صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
کتاب صحيح البخاري تفصیلات

صحيح البخاري
کتاب: شرعی حیلوں کے بیان میں
The Book of Tricks
3. بَابٌ في الزَّكَاةِ وَأَنْ لاَ يُفَرَّقَ بَيْنَ مُجْتَمِعٍ، وَلاَ يُجْمَعَ بَيْنَ مُتَفَرِّقٍ، خَشْيَةَ الصَّدَقَةِ:
3. باب: زکوٰۃ میں حیلہ کرنے کا بیان۔ (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا) زکوٰۃ کے ڈر سے جو مال اکٹھا ہو اسے جدا جدا نہ کریں اور جو جدا جدا ہو اسے اکٹھا نہ کریں۔
(3) Chapter. (Tricks) in Zakat and (the order that) one should neither divide property into various portions nor collected various portions together in order to avoid Zakat.
حدیث نمبر: 6956
Save to word مکررات اعراب English
(مرفوع) حدثنا قتيبة، حدثنا إسماعيل بن جعفر، عن ابي سهيل، عن ابيه، عن طلحة بن عبيد الله،" ان اعرابيا جاء إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم ثائر الراس، فقال: يا رسول الله، اخبرني ماذا فرض الله علي من الصلاة؟، فقال: الصلوات الخمس، إلا ان تطوع شيئا، فقال: اخبرني بما فرض الله علي من الصيام؟، قال: شهر رمضان، إلا ان تطوع شيئا، قال: اخبرني بما فرض الله علي من الزكاة؟، قال: فاخبره رسول الله صلى الله عليه وسلم شرائع الإسلام، قال: والذي اكرمك لا اتطوع شيئا، ولا انقص مما فرض الله علي شيئا، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم: افلح إن صدق، او دخل الجنة إن صدق"، وقال بعض الناس في عشرين ومائة بعير حقتان، فإن اهلكها متعمدا، او وهبها، او احتال فيها فرارا من الزكاة، فلا شيء عليه.(مرفوع) حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ، حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ جَعْفَرٍ، عَنْ أَبِي سُهَيْلٍ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ طَلْحَةَ بْنِ عُبَيْدِ اللَّهِ،" أَنَّ أَعْرَابِيًّا جَاءَ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ثَائِرَ الرَّأْسِ، فَقَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، أَخْبِرْنِي مَاذَا فَرَضَ اللَّهُ عَلَيَّ مِنَ الصَّلَاةِ؟، فَقَالَ: الصَّلَوَاتِ الْخَمْسَ، إِلَّا أَنْ تَطَوَّعَ شَيْئًا، فَقَالَ: أَخْبِرْنِي بِمَا فَرَضَ اللَّهُ عَلَيَّ مِنَ الصِّيَامِ؟، قَالَ: شَهْرَ رَمَضَانَ، إِلَّا أَنْ تَطَوَّعَ شَيْئًا، قَالَ: أَخْبِرْنِي بِمَا فَرَضَ اللَّهُ عَلَيَّ مِنَ الزَّكَاةِ؟، قَالَ: فَأَخْبَرَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ شَرَائِعَ الْإِسْلَامِ، قَالَ: وَالَّذِي أَكْرَمَكَ لَا أَتَطَوَّعُ شَيْئًا، وَلَا أَنْقُصُ مِمَّا فَرَضَ اللَّهُ عَلَيَّ شَيْئًا، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أَفْلَحَ إِنْ صَدَقَ، أَوْ دَخَلَ الْجَنَّةَ إِنْ صَدَقَ"، وَقَالَ بَعْضُ النَّاسِ فِي عِشْرِينَ وَمِائَةِ بَعِيرٍ حِقَّتَانِ، فَإِنْ أَهْلَكَهَا مُتَعَمِّدًا، أَوْ وَهَبَهَا، أَوِ احْتَالَ فِيهَا فِرَارًا مِنَ الزَّكَاةِ، فَلَا شَيْءَ عَلَيْهِ.
ہم سے قتیبہ بن سعید نے بیان کیا، کہا ہم سے اسماعیل بن جعفر نے بیان کیا، ان سے ابوسہیل نافع نے، ان سے ان کے والد مالک بن ابی عامر نے، اور ان سے طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ نے کہ ایک دیہاتی (ضمام بن ثعلبہ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں اس حال میں حاضر ہوا کہ اس کے سر کے بال پراگندہ تھے اور عرض کیا: یا رسول اللہ! مجھے بتائیے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ پر کتنی نمازیں فرض کی ہیں؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پانچ وقت کی نمازیں۔ سوا ان نمازوں کے جو تم نفلی پڑھو۔ اس نے کہا مجھے بتائیے کہ اللہ تعالیٰ نے کتنے روزے فرض کئے ہیں؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ رمضان کے مہینے کے روزے سوا ان کے جو تم نفلی رکھو۔ اس نے پوچھا مجھے بتائیے کہ اللہ تعالیٰ نے زکوٰۃ کتنی فرض کی ہے؟ بیان کیا کہ اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے زکوٰۃ کے مسائل بیان کئے۔ پھر اس دیہاتی نے کہا اس ذات کی قسم جس نے آپ کو یہ عزت بخشی ہے جو اللہ تعالیٰ نے مجھ پر فرض کیا ہے اس میں نہ میں کسی قسم کی زیادتی کروں گا اور نہ کمی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر اس نے صحیح کہا ہے تو جنت میں جائے گا اور بعض لوگوں نے کہا کہ ایک سو بیس اونٹوں میں دو حصے تین تین برس کی دو اونٹنیاں جو چوتھے برس میں لگی ہوں زکوٰۃ میں لازم آتی ہیں پس مگر کسی نے ان اونٹوں کو عمداً تلف کر ڈالا (مثلاً ذبح کر دیا) اور کوئی حیلہ کیا تو اس کے اوپر سے زکوٰۃ ساقط ہو گی۔

تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

Narrated Talha bin 'Ubaidullah: A bedouin with unkempt hair came to Allah's Apostle and said, "O Allah's Apostle! Tell me what Allah has enjoined on me as regards prayers." The Prophet said, "You have to offer perfectly the five (compulsory) prayers in a day and a night (24 hrs.), except if you want to perform some extra optional prayers." The bedouin said, "Tell me what Allah has enjoined on me as regards fasting." The Prophet said, "You have to observe fast during the month of Ramadan except if you fast some extra optional fast." The bedouin said, "Tell me what Allah has enjoined on me as regard Zakat." The Prophet then told him the Islamic laws and regulations whereupon the bedouin said, "By Him Who has honored you, I will not perform any optional deeds of worship and I will not leave anything of what Allah has enjoined on me." Allah's Apostle said, "He will be successful if he has told the truth (or he will enter Paradise if he said the truth)." And some people said, "The Zakat for one-hundred and twenty camels is two Hiqqas, and if the Zakat payer slaughters the camels intentionally or gives them as a present or plays some other trick in order to avoid the Zakat, then there is no harm (in it) for him.
USC-MSA web (English) Reference: Volume 9, Book 86, Number 88


حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

   صحيح البخاري2678طلحة بن عبيد اللهخمس صلوات في اليوم والليلة فقال هل علي غيرها قال لا إلا أن تطوع
   صحيح البخاري46طلحة بن عبيد اللهخمس صلوات في اليوم والليلة فقال هل علي غيرها قال لا إلا أن تطوع
   صحيح البخاري6956طلحة بن عبيد اللهالصلوات الخمس إلا أن تطوع شيئا
   صحيح مسلم100طلحة بن عبيد اللهخمس صلوات في اليوم والليلة فقال هل علي غيرهن قال لا إلا أن تطوع صيام شهر رمضان
   سنن أبي داود3252طلحة بن عبيد اللهأفلح وأبيه إن صدق دخل الجنة وأبيه إن صدق
   سنن أبي داود391طلحة بن عبيد اللهخمس صلوات في اليوم والليلة قال هل علي غيرهن قال لا إلا أن تطوع
   سنن النسائى الصغرى5031طلحة بن عبيد اللهخمس صلوات في اليوم والليلة قال هل علي غيرهن قال لا إلا أن تطوع
   سنن النسائى الصغرى2092طلحة بن عبيد اللهالصلوات الخمس إلا أن تطوع شيئا صيام شهر رمضان إلا أن تطوع شيئا
   سنن النسائى الصغرى459طلحة بن عبيد اللهخمس صلوات في اليوم والليلة قال هل علي غيرهن قال لا إلا أن تطوع
   مشكوة المصابيح16طلحة بن عبيد اللهخمس صلوات في اليوم والليلة . فقال: هل علي غيرهن؟ فقال: لا إلا ان تطوع.

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 6956 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6956  
حدیث حاشیہ:
اہل حدیث کہتے ہیں کہ جو کوئی زکوٰۃ سے بچنے کے لیے اس قسم کے حیلے کرے گا تو زکوٰۃ اس پر سے ساقط نہ ہوگی۔
حنفیہ نے ایک اور عجیب حیلہ لکھا ہے یعنی اگر کسی عورت کو اس کا خاوند نہ چھوڑتا ہو اور وہ اس کے ہاتھ سے تنگ ہو تو خاوند کے بیٹے سے اگر زنا کرائے تو خاوند پر حرام ہو جائے گی۔
امام شافعی کا مناظرہ اس مسئلہ میں امام محمد سے بہت مشہور ہے۔
اہل حدیث کے نزدیک یہ حیلہ چل نہیں سکتا کیوں کہ ان کے نزدیک مصاہرت کا رشتہ زنا سے قائم نہیں ہو سکتا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6956   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6956  
حدیث حاشیہ:

اس حدیث کے آخر میں ہے کہ اگر اس نے سچ کہا ہے تو وہ ضرور جنت میں داخل ہوگا، اس کا مطلب یہ ہے کہ اگروہ احکام وفرائض میں کوتاہی نہیں کرے گا اور حیلوں بہانوں کے ذریعے سے فرائض واحکام میں کمی کا مرتکب نہیں ہوگا تو کامیابی کا حقدار ہوگا، اس لیے انسان کو احکام کی بجاآوری میں حیلے بہانے نہیں کرنے چاہئیں۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ ہے کہ اگر کسی نے اسقاط زکاۃ کے لیے حیلہ سازی یا بہانہ گری سے کام لیا تو قیامت کے دن اس سے باز پرس ہوگی کیونکہ اس نے اللہ تعالیٰ کے فرائض سے حیلہ سازی کے ذریعے سے بچنے کی کوشش کر کے کھلی بغاوت کا ارتکاب کیا ہے۔

