الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن نسائي کل احادیث 5761 :حدیث نمبر
سنن نسائي
کتاب: حج کے احکام و مناسک
The Book of Hajj
74. بَابُ : رُكُوبِ الْبَدَنَةِ
74. باب: ہدی کے جانور پر سوار ہونے کا بیان۔
Chapter: Riding The Badanah
حدیث نمبر: 2801
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
(مرفوع) اخبرنا قتيبة، عن مالك، عن ابي الزناد، عن الاعرج، عن ابي هريرة، ان رسول الله صلى الله عليه وسلم راى رجلا يسوق بدنة، قال:" اركبها"، قال: يا رسول الله إنها بدنة، قال:" اركبها، ويلك" , في الثانية، او في الثالثة.
(مرفوع) أَخْبَرَنَا قُتَيْبَةُ، عَنْ مَالِكٍ، عَنْ أَبِي الزِّنَادِ، عَنْ الْأَعْرَجِ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَأَى رَجُلًا يَسُوقُ بَدَنَةً، قَالَ:" ارْكَبْهَا"، قَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّهَا بَدَنَةٌ، قَالَ:" ارْكَبْهَا، وَيْلَكَ" , فِي الثَّانِيَةِ، أَوْ فِي الثَّالِثَةِ.
ابوہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ قربانی کے اونٹ کو ہانک کر لے جا رہا ہے آپ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ، اس نے کہا: اللہ کے رسول! ہدی کا اونٹ ہے۔ آپ نے (پھر) فرمایا: سوار ہو جاؤ، تمہارا، برا ہو، راوی کو شک ہے «ويلك» تمہارا برا ہو ۱؎ کا کلمہ آپ نے دوسری بار میں کہا یا تیسری بار میں۔

تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الحج 103 (1689)، 112 (1706)، الوصایا 12 (2755)، الأدب 95 (6160)، صحیح مسلم/الحج 65 (1322)، سنن ابی داود/الحج 18 (1760)، (تحفة الأشراف: 13081)، موطا امام مالک/الحج 45 (139)، مسند احمد (2/254، 278، 312، 464، 474، 481، 487، 505) (صحیح)»

وضاحت:
۱؎: اس سے یہاں بدعا مقصود نہیں بلکہ زجر و توبیخ مراد ہے۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: متفق عليه

   صحيح البخاري2755عبد الرحمن بن صخراركبها قال يا رسول الله إنها بدنة قال اركبها ويلك في الثانية أو في الثالثة
   صحيح البخاري6160عبد الرحمن بن صخراركبها قال يا رسول الله إنها بدنة قال اركبها ويلك في الثانية أو في الثالثة
   صحيح البخاري1689عبد الرحمن بن صخراركبها قال إنها بدنة قال اركبها ويلك في الثالثة أو في الثانية
   صحيح البخاري1706عبد الرحمن بن صخراركبها قال فلقد رأيته راكبها يساير النبي والنعل في عنقها
   صحيح مسلم3210عبد الرحمن بن صخراركبها فقال بدنة يا رسول الله قال ويلك اركبها ويلك اركبها
   صحيح مسلم4248عبد الرحمن بن صخراركب أيها الشيخ فإن الله غني عنك وعن نذرك
   صحيح مسلم3208عبد الرحمن بن صخراركبها قال يا رسول الله إنها بدنة فقال اركبها ويلك في الثانية أو في الثالثة
   سنن أبي داود1760عبد الرحمن بن صخراركبها ويلك في الثانية أو في الثالثة
