صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
کتاب صحيح البخاري تفصیلات

صحيح البخاري
کتاب: وحی کے بیان میں
The Book of Revelation
--. ( بَابٌ: )
--. باب: (کیفیت وحی)
( Chapter. )
حدیث نمبر: 2
Save to word مکررات اعراب English
(مرفوع) حدثنا عبد الله بن يوسف ، قال: اخبرنا مالك ، عن هشام بن عروة ، عن ابيه ، عن عائشة ام المؤمنين رضي الله عنها، ان الحارث بن هشام رضي الله عنه سال رسول الله صلى الله عليه وسلم، فقال: يا رسول الله، كيف ياتيك الوحي؟ فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم:"احيانا ياتيني مثل صلصلة الجرس، وهو اشده علي فيفصم عني، وقد وعيت عنه ما قال، واحيانا يتمثل لي الملك رجلا فيكلمني فاعي ما يقول"، قالت عائشة رضي الله عنها: ولقد رايته ينزل عليه الوحي في اليوم الشديد البرد فيفصم عنه، وإن جبينه ليتفصد عرقا.(مرفوع) حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ ، قَالَ: أَخْبَرَنَا مَالِكٌ ، عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، أَنَّ الْحَارِثَ بْنَ هِشَامٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ سَأَل رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، كَيْفَ يَأْتِيكَ الْوَحْيُ؟ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:"أَحْيَانًا يَأْتِينِي مِثْلَ صَلْصَلَةِ الْجَرَسِ، وَهُوَ أَشَدُّهُ عَلَيَّ فَيُفْصَمُ عَنِّي، وَقَدْ وَعَيْتُ عَنْهُ مَا قَالَ، وَأَحْيَانًا يَتَمَثَّلُ لِي الْمَلَكُ رَجُلًا فَيُكَلِّمُنِي فَأَعِي مَا يَقُولُ"، قَالَتْ عَائِشَةُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا: وَلَقَدْ رَأَيْتُهُ يَنْزِلُ عَلَيْهِ الْوَحْيُ فِي الْيَوْمِ الشَّدِيدِ الْبَرْدِ فَيَفْصِمُ عَنْهُ، وَإِنَّ جَبِينَهُ لَيَتَفَصَّدُ عَرَقًا.
ہم کو عبداللہ بن یوسف نے حدیث بیان کی، ان کو مالک نے ہشام بن عروہ کی روایت سے خبر دی، انہوں نے اپنے والد سے نقل کی، انہوں نے ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے نقل کی آپ نے فرمایا کہ ایک شخص حارث بن ہشام نامی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا تھا کہ یا رسول اللہ! آپ پر وحی کیسے نازل ہوتی ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وحی نازل ہوتے وقت کبھی مجھ کو گھنٹی کی سی آواز محسوس ہوتی ہے اور وحی کی یہ کیفیت مجھ پر بہت شاق گزرتی ہے۔ جب یہ کیفیت ختم ہوتی ہے تو میرے دل و دماغ پر اس (فرشتے) کے ذریعہ نازل شدہ وحی محفوظ ہو جاتی ہے اور کسی وقت ایسا ہوتا ہے کہ فرشتہ بشکل انسان میرے پاس آتا ہے اور مجھ سے کلام کرتا ہے۔ پس میں اس کا کہا ہوا یاد رکھ لیتا ہوں۔ عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ میں نے سخت کڑاکے کی سردی میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل ہوئی اور جب اس کا سلسلہ موقوف ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشانی پسینے سے شرابور تھی۔


