سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (نماز عشاء) مؤخر کردی حتیٰ کے رات کا اکثر حصّہ گزر گیا اور مسجد والے سو گئے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور نماز پڑھائی اور فرمایا: ”بیشک اس کا یہی وقت ہے اگر مجھے یہ ڈر نہ ہوتا کہ میں اپنی اُمّت کو مشقّت میں ڈال دوں گا۔“ ابوعاصم اور محمد بن کر کی روایت میں۔ «حدثنی المغيرة بن حكيم» ”یعنی اخبرنی کے بجائے حدثنی کہا ہے“ امام ابوبکر رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب عشاء کو مؤخر کیا حتیٰ کہ اہل مسجد سوگئے اور جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم اُن کے پاس تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُنہیں (عشاء سے قبل سونے پر) ڈانٹا نہیں ہے، اور اگر نماز عشاء سے پہلے اُن کا سونا مکروہ ہوتا جبکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کو مؤخر کر دیا تھا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اُنہیں اُن کے اس فعل پر ڈانٹ ڈپٹ کرتے اور اُنہیں اس کام پر سرزنش کرتے جو اُن کے لئے جائز نہ تھا۔ سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اوقاتِ نماز کے متعلق روایت میں ہے، وہ دوسری رات نمازِ عشاء کے وقت کے بارے میں فرماتے ہیں کہ ہم سو گئے پھر بیدار ہو گئے، پھر ہم سو گئے، پھر ہم بیدار ہو گئے، پھر ہم کئی بار سوئے۔