   سنن النسائى الصغرى2801عبد الرحمن بن صخراركبها قال يا رسول الله إنها بدنة قال اركبها ويلك
   سنن ابن ماجه2135عبد الرحمن بن صخراركب أيها الشيخ فإن الله غني عنك وعن نذرك
   سنن ابن ماجه3103عبد الرحمن بن صخراركبها قال إنها بدنة قال اركبها ويحك
   صحيفة همام بن منبه11عبد الرحمن بن صخراركبها فقال إنها بدنة يا رسول الله فقال ويلك اركبها ويلك اركبها
   موطا امام مالك رواية ابن القاسم343عبد الرحمن بن صخرركبها فقال: يا رسول الله، إنها بدنة، فقال: ”اركبها“ فقال: يا رسول الله، إنها بدنة، فقال: ويلك
   مسندالحميدي1033عبد الرحمن بن صخراركبها
سنن نسائی کی حدیث نمبر 2801 کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2801  
اردو حاشہ:
(1) اصل تو یہی ہے کہ قربانی کا اونٹ آگے آگے خالی جائے۔ اس پر بوجھ لدا ہوا ہو نہ اس پر سواری کی جا رہی ہو۔ یہ اس کے احترام کا تقاضا ہے جیسے رسول اللہﷺ کی سواری کی اونٹنی اور تھی، قربانی کے اونٹ الگ تھے۔ مگر ممکن ہے کوئی شخض تنگ دست ہو۔ اس کے پاس ایک ہی اونٹ ہو جسے وہ قربانی کے طور پر ذبح کرنا چاہتا ہے۔ سواری کے لیے کوئی الگ اونٹ میسر نہیں۔ فاصلہ بعید ہے تو کوئی حرج نہیں کہ وہ اس پر سوار ہو جائے کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو تنگی میں ڈالنا چاہتا۔ حدیث: 2804 سے یہ بات واضح طور پر سمجھ میں آتی ہے۔ احناف قربانی کے جانور پر سوار ہونے کے لیے یہ شرط لگاتے ہیں کہ وہ شخص چلنے سے عاجز آچکا ہو اور چل نہ سکتا ہو۔ اگر چل سکتا ہو تو پھر وہ سوار نہیں ہو سکتا۔ مگر احادیث سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ وہ شخص چل رہا تھا بلکہ آپ کے مجبور کرنے پر سوار ہوا۔ وہ سوار نہ ہونا چاہتا تھا۔
(2) پہلی دفعہ فرمانے پر وہ اس لیے سوار نہ ہوا کہ شاید رسول اللہﷺ کو علم نہ ہو کہ یہ قربانی کا اونٹ ہے۔ دوبارہ پھر وہ سوار نہ ہوا کہ ابھی متردد تھا، پھر جب آپ نے سختی سے فرمایا اور اس کو بھی کوئی اشکال باقی نہ رہا تو پھر وہ سوار ہوا۔
(3) تجھ پر افسوس! ظاہراً تو یہ بددعا ہے مگر عرف عام میں یہ کلمہ ترحم وشفقت ہے۔ آپ کا مقصود بھی بددعا دینا نہ تھا۔
(4) دوسری یا تیسری دفعہ آئندہ حدیث میں چوتھی دفعہ کا ذکر بھی ہے۔
(5) جس طرح مجبوراً سوار ہونا جائز ہے، اسی طرح اس پر سامان سفر بھی لادا جا سکتا ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2801   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث موطا امام مالك رواية ابن القاسم 343  
´قربانی والے جانور پر سواری کی جا سکتی ہے`
«. . . 350- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم رأى رجلا يسوق بدنة، فقال: اركبها فقال: يا رسول الله، إنها بدنة، فقال: اركبها فقال: يا رسول الله، إنها بدنة، فقال: ويلك فى الثانية والثالثة. . . .»
. . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی دیکھا جو قربانی کا جانور لے کر (پیدل) جا رہا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! یہ قربانی کا جانور ہے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! یہ قربانی کا جانور ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسری یا تیسری دفعہ فرمایا: تمہاری خرابی ہو (اس پر سوار ہو جاؤ)۔ . . . [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 343]
تخریج الحدیث:
[وأخرجه البخاري 1689، ومسلم 1322، من حديث مالك به]
تفقه:
➊ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم پر عمل کرنا ضروری ہے۔
➋ حدیث حجت ہے۔
➌ قربانی والے جانور پر بوقتِ ضرورت سواری جائز ہے۔
➍ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کی مخالفت میں خرابی ہی خرابی ہے۔
➎ حج کے لئے پیدل اور سوار ہو کر دونوں طرح جانا جائز ہے۔
➏ اپنے آپ کو شرعی عذر کے بغیر مشقت میں ڈالنا جائز نہیں ہے۔
   موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 350   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1760  
´ہدی کے اونٹوں پر سوار ہونے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ ہدی کا اونٹ ہانک کر لے جا رہا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ، وہ بولا: یہ ہدی کا اونٹ ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ، تمہارا برا ہو ۱؎، یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسری یا تیسری بار میں فرمایا۔ [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 1760]
1760. اردو حاشیہ: تم پر افسوس کلمہ تو بیخ کہنے کی وجہ اس شخص کی کم فہمی تھی کہ نبی ﷺ دیکھ رہے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ یہ قربانی کا جانور ہے پھر بھی وہ انکار اور اصرار کرتا رہا۔ اسے چاہیے تھا کہ ارشاد نبوی کی بلا چون و چرا تعمیل کرتا۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1760   

  حافظ عبدالله شميم حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيفه همام بن منبه   11  
´قربانی کے جانور پر سواری کی اجازت`
اور ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ایک مرتبہ ایک آدمی قربانی کے جانور کو اس کے گلے میں پٹہ ڈالے پیدل ہانکے چلا جا رہا تھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: اس پر سوار ہو جا، اس شخص نے کہا: اے اللہ کے رسول! یہ قربانی کا جانور ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تجھ پر افسوس ہے! اس پر سوار ہو جا، تجھ پر افسوس ہے! اس پر سوار بھی ہو جا۔ [صحيفه همام بن منبه/متفرق/حدیث: 11]
شرح الحدیث:
اس حدیث سے درج ذیل مسائل مستنبط ہوتے ہیں:
1- فتویٰ یا کسی بھی بات کو سمجھانے اور موکد کرنے کے لیے بار بار دھرایا جا سکتا ہے، کیونکہ نبی صلی الله علیہ وسلم نے 2 یا 3 مرتبہ فرمایا: ((وَيْلَكَ اِرْكَبْهَا)) "تجھ پر افسوس ہے سوار ہو جا."
2- بہتر یہ ہے کہ حکم کی فورا تعمیل کی جائے، اور قاعدہ بھی یہی ہے کہ ((اَلْأَمْرُ لِلْفَوْرِ)) "امر فی الفور کام کرنے پر دلالت کرتا ہے۔ "
3- اور جو کوئی حکم کی تعمیل میں دیر کرے، اسے ادب سکھانا بھی ثابت ہے، نبی صلی الله علیہ وسلم نے جب دیکھا کہ آدمی اونٹ پر ایک مرتبہ کہنے سے سوار نہیں ہوا، تو آپ صلی الله علیہ وسلم نے اسے دو مرتبہ ڈانٹا، اور کہا: ((وَيْلَكَ)) "تجھ پر افسوس ہے."
4- جب کوئی شخص کسی کے لیے کسی کام میں مصلحت دیکھے تو اس کی طرف اس کی رہنمائی کرنے میں بالکل دیر نہ کرے، جیسا کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے کیا۔
5- اور علامت کے طور پر جانوروں کے گلے میں پٹہ بھی ڈالا جا سکتا ہے۔
6- اور یہ بھی معلوم ہوا کہ حاجی اپنے قربانی کے جانور مثلاً اونٹ وغیرہ پر بوقت ضرورت سوار ہو کر حج کا سفر کر سکتا ہے۔ ایسا کرنا بالکل جائز ہے۔ مسند احمد میں ہے کہ سیدنا علی رضی الله عنہ سے سوال کیا گیا:
((هَلْ يَرْكَبُ الرَّجُلُ هَدِيَّته؟ فَقَالَ: لَا بَأْسَ، قَدْ كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَمُرُّ بِالرِّجَالِ يَمْشُوْنَ فَيَأْمُرُهُمْ بِرُكُوْبِ هَدِيَّتِهِمْ.))