Hum ko Abdullah bin Yousuf ne Hadees bayan ki, un ko Maalik ne Hishaam bin Urwah ki riwayat se khabar di, unhon ne apne waalid se naql ki, unhon ne Umm ul Mo’mineen Aisha Siddiqah Radhiallahu Anha se naql ki aap ne farmaaya ke ek shakhs Haris bin Hishaam naami ne Nabi Kareem Sallallahu Alaihi Wasallam se sawaal kiya tha ke ya RasoolAllah! Aap par Wahi kaise naazil hoti hai? Aap Sallallahu Alaihi Wasallam ne farmaaya ke Wahi naazil hote waqt kabhi mujh ko ghanti ki si aawaaz mehsoos hoti hai aur Wahi ki yeh kaifiyat mujh par bahut shaaq guzarti hai. Jab yeh kaifiyat khatm hoti hai to mere dil o dimaagh par us (farishte) ke zariye naazil shudah Wahi mehfooz ho jaati hai aur kisi waqt aisa hota hai ke farishta bashakl-e-insaan mere paas aata hai aur mujh se kalaam karta hai. Pas main us ka kaha huwa yaad rakh leta hun. Aisha Radhiallahu Anha ka bayan hai ke main ne sakht kadaake ki sardi main Nabi Kareem Sallallahu Alaihi Wasallam ko dekha hai ke Aap Sallallahu Alaihi Wasallam par Wahi naazil hue aur jab us ka silsila mauqoof huwa to Aap Sallallahu Alaihi Wasallam ki peshani paseene se sharaabor thi.

تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

Narrated 'Aisha: (the mother of the faithful believers) Al-Harith bin Hisham asked Allah's Apostle "O Allah's Apostle! How is the Divine Inspiration revealed to you?" Allah's Apostle replied, "Sometimes it is (revealed) like the ringing of a bell, this form of Inspiration is the hardest of all and then this state passes off after I have grasped what is inspired. Sometimes the Angel comes in the form of a man and talks to me and I grasp whatever he says." 'Aisha added: Verily I saw the Prophet being inspired divinely on a very cold day and noticed the sweat dropping from his forehead (as the Inspiration was over).
USC-MSA web (English) Reference: Volume 1, Book 1, Number 2


حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

   صحيح البخاري3215عائشة بنت عبد اللهأحيانا في مثل صلصلة الجرس فيفصم عني وقد وعيت ما قال وهو أشده علي ويتمثل لي الملك أحيانا رجلا فيكلمني فأعي ما يقول
   صحيح البخاري2عائشة بنت عبد اللهأحيانا يأتيني مثل صلصلة الجرس وهو أشده علي فيفصم عني وقد وعيت عنه ما قال وأحيانا يتمثل لي الملك رجلا فيكلمني فأعي ما يقول
   صحيح مسلم6059عائشة بنت عبد اللهأحيانا يأتيني في مثل صلصلة الجرس وهو أشده علي ثم يفصم عني وقد وعيته وأحيانا ملك في مثل صورة الرجل فأعي ما يقول
   جامع الترمذي3634عائشة بنت عبد اللهيأتيني في مثل صلصلة الجرس وهو أشده علي وأحيانا يتمثل لي الملك رجلا فيكلمني فأعي ما يقول
   سنن النسائى الصغرى935عائشة بنت عبد اللهأحيانا يأتيني في مثل صلصلة الجرس وهو أشده علي فيفصم عني وقد وعيت ما قال وأحيانا يتمثل لي الملك رجلا فيكلمني فأعي ما يقول
   سنن النسائى الصغرى934عائشة بنت عبد اللهفي مثل صلصلة الجرس فيفصم عني وقد وعيت زيادة وهو أشده علي وأحيانا يأتيني في مثل صورة الفتى فينبذه إلي
   موطا امام مالك رواية ابن القاسم458عائشة بنت عبد اللهاحيانا ياتيني مثل صلصلة الجرس وهو اشده علي، فيفصم عني وقد وعيت
   مسندالحميدي258عائشة بنت عبد اللهيأتيني أحيانا في مثل صلصلة الجرس فيفصم عني، وقد وعيت عنه، وهو أشد ما يأتيني، ويأتيني أحيانا في مثل صورة الفتى فينبذه إلي فأعيه، وهو أهونه علي