واضح رہے کہ حقہ اس اُونٹنی کو کہتے ہیں جو تین سال مکمل کر کے چوتھے سال میں قدم رکھ چکی ہو اور وہ بچہ جننے کے قابل ہو۔
اگر کسی کے پاس ایک سو بیس اونٹ ہوں تو ان میں ایسی دو اونٹنیاں بطور زکاۃ واجب ہیں۔
(صحیح البخاري، الزکاة۔
حدیث: 1454)

اگر کوئی مالد دارآدمی سال پورا ہونے سے ایک دو روز پہلے جان بوجھ کر ان اونٹوں میں سے دو اونٹ ذبح کر ڈالے یا کچھ اونٹ کسی کو ہبہ کر دے یا کوئی حیلہ کر کے زکاۃ سے بچنے کی کوشش کرے تو ایسا انسان اللہ تعالیٰ کے ہاں قابل گرفت ہوگا۔
لیکن کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اگر سال پورا ہونے سے پہلے نصاب زکاۃ میں کمی کر دے تو اس میں کوئی گناہ نہیں کیونکہ سال پورا ہونے سے پہلے وہ اپنے مال میں جیسے چاہے تصرف کر سکتا ہے جیسا کہ فتاویٰ عالمگیری میں ہے:
اگر کسی کے پاس دو سو درہم ہیں تو اس میں اسقاط زکاۃ کا حیلہ یہ ہے کہ سال پورا ہونے سے پہلے ایک درہم صدقہ کر دے یا اپنے کسی چھوٹے بیٹے کو ہبہ کر دے تا کہ سال پورا ہوتے وقت اس کا نصاب ناقص ہو جائے تو اس صورت میں اس پر زکاۃ واجب نہیں ہوگی۔
(فتاویٰ عالمگیری: 391/6)
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث کے آخر میں ایسے لوگوں کا محاسبہ کیا ہے جو حیلہ سازی سے زکاۃ کی ادائیگی میں راہ فرار اختیار کرتے ہیں۔

حافظ ا بن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے امام ابویوسف رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے سے لکھا ہے:
جوشخص اللہ پر ایمان اور آخرت پر یقین رکھتا ہے اس کے لیے حلال نہیں کہ وہ صدقہ روکے یا اپنی چیز ملکیت سے نکال دے تاکہ اس کا نصاب کم ہو جائے اور زکاۃ سے بچ جائے اور نہ صدقے سے بچنے کے لیے کوئی دوسرا حیلہ ہی کرے۔
(فتح الباری: 414/12)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6956   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، مشكوة المصابيح 16  
´اسلام فرائض و اعمال کا نام ہے`
. . . سیدنا طلحہ بن عبیداللہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ایک نجدی آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا جس کے سر کے بال بکھرے ہوئے تھے (اس نے آپ سے کچھ کہنا شروع کیا) ہم اس کی بھنبھناہٹ اور گنگناہٹ کی آواز تو سنتے تھے مگر (آواز کے صاف نہ ہونے یا دوری فاصلہ کی وجہ سے) ہم اس کی بات نہیں سمجھ رہے تھے یہاں تک کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب آ گیا تو وہ آپ سے اسلام کے بارے میں کچھ دریافت کر رہا تھا . . . (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مشكوة المصابيح: 16]
تخریج الحدیث:
[صحیح بخاری 46]،
[صحيح مسلم 100]

