احنف بن قیس نے حضرت عبداللہ (بن مسعود رضی اللہ عنہ) سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "غلو میں گہرے اترنے والے ہلاک ہو گئے۔" آپ نے تین بار یہ بات ارشاد فرمائی۔
حضرت عبد اللہ(بن مسعود) رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"بال کی کھال اتارنے والے تباہ ہوئے۔"آپ نے یہ بات تین دفعہ فرمائی۔"
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6784
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: المتنطعون: غلو اور انتہائی پسندی اختیار کرنے والے، بال کی کھال اتارنے والے، کیونکہ تنطع کا معنی غلو اور تعمق ہے۔ فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوا، بے مقصد اور بے فائدہ موشگافیاں کرنا اور حد سے بڑھنا پسندیدہ طرزعمل نہیں ہے، کیونکہ یہ بدعملی اور راہ فرار اختیار کرنے یا بہانہ سازی کا باعث بنتا ہے، جس طرح بنو اسرائیل کو گائے ذبح کرنے کا حکم دیا گیا تو انہوں نے پوچھا، اس کی عمر کتنی ہو، جب یہ بتا دیا گیا تو کہا، اس کا رنگ کیسا ہو، یہ بتا دیا گیا تو کہنے لگے اور وضاحت کرو، کیونکہ ایسی گائیوں میں اشتباہ و التباس موجود ہے، لیکن ورع اور پرہیزگاری اختیار کرنا اور مشتبہ چیزوں سے بچنے کی کوشش کرنا مطلوب ہے، مثلا ایک کپڑا صاف ستھرا ہے اور ابھی بھی طے کر کے رکھا گیا ہے اور دوسرے کپڑے کے بارے میں شبہ ہے، اس پر کسی بچے کے بول کے چھینٹے پڑ گئے ہیں لیکن اس کو دھو دیا گیا ہے تو دوسرے کپڑے کی بجائے پہلا کپڑا لینا یہ غلو اور انتہا پسندی ہے۔ لیکن اگر کپڑا پاک صاف ہے اور دوسرے کپڑے کو گارا لگا ہے تو پہلے کپڑے کو لینا ورع اور پرہیزگاری ہے۔