علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جس پر میں حد جاری کروں (اگر وہ مر جائے) تو میں اس کی دیت ادا نہیں کروں گا، سوائے شرابی کے، اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی کوئی حد نہیں مقرر فرمائی، بلکہ یہ تو ہماری اپنی مقرر کی ہوئی حد ہے۔
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2569
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) حدیث: 2571 میں حضرت علی سے مذکور ہے کہ رسول اللہ ﷺنے شراب پینے والےکو چالیس کوڑے لگوائے تھے۔ معوم ہوتا ہے حضرت علی نےاس مقدار کو ایک مقرر سزا تصور نہیں کیا بلکہ اسے ایک اندازے کی حیثیت دی ہے۔
(2) حضرت عمر ؓ نے اس سزا میں اضافہ کر کے اسی کوڑے مقرر فرمائی۔ دیکھیے: (حدیث: 2571) حضرت عمر نے یہ سزا صحابہ کے مشورے سے مقررکی تھی۔ یہ مشورہ حضرت عبدالرحمن بن عوف کا تھااور باقی صحابہ کرام ؓ نے اختلاف نہ کر کے تائید فرمائی۔ (صحیح مسلم، الحدود، باب حد الخمر، حدیث: 1706)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2569