فقہ الحدیث
➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ کامیابی کا دارومدار اعمال اور فرائض کی ادائیگی پر ہے۔ تاہم سنن و نوافل کو بھی نہیں چھوڑنا چاہئیے جیسا کہ دوسرے دلائل سے ثابت ہے۔ جب فرائض میں کمی ہو گی تو سنن و نوافل کام آئیں گے، نیز احکام اسلام کما حقہ بجا لانے کی فضیلت بھی واضح ہو رہی ہے۔
➋ اہل نجد والا آدمی کون تھا، حدیث میں اس کی صراحت نہیں ہے۔ ابن بطال اور ابن العجمی وغیرہما کا خیال ہے کہ وہ ضمام بن ثعلبہ رضی اللہ عنہ ہیں۔ [شرح ابن بطال 97/1 والتوضيح لمبهمات الجامع الصحيح لابن العجمي، قلمي ص13]
➌ اسلام فرائض و اعمال کا نام ہے، لہٰذا معلوم ہوا کہ مرجیہ کا عقیدہ باطل ہے، جو یہ سمجھتے ہیں کہ اعمال ایمان سے خارج ہیں۔
➍ اس حدیث میں حج کا ذکر نہیں ہے، جبکہ دوسری احادیث سے حج کا فرض ہونا ثابت ہے، لہٰذا معلوم ہوا کہ اگر ایک دلیل میں کوئی مسئلہ مذکور نہیں اور دوسری دلیل میں وہ مسئلہ مذکور ہے تو اسی کا اعتبار ہو گا، اس حالت میں عدم ذکر کو نفی ذکر کی دلیل نہیں بنایا جائے گا۔
➎ بعض علماء نے اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ وتر واجب نہیں بلکہ سنت مؤکدہ ہے۔ اس کی تائید سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے درج ذیل قول سے بھی ہوتی ہے:
«ليس الوتر بحتم كالصلٰوة ولٰكنه سنة فلا تدعوه»
وتر (فرض) نماز کی طرح (واجب) نہیں ہے، لیکن یہ سنت ہے اسے نہ چھوڑو۔ [مسند أحمد 107/1 ح 842 وسنده حسن]
ایک شخص ابومحمد نامی نے کہا: وتر واجب ہے تو سیدنا عبادہ بن الصامت رضی اللہ عنہ (بدری صحابی) نے فرمایا:
«كذب أبومحمد» ابومحمد نے جھوٹ (یعنی غلط) کہا۔ [سنن ابي داؤد: 1420 وسنده حسن، مؤطا امام مالك 123/1 وصححه ابن حبان، موارد: 252، 253]
➏ عربی زبان میں بلند و سخت جگہ کو «نجد» اور پست اور نچلی زمین کو «غور» کہتے ہیں۔ دیکھئے: [القاموس الوحيد ص 1611، 1189]
عرب کے علاقے میں بہت سے نجد ہیں۔ مثلا نجد برق، نجد خال، نجد عفر، نجد کبکب اور نجد مریع ديكهئے: [معجم البلدان 262/5]
تہامہ سے عراق کی زمین تک نجد ہے۔ [لسان العرب 413/3]
جن احادیث میں قرن الشیطان، زلزلوں اور فتنوں والے نجد کا ذکر ہے، ان سے مراد نجد العراق ہے۔ دیکھئے: اكمل البيان فى شرح حديث نجد قرن الشيطان از حكيم محمد اشرف سندهو اور فتنوں کی سرزمین نجد یا عراق از رضاءالله عبدالكريم
نیز دیکھئے: راقم الحروف کی کتاب «الاتحاف الباسم تحقيق وشرح موطأ امام مالك رواية ابن القاسم» [ص 351۔ 352]
حدیث ہذا میں جس نجدی کا ذکر ہے وہ جلیل القدر صحابی (ضمام بن ثعلبة) رضی اللہ عنہ ہیں جیسا کہ اوپر [نمبر ➋] گزرا ہے نیز دیکھئے: [الاصابة ص 627 ت 4342]
   اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 16   

  الشيخ محمد حسين ميمن حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 46  
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں آیت مبارکہ نقل فرمائی « ﴿ذَٰلِكَ دِينُ الْقَيِّمَةِ﴾ » [البينة: 5]
اور حدیث میں اسلام کا ذکر ہے جس میں نماز اور زکوٰۃ کا بعین حکم موجود ہے لہٰذا زکوٰۃ اور نماز کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلام قرار دیا لہٰذا اسلام دین ہے اور دین اسلام ہے۔

