سیدنا سہل بن ابی حثمہ رضی اللہ عنہ نماز خوف کی کیفیت بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ امام قبلہ رُخ ہوکر کھڑا ہوگا اور مسلمانوں کا ایک گروہ اس کے ساتھ کھڑا ہوگا اور دوسرا گروہ دشمن کے سامنے اُن کی طرف مُنہ کر کے کھڑا ہوگا چنانچہ امام پہلے گروہ کو ایک رکعت پڑھائے گا۔ جناب ابوموسیٰ کی روایت میں ہے کہ پھر وہ کھڑے ہوں گے اور رکوع کریں گے۔ اور جناب بندار کی روایت میں الفاظ اس طرح ہیں، تو وہ خود ہی رکوع کرلیں گے اور اپنی جگہ خود ہی اپنے لئے دوسجدے کرلیں گے۔ پھر یہ گروہ دوسرے گروہ کی جگہ پر چلا جائے گا۔ وہ گروہ آئے گا تو امام انہیں ایک رکوع اور دو سجدے کرائے گا۔ اس طرح امام کی دو رکعت اور ان کی ایک رکعت تو جائے گی، پھر وہ دوسری رکعت پڑھ لیں گے، جناب ابوموسیٰ کی روایت میں ہے کہ وہ اپنے لئے ایک رکعت دو سجدوں کے ساتھ پڑھ لیں گے۔ یہ جناب بندار کی حدیث ہے سوائے ان الفاظ کے جن میں ابوموسیٰ نے اُن سے اختلاف کیا ہے، میں نے انہیں بیان کر دیا ہے، جناب ابوموسیٰ نے صرف دو جگہوں پر ”لِأَنْفُسِھِمْ“(خود اپنے لئے پڑھ لیں گے) کے الفاظ بیان کیے ہیں۔ امام ابوبکر رحمه الله کہتے ہیں کہ میں نے بندار رحمه الله کو فرماتے ہوئے سنا کہ میں نے امام یحییٰ سے اس حدیث کے متعلق پو چھا تو اُنہوں نے مجھے یہ حدیث جناب شعبہ رحمه الله سے بیان کی۔