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 2 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 2  
تشریح:
انبیاء علیہم السلام خصوصاً حضرت سیدنا و مولانا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نزول وحی کے مختلف طریقے رہے ہیں۔ انبیاءکے خواب بھی وحی ہوتے ہیں اور ان کے قلوب مجلّیٰ پر جو واردات یا الہامات ہوتے ہیں وہ بھی وحی ہیں۔ کبھی اللہ کا فرستادہ فرشتہ اصل صورت میں ان سے ہم کلام ہوتا ہے اور کبھی بصورت بشر حاضر ہو کر ان کو اللہ کا فرمان سناتا ہے۔ کبھی باری تعالیٰ و تقدس خود براہ راست اپنے رسول سے خطاب فرماتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ میں وقتاً فوقتاً وحی کی یہ جملہ اقسام پائی گئیں۔ حدیث بالا میں جو گھنٹی کی آواز کی مشابہت کا ذکر آیا ہے حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے وحی مراد لے کر آنے والے فرشتے کے پیروں کی آواز مراد بتلائی ہے، بعض حضرات نے اس آواز سے صوت باری کو مراد لیا ہے اور قرآنی آیت «وماكان لبشر ان يكلمه الله الا وحيا اومن ورآي حجابٍ» الخ [الشوریٰ: 51] کے تحت اسے وراء حجاب والی صورت سے تعبیر کیا ہے، آج کل ٹیلی فون کی ایجاد میں بھی ہم دیکھتے ہیں کہ فون کرنے والا پہلے گھنٹی پر انگلی رکھتا ہے اور وہ آواز جہاں فون کرتا ہے گھنٹی کی شکل میں آواز دیتی ہے۔ یہ تو اللہ پاک کی طرف سے ایک غیبی روحانی فون ہی ہے جو عالم بالا سے اس کے مقبول بندگان انبیاء و رسل کے قلوب مبارکہ پر نزول کرتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی کا نزول اس کثرت سے ہوا کہ اسے باران رحمت سے تشبیہ دی جا سکتی ہے۔ قرآن مجید وہ وحی ہے جسے وحی متلو کہا جاتا ہے، یعنی وہ وحی جو تاقیام دنیا مسلمانوں کی تلاوت میں رہے گی اور وحی غیر متلو آپ کی احادیث قدسیہ ہیں جن کو قرآن مجید میں الحکمۃ سے تعبیر کیا گیا ہے۔ ہر دو قسم کی وحی کی حفاظت اللہ پاک نے اپنے ذمہ لی ہوئی ہے اور اس چودہ سو سال کے عرصہ میں جس طرح قرآن کریم کی خدمت و حفاظت کے لیے حفاظ، قراء، علماء، فضلاء، مفسرین پیدا ہوتے رہے، اسی طرح احادیث نبویہ کی حفاظت کے لیے اللہ پاک نے گروہ محدثین امام بخاری رحمہ اللہ و مسلم رحمہ اللہ وغیرہم جیسوں کو پیدا کیا۔ جنھوں نے علم نبوی کی وہ خدمت کی کہ قیامت تک امت ان کے احسان سے عہدہ برآ نہیں ہو سکتی۔ حدیث نبوی کہ اگر دین ثریا پر ہو گا تو آل فارس سے کچھ لوگ پیدا ہوں گے جو وہاں سے بھی اسے حاصل کر لیں گے، بلاشک و شبہ اس سے بھی یہی محدثین کرام امام بخاری ومسلم وغیرہم مراد ہیں۔ جنہوں نے احادیث نبوی کی طلب میں ہزارہا میل پیدل سفر کیا اور بڑی بڑی تکالیف برداشت کر کے ان کو مدون فرمایا۔

صد افسوس کہ آج اس چودہویں صدی میں کچھ لوگ کھلم کھلا احادیث نبوی کا انکار کرتے اور محدثین کرام پر پھبتیاں اڑاتے ہیں اور کچھ ایسے بھی پیدا ہو چلے ہیں جو بظاہر ان کے احترام کا دم بھرتے ہیں اور در پردہ ان کو غیر ثقہ، محض روایت کنندہ، درایت سے عاری، ناقص الفہم ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگاتے رہتے ہیں۔ مگر اللہ پاک نے اپنے مقبول بندوں کی خدماتِ جلیلہ کو جو دوام بخشا اور ان کو قبول عام عطا فرمایا وہ ایسی غلط کاوشوں سے زائل نہیں ہو سکتا۔

الغرض وحی کی چارصورتیں ہیں:
➊ اللہ پاک براہ راست اپنے رسول نبی سے خطاب فرمائے۔
➋ کوئی فرشتہ اللہ کا پیغام لے کر آئے۔
➌ یہ کہ قلب پر القاءہو۔
➍ چوتھے یہ کہ سچے خواب دکھائی دیں۔

