الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن نسائي کل احادیث 5761 :حدیث نمبر
سنن نسائي
کتاب: قاضیوں اور قضا کے آداب و احکام اور مسائل
The Book of the Etiquette of Judges
5. بَابُ : النَّهْىِ عَنْ مَسْأَلَةِ الإِمَارَةِ
5. باب: حکومت اور عہدہ منصب کی خواہش منع ہے۔
Chapter: Prohibition of Asking for Governorship
حدیث نمبر: 5387
پی ڈی ایف بنائیں اعراب
(مرفوع) حدثنا محمد بن آدم بن سليمان، عن ابن المبارك، عن ابن ابي ذئب، عن المقبري، عن ابي هريرة، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال:" إنكم ستحرصون على الإمارة، وإنها ستكون ندامة وحسرة يوم القيامة، فنعمت المرضعة، وبئست الفاطمة".
(مرفوع) حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ آدَمَ بْنِ سُلَيْمَانَ، عَنْ ابْنِ الْمُبَارَكِ، عَنْ ابْنِ أَبِي ذِئْبٍ، عَنْ الْمَقْبُرِيِّ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:" إِنَّكُمْ سَتَحْرِصُونَ عَلَى الْإِمَارَةِ، وَإِنَّهَا سَتَكُونُ نَدَامَةً وَحَسْرَةً يَوْمَ الْقِيَامَةِ، فَنِعْمَتِ الْمُرْضِعَةُ، وَبِئْسَتِ الْفَاطِمَةُ".
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عنقریب تم لوگ منصب کی خواہش کرو گے، لیکن وہ باعث ندامت و حسرت ہو گی پس دودھ پلانے والی کتنی اچھی ہوتی ہے، اور دودھ چھڑانے والی کتنی بری ہوتی ہے، (اس لیے کہ ملتے وقت وہ بھلی لگتی ہے اور جاتے وقت بری لگتی ہے) ۱؎۔

تخریج الحدیث: «انظر حدیث رقم: 4216 (صحیح)»

وضاحت:
۱؎: یعنی: حکومت اور منصب والی زندگی تو بھلی لگے گی لیکن اس کے بعد والی زندگی ابتر اور بری ہو گی۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: حسن

   صحيح البخاري7148عبد الرحمن بن صخرستحرصون على الإمارة وستكون ندامة يوم القيامة فنعم المرضعة وبئست الفاطمة
   سنن النسائى الصغرى5387عبد الرحمن بن صخرستحرصون على الإمارة وإنها ستكون ندامة وحسرة يوم القيامة فنعمت المرضعة وبئست الفاطمة
   بلوغ المرام1190عبد الرحمن بن صخرإنكم ستحرصون على الإمارة وستكون ندامة يوم القيامة فنعم المرضعة وبئست الفاطمة
سنن نسائی کی حدیث نمبر 5387 کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5387  
اردو حاشہ:
اس حدیث میں حکومت کو عورت کے ساتھ تشبیہ دی گئی ہے کہ دودھ پلانے والی (عورت) بچے کو اچھی لگتی ہے۔ وہ اس سے محبت کرتا ہے لیکن جب وہی عورت دودھ چھڑا دے تو پھر وہ اس سے نفرت کرنا لگتا ہے۔ لاتیں مارتا ہے اور چیختا چلاتا ہے۔ یہی حالت حکومت اور حاکم کا ہے کہ جب تک وہ برسر اقتدار رہے، وہ حکومت کے نشے میں مست رہتا ہے اور اپنے آپ کو خوش قسمت ترین آدمی سمجھتا ہے۔ بلکہ خوب عیاشیاں کرتا لیکن جب حکومت چھن جاتی ہے تو آنکھیں کھل جاتی ہیں۔ اقتدار رہ رہ کر یاد آتا ہے۔ پھر وہ آہ و بکا کرتا ہے اور جب اسے پانے دور اقتدار کا حسب دینا پڑتا ہے تو پھر وہ حکومت سے نفرت کرنے لگتا ہے اور اپنے آپ کو بدقسمت ترین انسان سمجھتا ہے۔ اور اگر کوئی صاحب اقتدار اپنی موت تک حکمران رہے تو پھر آخرت میں اس سے برا حال ہوتا ہے۔ إلَّا مَا رحم ربّي۔ حدیث میں بھی اس طرف اشارہ موجود ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ جیسے بے مثال عادل حکمران کا قول ہے: کاش میں اپنے دور اقتدار کے حساب سے بغیر کچھ  لیے دیے (ثواب و عذاب) چھوڑ دیا جا ؤں۔ یہ اسی حقیقت کا اظہار رہے ورنہ ان کی خلافت کی تعریف تو خود رسول اللہ ﷺ نے پیش گوئی کی صورت میں فرمائی ہے۔ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ وَ أَرْضَاهُ
