حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث موطا امام مالك رواية ابن القاسم 481
´اپنے مسلمان بھائی کو کافر کہنا؟`
«. . . 295- وبه: أن رسول الله قال: ”أيما رجل قال لأخيه: كافر، فقد باء بها أحدهما.“ . . .»
”. . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو آدمی اپنے (مسلمان) بھائی کو کافر کہتا ہے تو دونوں میں سے ایک کی طرف یہ (فتویٰ) لوٹ جاتا ہے یعنی دونوں میں سے ایک کافر ہوتا ہے . . .“ [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 481]
تخریج الحدیث: [واخرجه البخاري 6104، من حديث مالك، ومسلم 20، من حديث عبدالله بن ديناربه]
تفقه
➊ صحیح العقیدہ مسلمان بھائی کی تکفیر کرنا حرام اور گناہ کبیرہ ہے۔
➋ تکفیر اور تکفیریوں سے کلی اجتناب کرنا چاہئے۔ یہ لوگ کفار ومشرکین کو چھوڑ کر صحیح العقیدہ مسلمانوں کی تکفیر کرتے رہتے ہیں۔
➌ جو شخص واقعی کافر، مشرک یا گمراہ ہے تو اس سے اعلانِ برأت کرنا ایمان کی نشانی ہے اور الولاء والبراء کا یہی تقاضا ہے۔
➍ شرک وکفر کے علاوہ کسی گناہ کے ارتکاب سے کوئی بھی کافر نہیں ہوتا اِلا یہ کہ وہ اسے حلال سمجھے۔
➎ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو آدمیوں کا ذکر کیا جن میں سے ایک قرآن کا قاری اور اسلام کا دفاع کرنے والا تھا، اُس نے اپنے پڑوسی پر شرک کا فتویٰ لگا کر تلوار لے کر اس پر حملہ کردیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فتویٰ لگانے والے کو شرک کے زیادہ قریب قرار دیا۔ دیکھئے [صحيح ابن حبان الاحسان: 81 وسنده حسن وحسنه البزار فى البحر الزخار 7/220، 221 ح2793 والهيثمي فى مجمع الزوائد 1/187، 188]
➏ مشہور تابعی عبیدہ السلمانی رحمہ اللہ نے کہا: ہر وہ چیز جس میں اللہ کی نافرمانی کی جائے کبیرہ گناہ ہے۔ [شعب الايمان للبيهقي 1/273 ح293، وسنده صحيح]
➐ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: ہر وہ چیز جس سے اللہ نے منع فرمایا ہے، کبیرہ گناہ ہے۔ [شعب الايمان للبيهقي: 7150 وسنده صحيح، نيز ديكهئے شعب الايمان: 292 وسنده حسن]
موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 295