صاحب اوجز مسالک رقمطراز ہیں:
آیت مبارکہ « ﴿ذَٰلِكَ دِينُ الْقَيِّمَةِ﴾ » [البينة: 5] یعنی یہاں جو اشیاء مذکور ہیں دین ملت سے ہیں۔ اور یہ آیت ترجمتہ الباب کے ساتھ اس طرح سے دلالت کرتی ہے کہ آیت میں زکوٰۃ کو دین قرار دیا ہے اور دین اللہ تعالیٰ کے نزدیک اسلام ہی ہے اور زکوٰۃ اسلام میں داخل ہے۔ [ابواب والتراجم، ج 1، ص 400]
لہٰذا یہیں سے ترجمتہ الباب اور حدیث میں مناسبت ہے۔
   عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول، حدیث/صفحہ نمبر: 97   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظہ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود 391  
´نماز کی فرضیت کا بیان۔`
... تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (اسلام) دن رات میں پانچ وقت کی نماز پڑھنی ہے، اس نے پوچھا: ان کے علاوہ اور کوئی نماز مجھ پر واجب ہے؟ آپ نے فرمایا: نہیں إلا یہ کہ تم نفل پڑھو۔‏‏‏‏ ... (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود حدیث: 391]
391۔ اردو حاشیہ:
اسلام حجاز کے ماحول میں شروع ہوا تو اجنبی اور نامانوس تھا، مگر جب اس کی حقانیت کا چرچا ہو گیا تو دشت و جبل کے باسیوں کے افکار بھی تبدیل ہو گئے۔ ان پر دنیا کے مال و منال کے بجائے اللہ کے ساتھ تعلق، دین کی استواری اور آخرت کا فکر غالب آ گیا۔ اس سائل کی فطری سادگی نے اسے سمجھایا کہ حق کا راستہ صاف اور مختصر ہے۔ اس سوال و جواب سے معلوم ہوا کہ سنتیں، وتر، تحیۃ المسجد اور نماز عید وغیرہ بنیادی طور پر نوافل ہی ہیں، مگر بقول علامہ سندھی سنتوں کے ترک کو اپنی عادت بنا لینا، دین میں بہت بڑا نقص اور خسارہ ہے۔ یہ لوگ چونکہ جدید الاسلام تھے، اس لیے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے اسی قدر پر کفایت فرمائی تاکہ دین ان کے لیے بوجھ نہ بنے اور یہ بددل نہ ہو جائیں، مگر جب ان کے سینے کھل گئے تو ا جر و ثواب کے ازحد حریص بن گئے اور نوافل پر عمل ان کے لیے بہت ہی آسان ہو گیا۔ اس لیے ایک مسلمان کو فرائض کے ساتھ نوافل سے ہرگز دل نہیں چرانا چاہیے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 391   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3252  
´باپ دادا کی قسم کھانا منع ہے۔`
مالک بن ابی عامر کہتے ہیں کہ طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ نے سنا (یعنی اعرابی کے واقعہ میں) نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قسم ہے اس کے باپ کی، وہ کامیاب ہو گیا اگر وہ سچا ہے، قسم ہے اس کے باپ کی وہ جنت میں داخل ہو گیا اگر وہ سچا ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الأيمان والنذور /حدیث: 3252]
فوائد ومسائل:
اس روایت میں (وابیہ) کا لفظ شاذ اور ضعیف ہے۔
(علامہ البانی) تاہم اس کی یہ تاویل بھی کی جاتی ہے۔
کہ یہ قصہ غیر اللہ کی قسم سے منع کرن سے پہلے کاہے۔
یا یہ کلام عامۃ الناس کے اسلوب پرہے۔
اس میں قسم کا معنی مراد نہیں ہے۔
اور کچھ نے کیا کہ اس میں لفظ رب مخذوف اور اصل یوں ہے۔
(ورب ابیہ) اس کے باپ کے رب کی قسم۔
علامہ سہیلی نے کہا کہ اس میں تعجب کے معنی ہیں۔
(نیل الاوطار باب الحلف باسماء اللہ وصفاتہ257/8)
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3252   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائی 459  
´دن اور رات میں کتنی نمازیں فرض کی گئیں؟`
... نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ماہ رمضان کا روزہ ہے، اس نے پوچھا: اس کے علاوہ بھی کوئی روزہ ہے؟ آپ نے فرمایا: نہیں، الا یہ کہ تم نفل رکھو، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے زکوٰۃ کا بھی ذکر کیا، تو اس نے پوچھا: کیا میرے اوپر اس کے علاوہ بھی کچھ ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہیں، الا یہ کہ تم نفل صدقہ دو ... (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي، حدیث: 459]
459۔ اردو حاشیہ:
بھنبھناہٹ سنتے تھے۔ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ گفتگو دھیمی آواز میں کررہا تھا۔
➋چونکہ وہ سائل پہلے سے مسلمان تھا، شہادتین کا اقرار کرچکا تھا، اس لیے آپ نے اس کو دوسرے ارکان اسلام بیان فرمائے۔ حج کا ذکر نہیں فرمایا کہ وہ ابھی تک فرض نہ ہوا تھا۔ محقق بات یہ ہے کہ حج 9ہجری میں فرض ہوا۔
مگر یہ کہ تو نفل کرے۔ گویا اصل سوال فرائض کے بارے ہی میں تھا۔ فلاح کا مدار بھی فرائض ہی پر ہے، باقی رہے سنن و نوافل، تو وہ فرائض کی تکمیل کے لیے ہیں۔ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کمی سنن و نوافل سے پوری ہوتی ہے۔ شاید ہی کوئی شخص فرائض کی مکمل ادائیگی کا دعویٰ کر سکے، اس لیے سنن و نوافل خصوصاً رواتب کی پابندی بڑی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے بھی کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی پابندی فرمائی ہے اور ہمارے لیے آپ کی سنن کی اتباع لازم ہے، نیز رواتب (فرض نماز کی اگلی پچھلی سنتیں) فرض کے تابع ہیں، الگ نہیں، لہٰذا سفر، مرض اور انتہائی مصروفیت کے علاوہ ان پر دوام کیا جائے۔ باقی رہا بعض لوگوں کا یہ قول کہ نفل نماز یا روزہ شروع کرنے سے بھی واجب ہو جاتا ہے کیونکہ راستے میں چھوڑ دینے سے بطلان عمل ہو گا اور قرآن مجید میں ہے: ﴿ولاتبطلوا اعمالکم﴾ [محمد47: 33]
تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے طرزعمل اور احادیث سے اس کی تائید نہیں ہوتی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نفلی روزہ مکمل کرنے سے پہلے افطار کیا۔ دیکھیے: [صحیح مسلم، الصیام، حدیث: 1154]
اس لیے جمہور اہل علم کے مطابق شروع کرنے سے نفل فرض نہیں بن جاتا، البتہ تکمیل بہتر ہے۔ باقی رہی آیت مبارکہ تو اس کا سیاق و سباق بعض لوگوں (احناف) والا معنی لینے سے مانع ہے کیونکہ اس آیت میں خلاف سنت کام کرنے کو باطل کہا گیا ہے۔ واللہ اعلم۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 459   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2092  
´روزے کی فرضیت کا بیان۔`
طلحہ بن عبیداللہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ ایک اعرابی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پراگندہ بال آیا، (اور) اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول! مجھے بتائیے اللہ تعالیٰ نے مجھ پر کتنی نمازیں فرض کی ہیں؟ آپ نے فرمایا: پانچ (وقت کی) نمازیں، اِلاَّ یہ کہ تم کچھ نفل پڑھنا چاہو، پھر اس نے کہا: مجھے بتلائیے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ پر کتنے روزے فرض کیے ہیں؟ آپ نے فرمایا: ماہ رمضان کے روزے، اِلاَّ یہ کہ تم کچھ نفلی (روزے) رکھنا چاہو، (پھر) اس نے پوچھا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الصيام/حدیث: 2092]
اردو حاشہ:
(1) روزے شعبان 2 ہجری کو فرض ہوئے۔ روزؤں کی فرضیت قرآن وسنت اور اجماع امت سے ثابت ہے۔
(2) نہ کمی کروں گا یعنی ظاہر گنتی وغیرہ کے لحاظ سے، ورنہ ادائیگی میں نقص نہ ہونے کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔
(3) اگر یہ اپنی بات پر پکا رہا یعنی وہ فرائض میں کمی نہ کرے گا۔ (نہ یہ کہ ان سے زیادتی نہ کرے گا کیونکہ نوافل کی ادائیگی تو مطلوب ہے اور بیان میں مذکور بھی ہے۔ اور یہی مشکل چیز ہے۔) یا مطلب یہ ہے کہ وہ فرائض میں اپنی طرف سے اضافہ نہ کرے گا۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2092   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5031  
´زکاۃ کا بیان۔`
طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اہل نجد میں سے ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، جس کے بال بکھرے ہوئے تھے، اس کی گنگناہٹ سنائی دیتی تھی لیکن سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ جب وہ قریب ہوا تو معلوم ہوا کہ وہ اسلام کے بارے میں پوچھ رہا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: دن رات میں پانچ وقت کی نماز، اس نے کہا: اس کے علاوہ کچھ اور بھی ہیں میرے اوپر؟ آپ نے فرمایا: نہیں، سوائے اس کے کہ تم نفل (سنت) پڑھنا چاہو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الإيمان وشرائعه/حدیث: 5031]
اردو حاشہ:
(1) سنائی دیتی تھی گویا وہ اپنے سوالات دور سے ہی بڑا بڑا ہوا آرہا تھا۔
(2) کوئی اور نماز، مثلا تہجد،اشراق وضحیٰ وغیرہ کی نمازیں۔یہاں فرضوں سے آگے پیچھے پڑھی جانے والی سنتیں مراد نہیں (جنھیں رواتب کہتے ہیں) کیونکہ یہ تب ہوتا اگر آپ نمازوں کی رکعات کی تعداد بتارہے ہوتے۔
(3) کوئی مالی صدقہبعض لوگوں نے یہاں سے صدقہ الفطر اور قربانی کےوجوب کی نفی پر استدلال کیا ہے۔ لیکن صحیح باب یہ ہے کہ صدقۃ الفطر نہیں بلکہ صدقۃ النفس ہے۔ اسی طرح قربانی بھی مالی صدقہ نہیں ورنہ اس سے خود کھانا اور امر اء کو کھلانا جائز نہ ہوتا بلکہ یہ الگ عبادت ہے،جیسے حج اگرچہ اس میں مال صرف ہوتا ہے۔
(4) زیادہ کروں گا نہ کم یعنی نفل نمازیں، روزے اور صدقات کی ادائیگی کا عہد نہیں کرتا اور فرائض میں کمی نہیں کروں گا۔ ان الفاظ سے نوافل کی ادائیگی نہیں ہوتی جیساکہ ظاہر بین شخص سمجھتا ہے۔ تفصیلی بحث پیچھے گز چکی ہے۔دیکھیے (حدیث: 459)
(5) امام نسائی رحمہ اللہ  کا مقصود شعب ایمان بیان کرنا ہے جن میں زکاو ایک اہم حیثیت رکھتی ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5031   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 100  
حضرت طلحہ رضی الله عنه بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک نجدی آدمی آیا جس کے بال پراگندہ تھےاس کی آواز کی بھنبھناہٹ ہم سن رہے تھے اور وہ جو کچھ کہہ رہا تھا اس کو ہم سمجھ نہیں رہے تھے یہاں تک کہ وہ رسول اللہ ﷺ کےقریب آیا وہ آپؐ سے اسلام کے بارے میں پوچھ رہا تھا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دن رات میں پانچ نمازیں ہیں۔ تو اس نے پوچھا کیا میرے ذمے ان کے علاوہ بھی ہیں؟ آپ (ﷺ) نے فرمایا: نہیں اِلّا یہ کہ تو نفلی... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:100]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
ثَائِرٌ:
پراگندہ،
بکھرے ہوئے بال۔
(2)
دَوِيّ:
دال کی زبر کے ساتھ،
دوری اور بعد کی بنا پر آواز کی گنگناہٹ جس سے معنی و مطلب سمجھ میں نہ آ سکے۔
فوائد ومسائل:
1- دن رات میں صرف پانچ نمازیں فرض ہیں،
ان کے سوا روزانہ اور کوئی نماز فرض نہیں ہے۔
فرض نمازوں کے آگے اور پیچھے یعنی پہلے اور بعد میں پڑھی جانے والی سنتیں،
وہ کوئی اور الگ اور مسقل فرض نہیں ہیں۔
وہ صرف فرض نمازوں کے لیے دل کی حضوری،
خشوع وخضوع کے حصول اور فرض میں ہو جانے والی کمی وکوتاہی کے دور کرنے کے لیے پڑھی جاتی ہیں گویا فرض نمازوں میں حسن وکمال پیدا کرنے کا باعث اور ان کا تتمہ وتکملہ ہیں،
مستقل فرض نہیں۔