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5387   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1190  
´(قضاء کے متعلق احادیث)`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بیشک تم لوگ ضرور حکومت کی حرص و خواہش کرو گے اور وہ قیامت کے روز باعث ندامت ہو گی۔ پس اچھی ہے دودھ پلانے والی ماں اور بری ہے دودھ چھڑانے والی ماں۔ (بخاری) «بلوغ المرام/حدیث: 1190»
تخریج:
«أخرجه البخاري، الأحكام، باب ما يكره من الحرص علي الإمارة، حديث:7148.»
تشریح:
1. اس حدیث میں امارت اور سرداری سے بچنے اور اجتناب کرنے کی طرف متوجہ کیا گیا ہے کیونکہ دوسری حدیث میں ہے کہ حکومت اور سربراہی دنیا میں ملامت اور اس سے معزولی ندامت و پشیمانی ہے اور آخرت میں باعث عذاب ہے۔
2. جس وقت انسان حکومت کی کرسی پر براجمان ہوتا ہے تو عزت و توقیر ملتی ہے‘ دولت و ثروت ہاتھ آتی ہے‘ عوام ماتحت ہوتے ہیں‘ ان پر حکم چلتا ہے‘ ٹھاٹھ باٹھ جمتے ہیں‘ ایسی صورت میں بڑی اچھی لگتی ہے۔
مگر جب بدعنوانیوں اور بے اعتدالیوں کا احتساب اس دنیا ہی میں شروع ہوتا ہے تو پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آتا اور آخرت کے حساب و کتاب کی سختی تو ایسی ہوگی جس کا اس دنیا میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔
اسی خوف کے پیش نظر امت مسلمہ کے صلحاء اس سے کوسوں دور رہنے کی کوشش کرتے رہے حتیٰ کہ سزائیں برداشت کیں مگر اس منصب کو قبول کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
موجودہ دور میں مسلمانوں کے اجتماعی معاملات کے بگاڑ کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ان کے سربراہان میں اکثر وبیشتر افراد وہ ہوتے ہیں جو عہدوں کے متلاشی‘ طلبگار اور بھوکے ہوتے ہیں‘ اسی لیے وہ کرسی پر براجمان ہوتے ہی عیش پرستی میں مگن ہو کر خوب مزے اڑاتے ہیں اور عوام کے حقوق بھلا کر اپنا دامن بھرنے میں سرگرم ہوتے ہیں۔
ایسی صورتحال میں عوام کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ شریعت کے اصولوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنا امیر اور سربراہ ایسے شخص کو قطعاً منتخب نہ کریں جو خود سربراہی اور عہدے کا طالب ہو کیونکہ اس سے خیر کی امید نہیں کی جا سکتی۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1190   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7148  
7148. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: یقیناً تم عنقریب حکومتی عہدے کا لالچ کروگے اور ایسا کرنا تمہارے لیے قیامت کے دن ندامت ہوگا۔دودھ پلانے والی اچھی لگتی ہے اور دودھ چھڑانے والی بری محسوس ہوتی ہے۔
ایک دوسری سند کے مطابق سیدنا سعید مقبری،عمر بن حکم کے واسطے سے سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے ان کا اپنا قول نقل کرتے ہیں- [صحيح بخاري، حديث نمبر:7148]
حدیث حاشیہ:
