جناب محمد بن عمرو بن عطاء سے روایت ہے کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام کی ایک جماعت کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے تو اُنہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کا تذکرہ کیا۔ سیدنا ابوحمید ساعدی رضی اللہ عنہ نے فرمایا، میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کو تم سب سے زیادہ یاد رکھنے والا ہوں۔ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب «اللهُ أَكْبَرُ» کہتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دونوں ہاتھ اپنے دونوں کندھوں کے برابر (بلند) کرتے۔ پھر جب رُکوع کرتے تو اپنے ہاتھوں کو اپنے گھٹنوں پر خوب جما کر رکھتے پھر اپنی کمر جُھکا لیتے۔ پھر جب اپنا سر مبارک اُٹھاتے تو سیدھے کھڑے ہوجاتے یہاں تک کہ ہر ہڈی اپنی جگہ پر لوٹ جاتی۔ پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدہ کرتے تو اپنے ہاتھ نہ تو پھیلا کر رکھتے اور نہ انہیں بالکل بند کر کے رکھتے اور اپنی اُنگلیوں کے کناروں کو قبلہ رُخ کیا۔ پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم دو رکعتوں میں (تشہد میں) بیٹھے تو اپنے بائیں پاؤں پر بیٹھے۔ پھر جب آخری رکعت میں بیٹھے تو بائیں پاؤں کو آگے بڑھایا اور اپنی سرین پر بیٹھ گئے۔