سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک روز ریشم کی قباء پہنی جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تحفہ میں آئی تھی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی وقت اتار ڈالی اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کو بھیج دی۔ لوگوں نے کہا کہ یا رسول اللہ! آپ نے تو یہ اتار ڈالی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جبرائیل نے مجھے منع کر دیا ہے۔ یہ سن کر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ روتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہنے لگے کہ یا رسول اللہ! جس چیز کو آپ نے ناپسند کیا وہ مجھ کو دی، میرا کیا حال ہو گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں نے تمہیں پہننے کو نہیں دی بلکہ اس لئے دی کہ تم اس کو بیچ ڈالو۔ پھر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے دو ہزار درہم میں بیچ ڈالی۔