صرف ماہ رمضان کے روزے فرض ہیں،
رمضان کے علاوہ روزے،
رفع درجات اور نفس انسانی کے تزکیہ وتطہیر کے عمل کو قائم وبرقرار رکھنے کے لیے رکھے جاتے ہیں،
نفلی نمازوں کی طرح،
نفلی روزے بھی گناہوں کا کفارہ بنتے ہیں اور فرض روزے رکھنے کی ہمت واستعداد پیدا کرتے ہیں۔

دین میں آئینی وقانونی فرض،
صرف زکاۃ ہے جو مال کے شکرانہ کے طور پر اللہ تعالیٰ کا حق ہے،
مال میں زکاۃ کے علاوہ انفاق ایک اخلاقی،
سماجی اور معاشرتی فرض ہے،
اس لیے قرآن مجید میں آیت بر میں زکاۃ کے ساتھ وَآتَى الْمَالَ عَلَىٰ حُبِّهِ مال کی محبت کے باوجود مال دیا۔
مستقل طور پر بیان کیا گیا ہے۔
4- إِلَّا أَنْ تَطَّوَّعَ:
میں الا شوافع کے نزدیک استثناء منقطع کے لیے ہے،
اس لیے نفل کو پورا کرنا بہتراور افضل ہے لازم نہیں،
ضرورت کے وقت نفلی نماز اورنفلی روزہ کو توڑا جاسکتا ہے۔
اور اس کی قضاء،
لازم یا واجب نہیں،
احناف کے نزدیک الا استثاء متصل کے لیے ہے،
اس لیے توڑنے کی صورت میں قضاء فرض یا لازم ہے مگر احناف کے قول کو درست مانا جائے تو فرض نماز کی تعداد پانچ رہتی اسی طرح رمضان کے علاوہ روزے بھی فرض ماننا پڑتے ہیں جو ظاہر ہے کہ درست نہیں۔
(مسئلہ کی تفصیل اپنے محل پر آئے گی)

لا ازید ولا انقص:
میں کمی وبیشی نہیں کروں گا،
مقصد یہ ہے کہ میں آپ کی تعلیم و ہدایت کی پوری پوری پابندی کروں گا،
اپنی طبیعت ومزاج اور اپنی مرضی وخواہش سے کوئی زیادتی یا کمی نہیں کروں گا۔

