمارے پاس تشریف لائے، آپ غسل کئے ہوئے تھے . . . [سنن ابي داود/كِتَاب الطَّهَارَةِ/باب فِي الْجُنُبِ يُصَلِّي بِالْقَوْمِ وَهُوَ نَاسٍ: 235]
فوائد و مسائل:
➊ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم احکام شریعت کے اسی طرح پابند تھے جیسے کہ باقی افراد امت، سوائے ان امور کے جن میں آپ کو خصوصیت دی گئی تھی۔
➋ جسے مسجد میں جنابت لاحق ہو جائے (احتلام ہو جائے) اس کے لیے ضروری نہیں کہ تیمم کر کے باہر نکلے جیسے کہ بعض کا خیال ہے۔
➌ اقامت اور تکبیر میں کسی معقول سبب سے فاصلہ ہو جائے تو کوئی حرج نہیں، دوبارہ اقامت کہنے کی ضرورت نہیں۔
➍ مقتدیوں کو چاہئیے کہ اپنے مقرر امام کا انتظار کریں، اگر کھڑے بھی رہیں تو جائز ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 235   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 275  
´جب کوئی شخص مسجد میں ہو اور اسے یاد آئے کہ مجھ کو نہانے کی حاجت ہے تو اسی طرح نکل جائے اور تیمم نہ کرے`
«. . . عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: " أُقِيمَتِ الصَّلَاةُ وَعُدِّلَتِ الصُّفُوفُ قياما، فَخَرَجَ إِلَيْنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَلَمَّا قَامَ فِي مُصَلَّاهُ ذَكَرَ أَنَّهُ جُنُبٌ، فَقَالَ لَنَا: مَكَانَكُمْ، ثُمَّ رَجَعَ فَاغْتَسَلَ، ثُمَّ خَرَجَ إِلَيْنَا وَرَأْسُهُ يَقْطُرُ فَكَبَّرَ فَصَلَّيْنَا مَعَهُ "، تَابَعَهُ عَبْدُ الْأَعْلَى، عَنْ مَعْمَرٍ، عَنْ الزُّهْرِيِّ، وَرَوَاهُ الْأَوْزَاعِيُّ، عَنْ الزُّهْرِيِّ . . . .»
. . . ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نماز کی تکبیر ہوئی اور صفیں برابر ہو گئیں، لوگ کھڑے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے حجرے سے ہماری طرف تشریف لائے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم مصلے پر کھڑے ہو چکے تو یاد آیا کہ آپ جنبی ہیں۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے فرمایا کہ اپنی جگہ کھڑے رہو اور آپ واپس چلے گئے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے غسل کیا اور واپس ہماری طرف تشریف لائے تو سر سے پانی کے قطرے ٹپک رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کے لیے تکبیر کہی اور ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز ادا کی۔ عثمان بن عمر سے اس روایت کی متابعت کی ہے عبدالاعلیٰ نے معمر سے اور وہ زہری سے۔ اور اوزاعی نے بھی زہری سے اس حدیث کو روایت کیا ہے۔ . . . [صحيح البخاري/كِتَاب الْغُسْل/بَابُ إِذَا ذَكَرَ فِي الْمَسْجِدِ أَنَّهُ جُنُبٌ يَخْرُجُ كَمَا هُوَ وَلاَ يَتَيَمَّمُ:: 275]
تشریح:
عبدالاعلیٰ کی روایت کو امام احمد نے نکالا ہے اور اوزاعی کی روایت کو خود حضرت امام بخاری رحمہ اللہ نے کتاب الاذان میں ذکر فرمایا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 275   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 639  
639. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ اس وقت گھر سے باہر تشریف لائے جب نماز کے لیے اقامت ہو چکی تھی اور صفیں بھی درست کر لی گئی تھیں حتی کہ جب آپ ﷺ مصلے پر کھڑے ہو گئے تو ہم آپ کے اللہ اکبر کہنے کا انتظار کرنے لگے، لیکن آپ نے ہم سے فرمایا: تم اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہو۔ اور خود واپس تشریف لے گئے، چنانچہ ہم سب اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہے یہاں تک کہ آپ تھوڑی دیر بعد جب ہمارے پاس دوبارہ تشریف لائے تو آپ کے سر پر پانی ٹپک رہا تھا کیونکہ آپ نے غسل فرمایا تھا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:639]
حدیث حاشیہ:
آپ ﷺ حالت جنابت میں تھے مگر یاد نہ رہنے کی وجہ سے تشریف لے آئے۔
بعد میں معلوم ہوگیا تو واپس تشریف لے گئے۔
اس حدیث سے حضرت امام بخاری قدس سرہ نے یہ مسئلہ ثابت کیا کہ کوئی ایسی ہی سخت ضرورت پیش آجائے، تو اذان و تکبیر کے بعد بھی آدمی مسجد سے باہر نکل سکتا ہے۔
جس حدیث میں ممانعت آئی ہے وہاں محض بلاوجہ نفسانی خواہش کے باہر نکلنا مراد ہے۔
ممانعت والی حدیث صحیح مسلم شریف میں حضرت ابوہریرہ ؓ سے مروی ہے اورمسنداحمد میں بھی ہے۔
ان احادیث کو نقل کرنے کے بعد حضرت علامہ شوکانی ؒ فرماتے ہیں:
والحدیثان یدلان علی تحریم الخروج من المسجد بعد سماع الأذان لغیر الوضوء وقضاءالحاجة وماتدعوا الضرورة إلیه حتی یصلی فیه تلك الصلوٰة لأن ذلك المسجد قد تعین لتلك الصلوٰة۔
(نیل الأوطار)
یعنی مسجد سے اذان سننے کے بعد نکلنا حرام ہے۔
مگروضو یاقضائے حاجت یا اورکوئی ضروری کام ہو تواجازت ہے ورنہ جس مسجد میں رہتے ہوئے اذان سن لی اب اسی مسجد میں نماز کی ادائیگی لازم ہے کیونکہ اس نماز کے لیے وہی مسجد متعین ہوچکی ہے۔
اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ احکام شریعت وطریقہ عبادت میں نسیان ہوسکتاہے تاکہ وہ وحی آسمانی کے مطابق اس نسیان کا ازالہ کرسکیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 639   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 640  
640. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ایک دفعہ نماز کے لیے اقامت ہو چکی تھی اور لوگوں نے صفیں بھی درست کر لی تھیں۔ اتنے میں رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور نماز کے لیے آگے بڑھے جبکہ آپ کو جنابت لاحق تھی۔ پھر آپ نے فرمایا: تم اپنی جگہ پر ٹھہرے رہو۔ چنانچہ آپ گھر لوٹ گئے اور غسل فرمایا۔ جب دوبارہ تشریف لائے تو آپ کے سر مبارک سے پانی ٹپک رہا تھا۔ پھر آپ نے لوگوں کو نماز پڑھائی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:640]
حدیث حاشیہ:
حضرت مولانا وحیدالزماں صاحب قدس سرہ فرماتے ہیں کہ بعض نسخوں میں یہاں اتنی عبارت زائد ہے:
قیل لأبي عبداللہ أي البخاري إن بدا لأحدنا مثل هذا یفعل کما یفعل النبي صلی اللہ علیه وسلم قال فأي شيئ یصنع فقیل ینتظرونه قیاما أوقعودا قال إن کان قبل التکبیر للإحرام فلابأس أن یقعدوا وإن کان بعدالتکبیر انتظروہ حال کونهم قیاما۔
یعنی لوگوں نے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ سے کہا اگر ہم میں کسی کو ایسا اتفاق ہو تووہ کیا کرے؟ انھوں نے کہا کہ جیسا آنحضرت ﷺ نے کیا ویسا کرے۔
لوگوں نے کہا تو مقتدی امام کا انتظار کھڑے رہ کر کرتے رہیں یا بیٹھ جائیں۔