"کیا کوئی شخص قربانی کے جانور پر سوار ہو سکتا ہے؟ تو آپ رضی الله عنہ نے فرمایا: اس میں کوئی حرج نہیں، یقیناً نبی صلی الله علیہ وسلم پیدل چلنے والے لوگوں کے پاس سے گزرتے تھے تو آپ صلی الله علیہ وسلم ان کو ان کے قربانی کے جانوروں پر سوار ہونے کا حکم دیتے۔ "
بوقت مجبوری کوئی بھی شخص قربانی کے جانور پر سوار ہوگا وگرنہ نہیں، اور جب ضرورت پوری ہو جائے تو آدمی سواری سے اتر جائے۔ صحیح مسلم میں ہے:
((اِرْكَبْهَا بِالْمَعْرُوْفِ إِذَا اُلْجِئْتَ إِلَيهَا حَتَّى تَجِدَ ظَهْرًا)) (صحیح مسلم: 3214)
"جب تم مجبور ہو تو اچھے طریقے سے اس پر سوار ہو جاؤ، اس وقت تک کہ تمہیں کوئی دوسری سواری نہ ملے۔ "
مذکورہ حدیث کے مفہوم سے واضح ہوتا ہے کہ جب دوسری سواری مل جائے تو اس پر سوار نہیں ہو سکتے۔
ابراہیم نخعی رحمة الله علیہ کے متعلق آتا ہے کہ جب وہ تھک جاتے تو تھوڑی دیر کے لیے سوار ہوجاتے اور جب تھکان دور ہو جاتی تو اس سے اتر جاتے۔ (عمدة القاری: 8/ 192-193)
زمانہ جاہلیت میں عرب لوگ سائبہ وغیرہ جو جانور مذہبی نیاز نذر کے طور پر چھوڑ دیتے۔ اور ان پر سوار ہونا معیوب جانا کرتے تھے۔ قربانی کے جانوروں کے متعلق بھی جو کعبہ میں لے جائے جائیں ان کا ایسا ہی تصور تھا۔ اسلام نے اس غلط تصور کو ختم کیا، اور رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ادب سکھاتے ہوئے حکم دیا کہ اس پر سواری کرو تاکہ راستہ کی تھکن سے بچ سکو۔ قربانی کے جانور ہونے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اسے معطل کرکے چهوڑ دیا جائے، اسلام اسی لیے دین فطرت ہے کہ اس نے قدم قدم پر انسانی ضروریات کو ملحوظ نظر رکھا ہے اور ہر جگہ عین ضروریات انسانی کے تحت احکامات صادر کیے ہیں۔ خود عرب میں اطراف مکہ سے جو لاکھوں حاجی حج کے لیے مکہ شریف آتے ہیں ان کے لیے یہی احکام ہیں۔ آج کل باقی دور دراز اسلامی ممالک سے آنے والوں کے لیے ریل، موٹر گاڑیاں، بحری و ہوائی جہاز موجود ہیں۔ یہ محض الله کا فضل ہے کہ آج کل سفر حج بے حد آسان ہو گیا ہے، پھر بھی کوئی دولت مند مسلمان حج کو نہ جائے تو اس کی بدبختی میں کیا شبہ ہے۔
   صحیفہ ہمام بن منبہ شرح حافظ عبداللہ شمیم، حدیث/صفحہ نمبر: 11   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2135  
´جس نے پیدل چل کر حج کرنے کی نذر مانی اس کے حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بوڑھے کو دیکھا کہ اپنے دو بیٹوں کے درمیان چل رہا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: اس کا کیا معاملہ ہے؟ اس کے بیٹوں نے کہا: اس نے نذر مانی ہے، اللہ کے رسول! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بوڑھے سوار ہو جاؤ، اللہ تم سے اور تمہاری نذر سے بے نیاز ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الكفارات/حدیث: 2135]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  ایسی نذر ماننا درست نہیں جسے پورا کرنے میں انتہائی مشقت ہو۔

(2)
  جب انسان محسوس کرے کہ نذر پوری کرنا بس سے باہر ہوتا جا رہا ہے تو نذر توڑ کر کفارہ دے دے۔

(3)
  اپنے آپ پر اتنی مشقت ڈالنا مناسب نہیں جس کو نبھانا دشوار ہو۔
اللہ کی رضا ان اعمال کی خلوص کے ساتھ ادائیگی کے ساتھ بھی حاصل ہو سکتی ہے جسے آدمی آسانی سے ادا کرسکے، تاہم نفلی عبادات کا مناسب حد تک اہتمام کرنا ضروری ہے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2135   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1033  
