480. نماز کے بعد، اللہ تعالیٰ کے ذکر، اس کا شکر ادا کرنا اور اس کی عبادت عمدہ طریقے سے ادا کرنے کیلئے رب عزوجل سے مدد و توفیق مانگنے کے حکم اور اس کی وصیت کرنے کابیان
سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑ کر فرمایا اے معاذ، اللہ کی قسم، بیشک مجھے تم سے محبت ہے تو میں نے عرض کی کہ میرے ماں باپ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قربان، اللہ کی قسم، بلاشبہ مجھے بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے معاذ، میں تمہیں وصیت کرتا ہوں کہ تم ہر نماز کے بعد یہ دعا مانگنا ہرگز نہ چھوڑنا“ «اللّٰهُمَّ أَعِنِّي عَلَى ذِكْرِكَ، وَشُكْرِكَ، وَحُسْنِ عِبَادَتِكَ» ”اے اللہ اپنے ذکر، اپنے شکر اور اپنی بہترین عبادت کرنے کے لئے میری مدد فرما“ ۔ سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ نے (اپنے شاگرد) صنابحی کو اس کی وصیت کی، اور جناب صنابحی نے (اپنے شاگرد) ابوعبدالرحمان حبلی کو اس کی وصیت کی اور ابوعبدالرحمان نے عقبہ بن مسلم کو اس کی وصیت کی۔