اصطلاحی طور پر وحی کا لفظ صرف پیغمبروں کے لیے بولا جاتا ہے اور الہام عام ہے جو دوسرے نیک بندوں کو بھی ہوتا رہتا ہے۔ قرآن مجید میں جانوروں کے لیے بھی لفظ الہام کا استعمال ہوا ہے۔ جیسا کہ «واوحي ربك الي النحل» [النحل: 68] میں مذکور ہے۔ وحی کی مزید تفصیل کے لیے حضرت امام حدیث ذیل نقل فرماتے ہیں: [حدیث مبارکہ نمبر 3 دیکھیں]
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2  
حدیث حاشیہ:

اس حدیث سے عظمت وحی کا پتہ چلتا ہے کہ نزول وحی کے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حالت بدل جاتی، آپ کا چہرہ انور متغیر ہوجاتا، پھر یہ معاملہ ایک دوبار پیش نہیں آیا بلکہ زندگی میں سینکڑوں مرتبہ آپ کو اس کیفیت سے دوچار ہونا پڑا، اس سے جہاں عظمت وحی کا پتہ چلتا ہے وہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت وعصمت بھی معلوم ہوتی ہے۔

اس سوال میں کہ وحی کیسے آتی تھی؟ تین چیزیں آتی ہیں۔
(الف)
۔
نفس وحی کی کیفیت۔
(ب)
۔
حامل وحی حضرت جبرئیل کی کیفیت-
(ج)
۔
خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کیفیت۔
جواب میں ان تینوں چیزوں کو وضاحت سے بیان کیا گیا ہے۔

حدیث کے الفاظ:
وہ مجھ پر بہت گراں گزرتی ہے سے معلوم ہوا کہ وحی الٰہی کلام نفسی کی کوئی صورت نہ تھی کیونکہ کلام نفسی کا حامل دماغی فتور کی وجہ سےغیبی باتیں کرتا ہے اور اس کو تکلیف ومشقت اور پریشانی اورگھبراہٹ بالکل نہیں ہوتی جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کسی غیبی طاقت کے دباؤ اورکلام الٰہی کی گراں باری کی وجہ سے نزول وحی کے وقت پسینے سے شرابور ہوجاتے اور گھبراہٹ میں اضافہ ہوجاتا۔

اس حدیث میں وحی کی ان دوصورتوں کو بیان کیا گیا ہے جو عام طور پر آپ کو پیش آتی تھیں۔
ان کے علاوہ کبھی خواب کی صورت میں اور کبھی بذریعہ الہام و القاء بھی وحی آتی اور بسا اوقات حضرت جبرئیل علیہ السلام اپنے اصل روپ میں وحی لے کر تشریف لاتے۔
اور کبھی اللہ تعالیٰ کے پس پردہ بذات خود کلام فرمانے سے بھی وحی کا ثبوت ملتا ہے جیسا کہ حدیث معراج اس کی صریح دلیل ہے۔

بعض روایات سے معلوم ہوتاہے کہ گھنٹی کی آواز سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سخت نفرت تھی، ایسے حالات میں نزول وحی کو ایسی آواز سے تشبیہ کیوں دی گئی ہے؟ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ اس کا جواب بایں الفاظ دیتے ہیں کہ جرس(گھنٹی)
میں دوچیزیں ہوتی ہیں:
ایک موسیقی وترنم جو قابل نفرت ہے دوسری آواز کی شدت وقوت۔
وحی کو جرس کی دوسری صفت سے تشبیہ دی گئی ہے جو قابل نفرت نہیں۔
اسی شدت کی وجہ سے وحی کوقول ثقیل سے تعبیر کیا گیا ہے۔
اس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اعصابی نظام اس حد تک متاثر ہوتا کہ سخت سردی کے موسم میں بھی آپ پسینے سے شرابور ہوجاتے۔

