سیدنا کعب بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دن چڑھے دن میں سفر سے واپس ہوتے، پھر مسجد میں جاتے، دو رکعت نماز پڑھتے، اور پھر لوگوں سے بات چیت کرتے تھے۔
وضاحت: (تشریح حدیث 1558) اس حدیث سے ثابت ہوا کہ سفر سے واپسی پر پہلے مسجد میں جا کر دو رکعت نماز پڑھنی چاہیے۔ کچھ علماء نے حج اور جہاد کے ساتھ اس کو خاص کیا ہے لیکن یہ حدیث عام ہے، اس لئے اس سنّت پر عمل کرنا لازمی ہے جو کہ عصرِ حاضر میں مہجور ہو چکی ہے۔ راقم نے سماحۃ الشیخ ابن باز رحمہ اللہ کو ہمیشہ اس پر عمل کرتے دیکھا، جب بھی سفر سے واپس آتے پہلے مسجد میں آ کر یہ دوگانہ پڑھتے پھر گھر تشریف لے جاتے تھے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی سنّتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کی توفیق بخشے، آمین۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1561]» اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 3088]، [مسلم 716]، [أبوداؤد 2773]، [نسائي 730]، [ابن حبان 3370]