انھوں نے کہا اگرتکبیرتحریمہ ہوچکی ہے تو کھڑے کھڑے انتظارکریں۔
ورنہ بیٹھ جانے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 640   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 810  
´امام کے نکلنے سے پہلے صفوں کی درستگی کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نماز کے لیے اقامت کہی گئی تو ہم کھڑے ہوئے، اور صفیں اس سے پہلے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہماری طرف نکلیں درست کر لی گئیں، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس آئے یہاں تک کہ جب آپ اپنی نماز پڑھانے کی جگہ پر آ کر کھڑے ہو گئے تو اس سے پہلے کہ کے آپ تکبیر (تکبیر تحریمہ) کہیں ہماری طرف پلٹے، اور فرمایا: تم لوگ اپنی جگہوں پہ رہو، تو ہم برابر کھڑے آپ کا انتظار کرتے رہے یہاں تک کہ آپ ہماری طرف آئے، آپ غسل کئے ہوئے تھے، اور آپ کے سر سے پانی ٹپک رہا تھا، تو آپ نے تکبیر (تحریمہ) کہی، اور صلاۃ پڑھائی۔ [سنن نسائي/كتاب الإمامة/حدیث: 810]
810 ۔ اردو حاشیہ: اگرچہ امام کو دیکھ کر کھڑے ہونا چاہیے مگر اتنی دیر پہلے بھی کھڑے ہو سکتے ہیں کہ امام صاحب کے آنے تک صفیں سیدھی ہوسکیں۔ [مزيد فوائد كے ليے ديكهيے: 793]
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 810   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1220  
´نماز پر بنا کرنے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لیے نکلے اور آپ نے «الله أكبر» کہا، پھر لوگوں کو اشارہ کیا کہ وہ اپنی جگہ ٹھہرے رہیں، لوگ ٹھہرے رہے، پھر آپ گھر گئے اور غسل کر کے آئے، آپ کے سر سے پانی ٹپک رہا تھا، پھر آپ نے لوگوں کو نماز پڑھائی، جب نماز سے فارغ ہوئے تو فرمایا: میں تمہارے پاس جنابت کی حالت میں نکل آیا تھا، اور غسل کرنا بھول گیا تھا یہاں تک کہ نماز کے لیے کھڑا ہو گیا۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1220]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
امام کے سہو سے مقتدیوں کی نماز خراب نہیں ہوتی۔
نبی اکرمﷺ نے بھول کر جنابت کی حالت میں تکبیر تحریمہ کہی لیکن مقتدیوں کی تکبیر تحریمہ درست تھی۔
اس لئے رسول اللہ ﷺ نے انہیں نماز کی حالت میں کھڑے رہنے کا اشارہ فرما دیا۔

(2)
اس حدیث سے بِنَا کا مسئلہ ثابت ہوسکتا ہے۔
کہ اگر نبی اکرم ﷺنے تکبیر تحریمہ دوبارہ نہ کہی ہو لیکن اس میں یہ اشکال ہے کہ حالت جنابت میں کہی ہوئی تکبیر تحریمہ کو درست ماننا پڑے گا۔
اس لئے نبی اکرم ﷺنے تکبیر تحریمہ یقیناً دوبارہ کہی ہوگی۔
اور اس صورت میں بناء کا مسئلہ ثابت نہیں ہوتا۔
واللہ أعلم۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1220   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1367  
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اقامت ہو گئی تو ہم نے صفوں کو برابر کر لیا، رسول اللہ ﷺ ابھی تک ہمارے سامنے نہیں آئے تھے، رسول اللہ ﷺ تشریف لا کر اپنے مصلے پر کھڑے ہو گئے، ابھی آپﷺ نے اَللُّٰہ اَکْبَر نہیں کہا تھا کہ آپﷺ کو (غسل کرنا) یاد آ گیا تو آپﷺ واپس پلٹ گئے اور ہمیں فرمایا: اسی جگہ پر جمے رہو، ہم آپﷺ کے انتظار میں کھڑے رہے، حتیٰ کہ آپﷺ تشریف لے آئے، آپﷺ غسل کر چکے تھے اور آپﷺ کے سر سے پانی کے قطرے گر... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:1367]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
