عبدالاعلیٰ بن حماد اور محمد بن ابی بکر مقدمی نے کہا: ہمیں معتمر نے حدیث بیا ن کی، انھوں نے کہا: ہمیں عبیداللہ نے ثابت بنانی سے اور انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جمعے کے دن خطبہ دے رہے تھے کہ لوگ آپ کے سامنے کھڑے ہوگئے، (بات شروع کرنے والے بدو کے ساتھ دوسرے بھی شامل ہوگئے) وہ فریاد کرنے لگے اور کہنے لگے: اےاللہ کے نبی!بارش بندہوگئی، درختوں (کے پتے سوکھ کر) سرخ ہوگئے اور مویشی ہلاک ہوگئے۔۔۔اور (آگے مذکورہ بالا حدیث کے مانند) حدیث بیان کی۔اس میں عبدالاعلیٰ کی روایت سے یہ (الفاظ) ہیں: مدینہ سے بادل چھٹ گئے اور اس کے ارد گرد بارش برسانے لگے جبکہ مدینہ میں ایک قطرہ بھی نہیں برس رہاتھا میں نے مدینہ کو دیکھا وہ ایک طرح کے تاج کے اندر (بارش سے محفوظ) تھا۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جمعے کے دن خطبہ دے رہے تھے کہ لوگ کھڑے ہو کر آپصلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے پکارنے لگے اور اےاللہ کے نبی! بارش بند ہوگئی، پودے سرخ ہو گئے یا درختوں کے پتے سوکھ گئے اور مویشی مرنے لگے۔۔۔ آگے مذکورہ بالا حدیث ہے اور عبدالاعلیٰ کی روایت میں ہے مدینہ سے بادل چھٹ گئے اور اس کے ارد گرد بارش برسانے لگے اور مدینہ میں ایک قطرہ بھی نہیں برس رہاتھا میں نے مدینہ کو دیکھا وہ ایک دائرہ یا ٹوپی کی طرح اندر سے بارش سے محفوظ تھا۔