ایک روایت میں ہے کہ نزول وحی کے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس شہد کی مکھیوں کی بھنبھناہٹ جیسی آواز سنائی دیتی تھی۔
آواز کی یہ کیفیت سامعین کے اعتبار سے تھی، البتہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے یہ آواز گھنٹی بجنے کی طرح ہوتی تھی تاکہ خارجی شوروغل سماع وحی میں دخل انداز نہ ہو۔
(فتح الباري: 19/1)
۔

یہ بھی معلوم ہوا کہ اطمینان قلب کے لیے سوال کرنا یقین کے منافی نہیں جیسا کہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے احیائے موتیٰ کے متعلق سوال کیا تھا، نیز حضرات انبیاء علیہم السلام سے ان پر گزرنے والے احوال و واقعات کے متعلق سوال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
(فتح الباري: 22/1)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 934  
´قرآن سے متعلق جامع باب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ حارث بن ہشام رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: آپ پر وحی کیسے آتی ہے؟ تو آپ نے جواب دیا: گھنٹی کی آواز کی طرح، پھر وہ بند ہو جاتی ہے اور میں اسے یاد کر لیتا ہوں، اور یہ قسم میرے اوپر سب سے زیادہ سخت ہوتی ہے، اور کبھی وحی کا فرشتہ میرے پاس نوجوان آدمی کی شکل میں آتا ہے، اور وہ مجھ سے کہہ جاتا ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الافتتاح/حدیث: 934]
934 ۔ اردو حاشیہ:
➊ آپ کے پاس وحی کس حالت میں آتی ہے؟ اس سوال میں تین چیزیں آ جاتی ہیں: (1) نفس وحی کی کیفیت (2) حامل وحی حضرت جبرائیل علیہ السلام کی کیفیت (3) خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کیفیت۔ جواب میں ان تینوں چیزوں کی وضاحت ہے۔ اس حدیث میں وحی کی دو صورتوں کو بیان کیا گیا ہے جو عام طور پر آپ کو پیش آتی تھیں۔ اس کے علاوہ بھی وحی کی مختلف صورتیں ہیں۔ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے وحی کے ساتھ مراتب ذکر کیے ہیں: (1) سچے خواب آنا۔ ان سے نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی کی ابتدا ہوئی۔ آپ جو کچھ خواب میں دیکھتے بیداری کی صورت میں ویسے ہی ہو جاتا تھا۔ (2) فرشتے کا نظر آئے بغیر ہی کوئی چیز دل میں ڈال دینا جیسا کہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا اراشاد ہے: «إنَّ روحَ القدسِ نفثَ في رَوعي………» بے شک روح القدس (جبریل امین) نے میرے دل میں یہ بات ڈالی۔ [سلسلة الأحادیث الصحیحة: 865/6، حدیث: 2866]
➌ فرشتے کا انسانی شکل میں آپ پر وحی لانا جس کا مذکورہ حدیث میں بھی ذکر ہے۔ ایسے مواقع پر حضرت جبرئیل علیہ السلام عموما مشہور صحابی حضرت دحیہ کلبی رضی اللہ عنہ کی شکل میں آتے تھے۔ بعض دفعہ کسی دوسرے انسان کی شکل میں بھی آجاتے تھے جیسے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ حضرت جبرئیل علیہ السلام ایک اجنبی کی صورت میں آئے۔ دیکھیے: [صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 8]
➍ کبھی گھنٹی کی طرح آواز آتی اور وحی کا نزول شروع ہو جاتا تھا۔ اس کا بیان بھی مذکورہ حدیث میں ہوا ہے۔ (5) فرشتے کا اصلی شکل میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی لانا۔ اس طرح آپ پر دو مرتبہ وحی ہوئی۔ (6) آسمانوں پر اللہ تعالیٰ سے براہِ راست پس پردہ ہم کلام ہونا جیسے معراج کی رات آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ سے ہم کلام ہوئے اور آپ کو پچاس نمازوں کا ہدیہ ملا جو کم ہوتے ہوتے پانچ نمازیں مقرر ہوئیں۔ (7) فرشتے کے واسطے کے بغیر براہِ راست اللہ تعالیٰ کا پس پردہ ہم کلام ہونا جیسے اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام سے کلام فرمایا: « ﴿وَكَلَّمَ اللَّهُ مُوسَى تَكْلِيمًا﴾ » [النساء: 164: 4]
کوئی بشر اللہ تعالیٰ سے روبرو ہو کر کلام نہیں کر سکتا۔ ارشاد باری ہے: « ﴿وَمَا كَانَ لِبَشَرٍ أَنْ يُكَلِّمَهُ اللَّهُ إِلا وَحْيًا أَوْ مِنْ وَرَاءِ حِجَابٍ﴾ » [الشوری: 51: 42]