ذَکَرَ:
یہاں تذکرہ کے معنی میں ہے کہ آپﷺ کو یاد آیا۔
(2)
يَنْطِفُ:
قطرے گر رہے تھے۔
فوائد ومسائل:
ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث سے معلوم ہوا جب آپﷺ حجرہ مبارک سے نکلنے لگتے بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ تکبیر شروع کر دیتے کچھ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھ کر کھڑا ہونا شروع کر دیتے ان کو دیکھ کر دوسرے لوگ بھی کھڑے ہو جاتے اور آپﷺ کے مصلیٰ پر آنے تک تکبیر ہو چکی ہوتی اور مقتدی صفیں برابر کر لیتے اور یہ بھی ممکن ہے یہ واقعہ ابو قتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت سے پہلے پیش آیا ہو اور اس بنا پر آپﷺ نے فرمایا ہو۔
(لَاتَقُوْمُوْا حَتّٰى تَرَوْنِيْ)
مجھے دیکھے بغیر کھڑا نہ ہوا کرو اور اس سے یہ بھی ثابت ہوا تکبیر تحریمہ اور اقامت کے درمیان ضرورت کی گفتگو ہو سکتی ہے نیز تکبیر کے بعد کچھ ضرورت کے تحت تاخیر ہو جائے تو دوبارہ تکبیرکی ضرورت نہیں ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1367   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:275  
275. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: ایک دفعہ نماز کے لیے اقامت کہہ دی گئی اور کھڑے ہو کر صفیں بھی سیدھی کر لی گئیں تو رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے۔ جب آپ مصلے پر کھڑے ہو چکے تو یاد آیا کہ آپ جنابت کی حالت میں ہیں۔ اس وقت آپ نے ہم سے فرمایا: اپنی جگہ ٹھہرے رہو۔ پھر آپ واپس چلے گئے، غسل فرمایا اور دوبارہ مسجد میں تشریف لائے تو آپ کے سر مبارک سے پانی ٹپک رہا تھا، چنانچہ آپ نے نماز کے لیے تکبیر کہی اور ہم نے آپ کے ساتھ نماز ادا کی۔ عبدالاعلیٰ نے بواسطہ معمر زہری سے عثمان بن عمر کی متابعت کی ہے اور اوزاعی نے بھی زہری سے اس روایت کو بیان کیا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:275]
حدیث حاشیہ:

ابن بطال ؒ نے بعض تابعین ؒ کے حوالے سے لکھا ہے کہ اگر کوئی جنبی شخص بھول کر مسجد میں داخل ہو جائے، جب اسے یاد آئے تو تیمم کر کے مسجد سے نکلے۔
امام ثوری ؒ اور اسحاق ؒ کا بھی یہی موقف ہے۔
(شرح ابن بطال: 389/1)
امام بخاری ؒ نے ان حضرات کی تردید میں اس عنوان کو قائم کیا ہے، یعنی جنبی آدمی مسجد میں آگیا، اسے خیال نہ تھا کہ مجھے نہانے کی ضرورت ہے، بعد میں اسے یاد آیا کہ میں تو جنبی ہوں، اب نکلنے کی کیا صورت ہوگی؟ آیا تیمم کرے، پھر نکلے یا فوراً مسجد سے باہر آ جائے؟ امام بخاری ؒ نے اپنا مسلک واضح کردیا ہے کہ یاد آنے پر اسے فوراً مسجد سے نکل آنا چاہے، اسے تیمم کے بقدر ٹھہرنے کی اجازت نہیں، البتہ مجبوری کے احکام اس سے مستثنیٰ ہوں گے، مثلاً:
۔
کوئی آدمی مسجد میں سو رہا ہے، اسے احتلام ہوگیا، ادھر رات بہت اندھیری ہے۔
باہر نہیں جا سکتا۔
۔
مسجد کے باہر کوئی درندہ وغیرہ کھڑا ہے جس سے جان کو خطرہ ہے۔
۔
باہر بہت تیز بارش ہو رہی ہے۔
ایسے حالات میں وہ مسجد میں بیٹھا رہے اور اللہ سے توبہ کرتا رہے۔

