سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا میں تمہیں ایسا عمل نہ بتاؤں جس سے اللہ تعالٰی گناہ معاف کرتا ہے اور نیکیوں میں اضافہ کرتا ہے صحابہ نے عرض کی کہ کیوں نہیں، اے اللہ کے رسول، (ضرور بتائیں) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تکلیف اور مشقّت کے باوجود پورا وضو کرنا، اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا۔“ امام ابو بکر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس حدیث کو امام سفیان سے ابو عاصم کے سوا کسی نے روایت نہیں کیا، اگرچہ ابو عاصم نے اس کو حفظ کیا ہے مگر یہ سند غریب ہے، اور یہ طویل روایت ہے جس کو میں نے متعدد ابواب میں بیان کیا ہے۔ اس متن (کی سند) میں مشہور اس طرح ہے کہ عبد اللہ بن محمد عقیل، سعید بن مسَیب سے اور وہ سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں، عبداللہ بن ابی بکر رحمہ اللہ سے بیان نہیں کرتے، امام صاحب فرماتے ہیں کہ ہمیں ابو موسیٰ اور احمد بن عبدہ نے روایت بیان کی تو ابو موسیٰ نے کہا «حدثنا ابو عامِر» ، اور احمد نے کہا «اخبرنا ابو عامر» اور ابو عامِر، زھیر بن محمد سے اور وہ عبداللہ بن محمد بن عقیل سے روایت بیان کرتے ہیں۔