تو اس طریق میں دو باتیںاگلے طریق کے خلاف ہیں ایک تو سعید اور ابوہریرہ رضی اللہ عنہ میں عمر بن حکم کا واسطہ ہونا، دوسرے حدیث کو موقوفاً نقل کرنا۔
سبحان اللہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا عمدہ مثال دی ہے۔
آدمی کو حکومت اور سرداری ملتے وقت بڑی لذت ہوتی ہے، خوب روپے کماتا ہے، مزے اڑاتا ہے لیکن اس کو سمجھ لینا چاہئے کہ یہ سدا قائم رہنے والی چیز نہیں، ایک دن چھن جائے گی تو جتنا مزہ اٹھایا ہے وہ سب کرکرا ہوجائے گا اور اس رنج کے سامنے جو سرداری اور حکومت جاتے وقت ہوگا یہ خوشی کوئی چیز نہیں ہے۔
عاقل کو چاہئے کہ جس کام کے انجام میں رنج ہو اس کو تھوڑی سی لذت کی وجہ سے ہرگز اختیار نہ کرے۔
عاقل وہی کام کرتا ہے جس میں رنج اور دکھ کا نام نہ ہو، نری لذت ہی لذت ہو گویہ لذت مقدار میں تھوڑی ہو لیکن اس لذت سے بدرجہا بہتر ہے جس کے بعد رنج سہنا پڑے۔
لاحول ولا قوۃ الا باللہ۔
دنیا کی حکومت پر سرداری اور بادشاہت درحقیقت ایک عذاب الیم ہے۔
اسی لیے عقل مند بزرگ اس سے ہمیشہ بھاگتے رہے۔
امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے مارکھائی، قید میں رہے مگر حکومت قبول نہ کی۔
دوسری حدیث میں ہے جو شخص عدالت کا حاکم یعنی قاضی (جج)
بنایا گیا وہ بن چھری ذبح کیاگیا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7148   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7148  
7148. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: یقیناً تم عنقریب حکومتی عہدے کا لالچ کروگے اور ایسا کرنا تمہارے لیے قیامت کے دن ندامت ہوگا۔دودھ پلانے والی اچھی لگتی ہے اور دودھ چھڑانے والی بری محسوس ہوتی ہے۔
ایک دوسری سند کے مطابق سیدنا سعید مقبری،عمر بن حکم کے واسطے سے سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے ان کا اپنا قول نقل کرتے ہیں- [صحيح بخاري، حديث نمبر:7148]
حدیث حاشیہ:

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکومتی عہدے کی لذت اور حلاوت کی بہترین مثال دی ہے کہ انسان کو حکومتی منصب ملتے وقت بڑی لذت محسوس ہوتی ہے وہ خوب مزے اڑاتا ہے۔
یہ اس کا آغاز ہے جیسا کہ دودھ پلانے والی عورت ہوتی ہے لیکن یہ ہمیشہ قائم رہنے والی چیز نہیں ہے ایک دن چھن جائے گی تو جتنا مزہ اٹھایا تھا وہ سب کرکراہوجائےگا۔
حکومت جانے کا رنج اور پریشانی اس قدر ہوگی کہ اس کے مقابلے میں ابتدائی خوشی کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔
عقلمند کوچاہیے کہ جس کام کے انجام میں رنج ہواسے معمولی سی لذت کی وجہ سے اختیار نہ کرے۔
اس انجام کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے\"دودھ چھڑانے والی بری ہے\" کے الفاظ سے بیان فرمایا ہے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات کا صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین پر یہ اثر ہوا کہ بہت سے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین حکومتی عہدوں سے بھاگتے تھے۔
چنانچہ حدیث میں ہے کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اپنے زمانہ خلافت میں قاضی بنانا چاہا لیکن انھوں نے انکار کردیا اور کس طرح بھی راضی نہ ہوئے(جامع الترمذی الاحکام حدیث 1322)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7148   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.