حدیث سے امام بخاری ؒ کے استدلا ل کی علامہ سندھی ؒ نے بایں الفاظ وضاحت کی ہے کہ احادیث کے بیان کرنے سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقصد کوئی قصہ سرائی یا داستان گوئی نہ ہوتا تھا، بلکہ وہ واقعات کو صرف مسائل شرعیہ بیان کرنے کے لیے سنایا کرتے تھے۔
اگراس موقع پر رسول اللہ ﷺ نے تیمم کیا ہوتا توحضرت ابوہریرۃ ؓ اس کا ضرور تذکرہ کرتے، اس لیے یہ سکوت محل بیان کا سکوت ہے جو بیان کا حکم رکھتا ہے۔
ایسے مواقع پر عدم الذکر عدم وجود کی دلیل ہے۔
اس سے ثابت ہوا کہ رسول اللہ ﷺ نے مسجد سے نکلتے وقت تیمم نہیں کیا تھا۔
(حاشیة السندي: 60/1)
اس سے معلوم ہواکہ اگر مسجد میں داخل ہونے کے بعد جنابت کا خیال آئے تو تیمم کا انتظار کیے بغیر فوراً مسجد سے نکل آنا چاہیے۔
مسجد کے تقدس کے پیش نظر مسجد کی دیوار سے بھی تیمم کرنے کی اجازت نہیں۔

امام بخاری ؒ نے اس کی تائید میں دو متابعتیں پیش فرمائی ہیں:
۔
عبدالاعلیٰ بن عبدالاعلیٰ بصری نے بواسطہ معمر زہری سے روایت کرنے میں عثمان بن عمر کی متابعت کی ہے جسے امام احمد بن حنبل ؒ نے اپنی مسند میں موصولاً بیان کیا ہے۔
۔
امام اوزاعی ؒ نے بھی حضرت ابن شہاب زہری سے اس روایت کو بیان کیا ہے جسے امام بخاری ؒ نے خود أبواب الإمامة کے اوائل میں باسند بیان کیا ہے۔
(فتح الباري: 497/1)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 275   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:639  
639. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ اس وقت گھر سے باہر تشریف لائے جب نماز کے لیے اقامت ہو چکی تھی اور صفیں بھی درست کر لی گئی تھیں حتی کہ جب آپ ﷺ مصلے پر کھڑے ہو گئے تو ہم آپ کے اللہ اکبر کہنے کا انتظار کرنے لگے، لیکن آپ نے ہم سے فرمایا: تم اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہو۔ اور خود واپس تشریف لے گئے، چنانچہ ہم سب اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہے یہاں تک کہ آپ تھوڑی دیر بعد جب ہمارے پاس دوبارہ تشریف لائے تو آپ کے سر پر پانی ٹپک رہا تھا کیونکہ آپ نے غسل فرمایا تھا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:639]
حدیث حاشیہ:
(1)
صحیح مسلم میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی کو اذان کے بعد مسجد سے نکلتے ہوئے دیکھا تو فرمایا:
اس نے ابو القاسم ﷺ کی نافرمانی کی ہے۔
امام بخاری ؒ کی پیش کردہ حدیث سے پتا چلا کہ یہ وعید اس شخص کے لیے ہے جو بلاوجہ اذان کے بعد مسجد سے نکلتا ہے، البتہ کسی ضرورت کے پیش نظر اقامت کے بعد بھی مسجد سے نکلنا جائز ہے، جیسا کہ مذکورہ حدیث میں ہے، مثلا:
کسی کو جنابت کا غسل یاد آگیا یا وہ بےہوگیا یا اسے نکسیر پھوٹ نکلی یا وہ کسی دوسری مسجد میں امامت کے فرائض سرانجام دیتا ہے تو ایسے حالات میں اذان یا تکبیر کے بعد مسجد سے نکلنا جائز ہے۔
اذان کے بعد ضرورت کے بغیر مسجد سے نکلنا منافقت کی علامت ہے، چنانچہ حدیث میں ہے:
اگر کوئی شخص اذان کے بعد بلاوجہ مسجد سے نکلتا ہے اور واپس بھی نہیں آتا تو وہ منافق ہے، ہاں! اگر کوئی ضرورت ہوتو الگ بات ہے۔
(المعجم الأوسط للطبراني: 502/4)