کسی بشر کے لیے ممکن نہیں کہ اللہ سے (روبرو ہو کر) بات کرے مگر دل میں القا کر کے یا پردے کے پیچھے سے۔ [زاد المعاد: 80-78/1]
گھنٹی جیسی آواز یہ وحی کی آواز ہوتی تھی جسے سمجھنا کافی مشکل تھا کیونکہ گھنٹی جیسی آواز سے الفاظ کو سمجھنا کافی توجہ کا متقاضی ہوتا ہے اور ان کے سمجھنے میں بڑی دقت ہوتی ہے، لہٰذا انہیں سمجھنے کے لیے کافی زیادہ مشقت اٹھانی پڑتی ہے۔ بعض علماء نے یہ خیال ظاہر کیا ہے کہ فرشتہ وحی لاتے وقت اپنے پروں کو پھڑپھڑاتا تھا، اس سے یہ آواز پیدا ہوتی تھی۔ اور بعض اہل علم نے یہ رائے ظاہر کی ہے کہ یہاں تشبیہ آواز کے ترنم میں نہیں بلکہ اس کے تسلسل اور قوت میں ہے کہ جس طرح گھنٹی کی آواز مسلسل اور شدت سے ظاہر ہوتی ہے اور کسی جگہ ٹوٹتی نہیں، اسی طرح وحی کی آواز بھی مسلسل شدید ہوتی تھی۔ مزید دیکھیے: [ذخیرہ العقبیٰ شرح سنن النسائي: 55/12]
اس صورت میں چونکہ فرشتہ آپ کو نظر نہیں آتا تھا بلکہ براہ راست دل پر القا ہوتا تھا، اس لیے یہ آپ کے لیے شدت اور ثقل کا سبب تھا۔ واللہ أعلم۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ آپ پر سخت سردی کے دن میں وحی نازل ہوتی۔ جب وحی کا سلسلہ ختم ہو جاتا تو آپ کی پیشانی پسینے سے شرابور ہو چکی ہوتی تھی۔ [صحیح البخاري، بدء الوحي، حدیث: 2]
شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ کے مطابق وحی کے وقت آپ کے کان اور آنکھیں خارج سے بند ہو جاتے تھے۔ نہ آپ کو کچھ نظر آتا تھا، نہ کوئی اور آواز سنائی دیتی تھی تاکہ وحی میں دخل اندازی نہ ہو، توجہ ادھر ادھر منعطف نہ ہو۔ یہ آواز دراصل کان بند ہونے کی وجہ سے ہوتی تھی، اس لیے یہ آواز ساری وحی کے دوران میں قائم رہتی ہو گی۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 934   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 935  
´قرآن سے متعلق جامع باب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ حارث بن ہشام رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: آپ پر وحی کیسے آتی ہے؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کبھی میرے پاس گھنٹی کی آواز کی شکل میں آتی ہے، اور یہ قسم میرے اوپر سب سے زیادہ سخت ہوتی ہے، پھر وہ بند ہو جاتی ہے اور جو وہ کہتا ہے میں اسے یاد کر لیتا ہوں، اور کبھی میرے پاس فرشتہ آدمی کی شکل میں آتا ہے ۱؎ اور مجھ سے باتیں کرتا ہے، اور جو کچھ وہ کہتا ہے میں اسے یاد کر لیتا ہوں، ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے کڑکڑاتے جاڑے میں آپ پر وحی اترتے دیکھا، پھر وہ بند ہوتی اور حال یہ ہوتا کہ آپ کی پیشانی سے پسینہ بہہ رہا ہوتا۔ [سنن نسائي/كتاب الافتتاح/حدیث: 935]
935 ۔ اردو حاشیہ:
➊ فرشتے کا انسانی صورت اختیار کرنا احادیث صحیحہ سے بکثرت ثابت ہے۔ اس میں کوئی عقلی اشکال بھی نہیں۔ روشنی کتنے رنگ اختیار کرتی ہے، کبھی کسی رنگ میں نظر آتی ہے کبھی کسی میں، ویسے روشنی سفید ہے۔ سورج غروب و طلوع کے وقت سرخ نظر آتا ہے اور دوپہر کے وقت سخت سفید، حالانکہ وہ اس وقت کسی اور جگہ طلوع یا غروب ہو رہا ہوتا ہے۔ اس کائنات کے اسرار و رموز بے شمار ہیں، اس لیے حقیقتاً واضع ہونے والی چیز سے انکار کرنااہل عقل و خرد کا شیوہ نہیں۔
➋ سردیوں کے موسم میں بھی پسینہ بہہ نکلنا، وحی کے ثقل کی بنا پر تھا کیونکہ وحی کو اخذ کرتے وقت آپ کو بے انتہا جسمانی قوت صرف کرنی پڑتی تھی۔
➌ اس حدیث مبارکہ سے ثابت ہوتا ہے کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوالات کرتے تھے اور نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کسی اکتاہٹ وغیرہ کے محسوس کیے بغیر انہیں جواب دیتے اور انہیں دین کی باتیں سکھاتے تھے، پھر صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم نے جو کچھ آپ سے سیکھا اور یاد کیا اسے کوئی بات چھپائے بغیر ہم تک پہنچایا۔ واللہ الحمد علی ذلك۔ (4) اطمینان قلب کے لیے دین کی کسی چیز کی کیفیت کے بارے میں سوال کرنا یقین کے منافی نہیں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 935   

