الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4131
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: ہمسایہ، اپنے پڑوسی کو اپنی دیوار میں لکڑی، شہتیر وغیرہ گاڑ لینے دے، جبکہ اس کی دیوار کو اس سے کسی قسم کا نقصان نہ پہنچتا ہو، یہ حکم امام ابو حنیفہ، امام مالک اور امام شافعی کے قول جدید کی رو سے اخلاقی حق ہے، قانونی حق نہیں ہے، مکارم اخلاق کا تقاضا یہی ہے، لیکن امام احمد، امام اسحاق، اور بعض اہل ظاہر اور ابن حبیب مالکی کے نزدیک یہ قانونی حق ہے اور لازم ہے، اور حضرت ابو ہریرہ جب مدینہ منورہ کے گورنر تھے، تو فرماتے تھے، میں یہ کام جبراً کروں گا، جس سے معلوم ہوتا ہے، اکثر لوگ اس کو استحبابی کام تصور کرتے تھے، صحیح بات یہی معلوم ہوتی ہے کہ یہ اخلاقی حق ہے اور مالک بلاوجہ ہٹ دھرمی کرتے ہوئے اگر اجازت نہ دے، تو بعض مواقع اور مصالح کے تحت حاکم اس پر جبرا عمل کروا سکتا ہے۔