1033- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ایک شخص کے پاس گزرے جو اپنے قربانی کے جانوروں کو ساتھ لے کر جا رہا تھا۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم اس پر سوار ہو جاؤ! اس نے عرض کی: یہ قربانی کا جانور ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم اس پر سوار ہوجاؤ۔‏‏‏‏ اس نے عرض کی: یہ قربانی کا جانور ہے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم اس پرسوار ہوجاؤ۔ تم برباد ہوجاؤ (راوی کو شک ہے شائد یہ الفاظ ہیں) تمہارا ستیاناس ہو! تم اس پر سوار ہوجاؤ۔‏‏‏‏ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1033]
فائدہ:
«بدنته» اس جانور کو کہا: جا تا ہے جس کو قربانی کے لیے خاص کیا گیا ہو، نیز اس حدیث سے ثابت ہوا کہ قربانی کے لیے خاص کیے ہوئے جانور پر سواری کرنا درست ہے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1032   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 3208  
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے، ایک انسان کو قربانی کا اونٹ ہانکتے ہوئے دیکھا تو فرمایا: اس پر سوار ہو جا۔ اس نے کہا، اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! یہ ہدی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سوار ہو جا۔ دوسری یا تیسری دفعہ فرمایا، تیرے لیے خرابی ہو۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:3208]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
امام احمد رحمۃ اللہ علیہ اور اسحاق رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک قربانی کے اونٹ پر سوار ہونا جائز ہے،
اور بعض اہل ظاہر کے نزدیک اگر اور سواری نہ ہو تو سوار ہونا ضروری ہے،
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک احتیاج و ضرورت کی صورت میں سوار ہونا جائز ہے،
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کا موقف یہی ہے اور امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک اضطراری حالت میں سوار ہونا جائز ہے،
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ کا ایک قول بھی یہی ہے اور امام ابن العربی مالکی کے نزدیک بقدر ضرورت سوار ہونا چاہیے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 3208   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1706  
1706. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے، کہ نبی ﷺ نے ایک ایسے آدمی کو دیکھا جو قربانی کے اونٹ کو ہانک رہا تھا۔ آپ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ اس نے عرض کیا: یہ قربانی کا جانور ہے۔ آپ نے فرمایا: اس پر سوارہو جاؤ۔ حضرت ابو ہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ میں نے اسے دیکھا کہ وہ اونٹ پر سوارہو کر نبی ﷺ کے ساتھ ساتھ چل رہا تھا اور جوتوں کا ہار اس اونٹ کے گلے میں تھا۔ محمد بن بشار نے (یحییٰ بن ابی کثیر سے روایت کرنے میں) معمر کی متابعت کی ہے۔ علی بن مبارک نے یحییٰ بن ابی کثیر سے، انھوں نے حضرت عکرمہ سے، انھوں نے نبی ﷺ سے اسی طرح روایت کیا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1706]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں اشارہ بھی ہے کہ ایک جوتی لٹکانا کافی ہے اور رد ہے اس کا جو کہ کم سے کم دو جوتیاں لٹکانا ضروری کہتا ہے اور مستحب یہی ہے کہ دو جوتیاں ڈالے (وحیدی)
مگر ایک بھی کافی ہو جاتی ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1706   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6160  
