جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ بلال رضی اللہ عنہ اذان وقت سے مؤخر نہ کرتے، اور اقامت کبھی کبھی کچھ مؤخر کر دیتے ۱؎۔
وضاحت: ۱؎: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اقامت اس وقت تک نہ ہوتی جب تک نبی اکرم ﷺ حجرہ مبارکہ سے باہر نہ آ جاتے، اور آپ کو دیکھ کر بلال رضی اللہ عنہ اقامت شروع کرتے۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 2178، ومصباح الزجاجة:)، وقد أخرجہ: صحیح مسلم/المساجد 29 (606)، سنن ابی داود/الصلاة 44 (537)، سنن الترمذی/الصلاة 34 (202) (حسن)» (سند میں شریک القاضی سیء الحفظ ہیں، لیکن شواہد کی بناء پر حدیث حسن ہے، ملاحظہ ہو: الإرواء: 227)
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث713
اردو حاشہ: (1) ہمارے فاضل محقق نے مذکورہ روایت کو سنداً ضعیف قرار دیا جبکہ دیگر محققین نے شواہد کی وجہ سے احسن قرار دیا ہے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: (الموسوعة الحديثية مسند الامام احمد بن حنبل: 435/34 حديث: 20849) وارواء الغليل رقم: 227) لہٰذا شواہد کی بناء پر یہ حدیث قابل حجت اور قابل عمل ہے۔
(2) اذان اس چیز کا اعلان ہے کہ نماز کا وقت شروع ہوگیا ہے۔ اس لیے اذان اول وقت دینی چاہیے جب کہ اقامت نماز شروع ہونے کی اطلاع ہے اور حضرت بلال رضی اللہ عنہ اس وقت اقامت کہتے تھے جب رسول اللہ ﷺ تشریف لے آتے۔
(3) اگر امام کو نماز پڑھانے کے لیے آنے میں مقرر وقت سے کچھ تاخیر ہوجائے تو امام کا انتظار کرنا چاہیے۔ جلدی مچانا اور فوراً کسی دوسرے آدمی کو آگے کردینا درست نہیں۔ ہاں اگر معلوم ہو کہ امام صاحب موجود نہیں اور وہ نماز پڑھانے کے لیے مسجد میں نہیں آئیں گے پھر کسی اور شخص کے پیچھے نماز پڑھ سکتے ہیں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 713