اس حدیث میں حج کا تذکرہ نہیں ہے۔
ممکن ہے یہ سوال وجواب فرضیت حج سے پہلے ہوئے ہوں،
کیونکہ حج کی ادائیگی کا موقع،
فتح مکہ کے بعد ہی ممکن تھا۔
اور حج مشہور قول کے رو سے 9 ہجری میں فرض ہوا۔
یہ بھی ممکن ہے کہ آپ نے موقع محل کی مناسبت سے انہیں ارکان اسلام سے آگا ہ فرمایا ہو۔
بخاری شریف میں حضرت طلحہ بن عبید اللہ رضی اللہ عنہ کی روایت کے آخر میں یہ الفاظ ہیں،
فاَخْبِرہُ عَنْ شَرَائِعِ الإِسْلَامِ،
آپ (ﷺ) نے اسے اسلامی احکام کی خبر دی،
اس سے معلوم ہوتا ہے اس روایت میں اختصار ہے۔
نفس فلاح ونجات کا انحصار فرائض وواجبات کی پابندی پر ہے،
درجات ومراتب کے حصول کے لیے نوافل اور مستحبات کا اہتمام ضروری ہے،
جس قدر نوافل اور استحبات کا اہتمام ہوگا اس قدر درجہ بلند ہوگا،
اور اس کی تعمیل وامتثال (اطاعت وفرمانبرداری ہے)
اس لیے آپ (ﷺ) نے فرمایا:
اگر اپنی بات میں سچا ہے تو کامیاب وکامران ہوگا۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 100   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2678  
2678. حضرت طلحہ بن عبیداللہ ؓ سےروایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور آتے ہی اس نے اسلام کے متعلق سوال کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دن اور رات میں نماز پنجگانہ ادا کرنا۔ اس نے عرض کیا: آیا اس کے علاوہ اور بھی کوئی نمازمجھ پر فرض ہے؟ آپ نے فرمایا: نہیں، اگر نفل پڑھو تو الگ بات ہے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: رمضان کے روزے رکھنا ہے۔ اس نے عرض کیا: آیا ان کے علاوہ بھی مجھ پر روزے فرض ہیں؟ آپ نے فرمایا: نہیں۔ الا یہ کہ تم نفلی روزے رکھو۔ رسول اللہ ﷺ نے زکاۃ کا ذکر کیا تو اس نے کہا: کیا مجھ پر زکاۃ کے علاوہ اور بھی فرض ہے؟ آپ نے فرمایا: نہیں، اگر نفلی صدقہ کروتو اور بات ہے۔ پھر وہ شخص یہ کہتا ہوا واپس گیا: اللہ کی قسم! میں اس سے زیادہ یا کم نہیں کروں گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر اس نے سچ کہا تو کامیاب ہوجائے گا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2678]
حدیث حاشیہ:
یعنی جنت میں جائے گا۔
باب کا مطلب اس سے نکلا کہ اس نے قسم میں لفظ واللہ استعمال کیا۔
قسم کھانے میں یہی کافی ہے۔
واللہ، باللہ، تاللہ یہ سب قسمیہ الفاظ ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2678   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:46  
46. حضرت طلحہ بن عبیداللہ ؓ کا بیان ہے کہ اہل نجد سے ایک شخص پراگندہ مو (بال) رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ ہم اس کی آواز کی گنگناہٹ سن رہے تھے مگر یہ نہ سمجھتے تھے کہ کیا کہتا ہے تا آنکہ وہ نزدیک آ پہنچا۔ تب معلوم ہوا کہ وہ اسلام کے متعلق پوچھ رہا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دن رات میں پانچ نمازیں ہیں۔ اس نے کہا: ان کے علاوہ (بھی) مجھ پر کوئی نماز فرض ہے؟ آپ نے فرمایا: نہیں، مگر یہ کہ تو اپنی خوشی سے پڑھے۔ (پھر) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اور رمضان کے روزے رکھنا۔ اس نے عرض کیا: اور تو کوئی روزہ مجھ پر فرض نہیں؟ آپﷺ نے فرمایا: نہیں، مگر یہ کہ تو اپنی خوشی سے رکھے۔ حضرت طلحہؓ کہتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے اس سے زکاۃ کا بھی ذکر کیا۔ اس نے کہا: مجھ پر اس کے علاوہ (کوئی اور صدقہ بھی) فرض ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: نہیں، مگر یہ کہ تو اپنی خوشی سے دے۔ حضرت طلحہؓ نے کہا: پھر وہ شخص یہ کہتا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:46]
حدیث حاشیہ:

جن اعمال سے ایمان کی کمی بیشی کا تعلق ہے وہ دو طرح کے ہیں:
بدنی، مالی۔
اب تک امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے بدنی اعمال کا ذکر فرمایا ہے اور اب مالی اعمال کا ذکر فرما رہے ہیں۔
اس سلسلے میں انھوں نے عنوان قائم کیا ہےزکاۃ، اسلام کا حصہ(رکن)
ہے۔
ترجمۃ الباب میں مذکور آیت کریمہ میں نماز کا بھی ذکر ہے لیکن امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے صرف زکاۃ کے متعلق عنوان قائم کیا ہے کیونکہ آیت کے دوسرے اجزاء کے متعلق پہلے تراجم قائم کرچکے ہیں۔
جب آیت کریمہ سے زکاۃ، دین کا حصہ معلوم ہوئی تو اسلام اور ایمان کا حصہ خود بخود ثابت ہوگئی۔

اس حدیث سے ان لوگوں کی تردید مقصود ہے جو ایمان کی نشوونما کے لیے اعمال کی ضرورت کے قائل نہیں ہیں جبکہ حدیث میں اخروی فلاح کا مدار اس بات کو بتایا گیا ہے کہ اس میں بیان کردہ اعمال وفرائض میں کمی نہ کی جائے۔
(عمدۃ القاری 396/1)

اس روایت میں اقرار شہادتین کا ذکر نہیں ہے۔
اس کی چند ایک وجوہات ہیں:
(الف)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بات کا علم تھا کہ یہ مسلمان ہے اور دخول اسلام کے لیے اقرارشہادتین ضروری ہیں۔
(ب)
ممکن ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا ذکر کیا ہو لیکن شہرت کی بنا پر راوی نے اسے بیان نہ کیا ہو۔
اس کی دلیل یہ ہے کہ صحیح بخاری کی ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے شرائع اسلام کے متعلق بتایا۔
(فتح الباري: 143/1)

حدیث میں ہے کہ سائل پراگندہ بالوں کی صورت میں حاضرخدمت ہوا۔
اس میں یہ تعلیم دی گئی ہے کہ طالب علم کی عادات واطوار میں سادگی ہونی چاہیے۔
اسے بناؤسنگھار میں وقت ضائع نہیں کرناچاہیے۔
اس کے اندر حصول علم کی ایک دھن ہو۔
اس کے علاوہ اور کسی چیز کی اسے خبر نہ ہو۔

دینی معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک شہر سے دوسرے شہر کا سفر کرنا پھر اہل علم کے حضور زانوئےتلمذ تہ کرنا ایک پسندیدہ عادت ہے۔
ایک طالب علم کے لیے حصول علم کی خاطر اپنا شہر چھوڑنا باعث برکت ہے۔
(عمدۃالقاری 395/1)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 46   


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.