اس سے معلوم ہوا کہ اذان یا اقامت کے بعد بلاوجہ مسجد سے نہیں نکلنا چاہیے (فتح الباري: 159/2) (2)
سنن دار قطنی کی ایک روایت میں اضافہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
میں بحالت جنابت تھا اور غسل کرنا بھول گیا تھا۔
اس سے معلوم ہوا کہ عبادات کے سلسلے میں حضرات انبیاء علیہم السلام سہوونسیان کا شکار ہوسکتے ہیں۔
اس میں حکمت یہ ہے کہ امت کو ان سے متعلقہ مسائل سے آگاہی ہو، نیز اس حدیث سے درج ذیل مسائل کا پتا چلتا ہے:
٭مائے مستعمل پاک ہے۔
٭اقامت اور نماز کے درمیان اگر فاصلہ آجائے تو دوبارہ تکبیر کہنے کی ضرورت نہیں۔
٭ دینی معاملات میں شرم وحیا کو رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
٭ اقامت اور نماز کے درمیان گفتگو جائز ہے۔
٭ غسل جنابت کو کسی وجہ سے مؤخر کیا جاسکتا ہے۔
(فتح الباري: 160/2)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 639   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:640  
640. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ایک دفعہ نماز کے لیے اقامت ہو چکی تھی اور لوگوں نے صفیں بھی درست کر لی تھیں۔ اتنے میں رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور نماز کے لیے آگے بڑھے جبکہ آپ کو جنابت لاحق تھی۔ پھر آپ نے فرمایا: تم اپنی جگہ پر ٹھہرے رہو۔ چنانچہ آپ گھر لوٹ گئے اور غسل فرمایا۔ جب دوبارہ تشریف لائے تو آپ کے سر مبارک سے پانی ٹپک رہا تھا۔ پھر آپ نے لوگوں کو نماز پڑھائی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:640]
حدیث حاشیہ:
(1)
جب امام کسی ضرورت کے پیش نظر قبل از نماز چلا جائے اور کسی قرینے سے معلوم ہوجائے کہ لوٹ کر واپس آئے گا تو مقتدی حضرات کو اس کا انتظار کرنا چاہیے، بصورت دیگر کوئی دوسرا امام نماز پڑھا سکتا ہے۔
(2)
اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ تکبیر تحریمہ سے پہلے ہی غسل کے لیے گھر تشریف لےگئے تھے، لیکن بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو نماز شروع کرنے کے بعد یاد آیا کہ میں نے غسل نہیں کیا جیسا کہ ابو داود اور ابن حبان میں حضرت ابوبکرہ ؓ سے مروی ہے کہ ایک دفعہ رسول اللہ ﷺ نے نماز فجر کے لیے تکبیر تحریمہ کہی، پھر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو اشارہ فرمایا کہ تم اپنی اپنی جگہ پر ٹھہرے رہو۔
یہ دونوں روایات متعارض ہیں۔
ان میں تطبیق کئی طرح سے ممکن ہے:
ایک تو اس طرح کہ آپ نے تکبیر تحریمہ نہیں کہی تھی، بلکہ اس کا ارادہ فرمایا تھا۔
عربی زبان میں ارادۂ فعل پرفعل کا اطلاق ہوجاتا ہے۔
اس صورت میں حضرت ابوبکرہ ؓ اور حضرت ابو ہریرہ ؓ کی احادیث کا ایک ہی مفہوم ہوگا۔
یہ بھی احتمال ہے کہ دو مختلف واقعات ہوں جیسا کہ قاضی عیاض ؒ اور علامہ قرطبی ؒ نے کہا ہے اور امام نووی ؒ نے بھی اس کی تائید کی ہے۔
امام ابن حبان ؒ نے اپنی عادت کے مطابق کہا ہے کہ اگر ابوبکرہ والی روایت صحیح ہے تو اسے دو واقعات پر محمول کیا جائے گا بصورت دیگر صحیح بخاری کے واقعے کو ترجیح ہوگی۔
(فتح الباري: 160/2)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 640   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.