6160. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی کو دیکھا جو قربانی کے اونٹ کو ہانک کرلے جارہا تھا۔ آپ نے فرمایا: اس پر سوار ہوجاؤ۔ اس نے کہا: یہ تو قربانی کا جانور ہے۔ آپ نے فرمایا: تیرے لیے ہلاکت ہو، اس پر سوار ہوجاؤ۔ دوسری یا تیسری مرتبہ فرمایا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6160]
حدیث حاشیہ:
قربانی کے لئے جو اونٹ نذر کر دیا جائے اس پر سفر حج کے لئے سواری کی جا سکتی ہے وہ شخص ایسے اونٹ کو لے کر پیدل سفر کر رہا تھا اوربار بار کہنے پر بھی سوار نہیں ہو رہا تھا۔
اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لفظ ویلك بول کر اس کو اونٹ پر سوار کرایا۔
معلوم ہوا کہ ایسے مواقع پر لفظ ویلك بول سکتے ہیں یعنی تجھ پر افسوس ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6160   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1689  
1689. حضرت ابوہریرۃ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا وہ قربانی کے جانور کو ہانک رہاتھا۔ آپ نے فرمایا: اس پر سوار ہوجا۔ اس نے عرض کیا: یہ تو قربانی کا اونٹ ہے، آپ ﷺ نے فرمایا: تجھ پر افسوس ہو!اس پر سوار ہوجا۔ دوسری یا تیسری مرتبہ یہ الفاظ استعمال فرمائے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1689]
حدیث حاشیہ:
زمانہ جاہلیت میں عرب لوگ سائبہ وغیرہ جو جانور مذہبی نیاز و نذر کے طور پر چھوڑ دیتے ان پر سوار ہونا معیوب جانا کرتے تھے، قربانی کے جانوروں کے متعلق بھی جو کعبہ میں لے جائے جائیں ان کا ایسا ہی تصور تھا۔
اسلام نے اس غلط تصور کو ختم کیا اور آنحضرت ﷺ نے باصرار حکم دیا کہ اس پر سواری کرو تاکہ راستہ کی تھکن سے بچ سکو۔
قربانی کے جانور ہونے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اسے معطل کرکے چھوڑ دیا جائے۔
اسلام اسی لیے دین فطرت ہے کہ اس نے قدم قدم پر انسانی ضروریات کو ملحوظ نظر رکھا ہے اور ہر جگہ عین ضروریات انسانی کے تحت احکامات صادر کئے ہیں، خود عرب میں اطراف مکہ سے جو لاکھوں حاجی آج کل بھی حج کے لیے مکہ شریف آتے ہیں ان کے لیے یہی احکام ہیں باقی دور دراز ممالک اسلامیہ سے آنے والوں کے لیے قدرت نے ریل، موٹر، جہاز وجود پذیر کرد ئیے ہیں۔
یہ محض اللہ کا فضل ہے کہ آج کل سفر حج بے حد آسان ہو گیا پھر بھی کوئی دولت مند مسلمان حج کو نہ جائے تو اس کی بدبختی میں کیا شبہ ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1689   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2755  
2755. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی کو دیکھا جو اپنا قربانی کا اونٹ ہانکے جارہا ہے۔ آپ نے اسے کہا: اس پر سوار ہوجا۔ اس نے عرض کیا: اللہ کےرسول ﷺ!یہ تو قربانی کے لیے وقف ہے۔ آپ نے دوسری یاتیسری مرتبہ فرمایا: تیرے لیے خرابی ہو اس پر سوار ہوجا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2755]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے یہ نکالا کہ وقفی چیز سے خود وقف کرنے والا بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے، جانور پر مکان کو بھی قیاس کر سکتے ہیں۔
اگر کوئی مکان وقف کرے تو اس میں خود بھی رہ سکتا ہے۔
یہ بھی ظاہر ہوا کہ قربانی کے جانور پر بوقت ضرورت سواری کی جا سکتی ہے، اگر وہ دودھ دینے والا جانور ہے تو اس کا دودھ بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے و۔
وہ جانور برائے قربانی متعین کرنے کے بعد عضو معطل نہیں بن جاتا۔
عام طور پر مشرکین اپنے شرکیہ افعال کے لئے موسوم کردہ جانوروں کو بالکل آزاد سمجھنے لگ جاتے ہیں جو ان کی نادانی کی دلیل ہے، غیر اللہ کے ناموں پر اس طرح جانور چھوڑنا شرک ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2755   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1706  
