ابو بکر بن ابی شیبہ، ابو کریب اور زہیر بن حرب نے ہمیں حدیث بیان کی۔الفاظ زہیر کے ہیں۔کہا: ہیں وکیع نے مسعر سے حدیث بیان کی، انھوں نے ابو عون ثقفی سے، انھوں نے ابو صالح حنفی سے، انھوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ دومۃ الجندل کے (حکمران) اکیدر نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ریشم کا ایک کپڑا ہدیہ بھیجا، آپ نے وہ کپڑاحضرت علی رضی اللہ عنہ کو دیا اور فرمایا: "اس کو کاٹ کر (تینوں) فاطماؤں (فاطمہ بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، فاطمہ بنت اسد، یعنی حضرت علی رضی اللہ عنہ کی والدہ، اور فاطمہ بنت حمزہ رضی اللہ عنھن میں اوڑھنیاں بانٹ دو۔" ابو بکر اور ابو کریب نے ("فاطماؤں کے مابین" کے بجائے) "عورتوں کے مابین"کہا۔
حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے، دومہ علاقہ کے رئیس اکیدر نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ریشم کپڑا تحفتا بھیجا، آپ نے وہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کو دے دیا اور فرمایا: ”اسے فاطمات میں دوپٹے بنا کر تقسیم کر دو۔“