عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے کہ آدمی کوچ کرے یہاں تک کہ اس کا آخری کام خانہ کعبہ کا طواف ہو۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 7109، ومصباح الزجاجة: 1067) (صحیح)» (سند میں ابراہیم بن یزید الخوزی المکی منکر الحدیث راوی ہیں، لیکن سابقہ حدیث سے تقویت پا کر یہ صحیح ہے)
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3071
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) حج اور عمرے میں بنیادی اہمیت بیت اللہ شریف کو حاصل ہے۔ اس لیے واپسی کے وقت بھی طواف وداع کا حکم دیا گیا ہے۔
(2) کوشش کرنی چاہیے کہ طواف وداع اس وقت کیا جائے جب روانگی کے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہوں اور اب صرف مدینہ جانے کے لیے بس یا ٹیکسی اسٹینڈ پر جانا ہو۔ یا اپنے وطن روانہ ہونے کے لیے ائیرپورٹ یا بندرگاہ جانے کے لیے بالکل تیار ہوں۔
(3) طواف وداع کے وقت مسجد سے باہر آتے وقت الٹے پاؤں چلنا سنت سے ثابت نہیں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3071