1706. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے، کہ نبی ﷺ نے ایک ایسے آدمی کو دیکھا جو قربانی کے اونٹ کو ہانک رہا تھا۔ آپ نے فرمایا: اس پر سوار ہو جاؤ۔ اس نے عرض کیا: یہ قربانی کا جانور ہے۔ آپ نے فرمایا: اس پر سوارہو جاؤ۔ حضرت ابو ہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ میں نے اسے دیکھا کہ وہ اونٹ پر سوارہو کر نبی ﷺ کے ساتھ ساتھ چل رہا تھا اور جوتوں کا ہار اس اونٹ کے گلے میں تھا۔ محمد بن بشار نے (یحییٰ بن ابی کثیر سے روایت کرنے میں) معمر کی متابعت کی ہے۔ علی بن مبارک نے یحییٰ بن ابی کثیر سے، انھوں نے حضرت عکرمہ سے، انھوں نے نبی ﷺ سے اسی طرح روایت کیا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1706]
حدیث حاشیہ:
(1)
حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حجۃ الوداع کے لیے روانہ ہوتے وقت رسول اللہ ﷺ نے اپنی قربانی کی اونٹنی منگوائی اور کوہان کی دائیں جانب نیزہ مارا، وہاں سے خون بہا کر اسے علامت لگا دی کہ یہ قربانی کا جانور ہے اور اس سے خون صاف کر دیا، پھر اس کے گلے میں دو جوتیوں کا ہار ڈالا۔
(صحیح مسلم، الحج، حدیث: 3016(1243) (2)
بعض حضرات کا موقف ہے کہ قربانی کو ہار پہنانے کے لیے جوتے متعین نہیں ہیں کوئی بھی چیز نشانی اور علامت کے طور پر گلے میں لٹکائی جا سکتی ہے۔
(3)
جوتے کے ہار میں یہ حکمت بیان کی جاتی ہے کہ عرب جوتوں کو سواری شمار کرتے تھے کیونکہ وہ پہننے والے کی حفاظت کرتے ہیں اور راستے کی گندگی اٹھا لیتے ہیں۔
کسی جانور کے گلے میں ڈالنے کا مطلب یہ ہے کہ اب یہ جانور اس کی سواری نہیں رہا بلکہ اللہ تعالیٰ کے لیے وقف ہو گیا ہے۔
اس اعتبار سے جوتوں کے ہار کو مستحب کہا جاتا ہے۔
(4)
محمد بن بشار کی متابعت ہمیں نہیں مل سکی۔
(فتح الباري: 693/3)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1706   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2755  
2755. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی کو دیکھا جو اپنا قربانی کا اونٹ ہانکے جارہا ہے۔ آپ نے اسے کہا: اس پر سوار ہوجا۔ اس نے عرض کیا: اللہ کےرسول ﷺ!یہ تو قربانی کے لیے وقف ہے۔ آپ نے دوسری یاتیسری مرتبہ فرمایا: تیرے لیے خرابی ہو اس پر سوار ہوجا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2755]
حدیث حاشیہ:
(1)
ان احادیث سے ثابت ہوا کہ وقف کرنے والا اپنی وقف کی ہوئی چیز سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اگرچہ اس نے اپنے لیے فائدہ اٹھانے کی شرط نہ کی ہو۔
حدیث میں اونٹ کا ذکر ہے، اس پر مکان وغیرہ کو قیاس کیا جا سکتا ہے۔
اگر کوئی مکان وقف کرے تو اس کے کسی حصے میں خود بھی رہائش رکھی جا سکتی ہے۔
(2)
یہ بھی معلوم ہوا کہ قربانی کے جانور پر بوقت ضرورت سواری کی جا سکتی ہے۔
اگر وہ دودھ دینے والا جانور ہو تو اس کا دودھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
قربانی کے لیے متعین کرنے کے بعد اسے بالکل بے کار نہیں بنا دینا چاہیے جیسا کہ مشرکین اس طرح کے جانوروں کو بالکل آزاد کر دیتے تھے۔
بہرحال امام بخاری ؒ کے نزدیک وقف مطلق اور صدقۂ مطلق میں کوئی فرق نہیں۔
اس سے فائدہ اٹھانے میں کوئی حرج نہیں۔
وقف مشروط کے متعلق امام بخاری ؒ نے آئندہ مستقل عنوان بھی قائم کیا ہے، وہاں تفصیل سے اس موضوع پر گفتگو ہو گی۔
(صحیح البخاري، الوقف، باب: 33)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2755   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.