810. اس بات کی دلیل کا بیان کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ عصر کے بعد دو رکعت ادا کرنے کے بعد ان پر ہمیشگی اختیار کی ہے، عمل پر ہمیشگی اختیار کرنے کی فضیلت کی وجہ سے
حضرت علقمہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے اُم المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ اے اُم المؤمنین، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل مبارک کیسا ہوتا تھا، کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم (عبادت و عمل کے لئے) کچھ دن مخصوص کیا کرتے تھے؟ اُنہوں نے فرمایا کہ نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل مبارک ہمیشگی والا ہوتا تھا - اور تم میں سے کون (عمل کرنے کی اتنی) استطاعت رکھتا ہے جتنی استطاعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نصیب تھی۔ یہ ابوعمار کی حدیث کے الفاظ ہیں - جناب یوسف کے الفاظ یہ ہیں کہ اُنہوں نے فرمایا کہ نہیں، آپ کا عمل مبارک ہمیشگی اور دوام والا ہوتا تھا - جبکہ جناب الدورقی نے اپنی روایت میں یہ کہا کہ میں نے سیدنا عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کیسے ہوتی تھی۔ اور یہ الفاظ بیان نہیں کیے کہ کیا آپ کچھ دنوں کو (عمل و عبادت کے لئے) خاص کرتے تھے؟