سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے (اپنے دل میں) کہا کہ میں ضرور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کو بغور دیکھوں گا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کیسے نماز پڑھتے ہیں؟ تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز پڑھتے ہوئے دیکھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (نماز شروع کرتے وقت) «اللهُ أَكْبَرُ» کہا پھر حدیث کا کچھ حصّہ بیان کیا۔ اور فرمایا کہ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا بایاں پاؤں بچھا لیا، اور اپنا بایاں ہاتھ اپنی بائیں ران اور بائیں گھٹنے پر رکھا، اور اپنی دائیں کہنی کے کنارے کو اپنی دائیں ران پر رکھا، پھر اپنی دو انگلیوں کو ملا لیا اور ایک حلقہ بنایا، پھر اپنی انگلی اُٹھائی تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اُسے حرکت دے رہے تھے اور اُس کے ساتھ دعا مانگ رہے تھے۔ امام ابوبکر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس روایت کے سوا کسی روایت میں یہ الفاظ بیان نہیں ہوئے، کہ ”آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے حرکت دے رہے تھے۔“ یہ الفاظ زائد ذکر ہوئے ہیں۔