  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3634  
´نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم پر وحی کیسے اترتی تھی؟`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا سے روایت ہے کہ حارث بن ہشام رضی الله عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: آپ کے پاس وحی کیسے آتی ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کبھی کبھی وہ میرے پاس گھنٹی کی آواز ۱؎ کی طرح آتی ہے اور یہ میرے لیے زیادہ سخت ہوتی ہے ۲؎ اور کبھی کبھی فرشتہ میرے سامنے آدمی کی شکل میں آتا ہے اور مجھ سے کلام کرتا ہے، تو وہ جو کہتا ہے اسے میں یاد کر لیتا ہوں، عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں: چنانچہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سخت جاڑے کے دن میں آپ پر وحی اترتے دیکھی جب وہ وحی ختم ہوتی تو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3634]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
کہتے ہیں: یہ آواز جبرئیل کی آواز ہوتی تھی جو ابتداء میں غیر مفہوم ہوتی تھی،
پھرسمجھ میں آ جاتی مگر بہت مشکل سے،
اسی لیے یہ شکل آپﷺ پر وحی کی تمام قسموں سے سخت ہوتی تھی کہ آپﷺ پسینہ پسینہ ہو جایا کرتے تھے،

بعض علماء کہتے ہیں کہ یہ جبرئیل کے پروں کی آواز ہوتی تھی،
جو اس لیے ہوتی کہ آپﷺ وحی کے لیے چوکنا ہو جائیں،
جیسے فی زمانہ فون کی گھنٹی ہوتی ہے۔

2؎:
سب سے سخت ہونے کی وجہ یہ تھی کہ اس کے سمجھنے میں دشواری ہوتی تھی۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3634   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:258  
فائدہ:
اس حدیث میں وحی کی مختلف صورتیں بیان کی گئی ہیں اور وہ چار ہیں۔ ① اللہ تعالیٰ براہ راست اپنے رسول سے بات کرے۔ ② فرشتہ اللہ کا پیغام لے کر رسول کی طرف آئے۔ ③ دل پر القا ہو۔ ④ سچے خواب دکھائی دیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی ایک صورت میں وحی آتی تھی اور کبھی دوسری صورت میں، نیز اس حدیث سے علم وحی کو یاد کر نے اور یاد رکھنے کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 258   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6059  
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ حارث بن ہشام رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا، آپﷺ پر وحی کیسے نازل ہوتی ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: کبھی وحی گھنٹی کی جھنکار کر طرح آتی ہے اور یہ صورت میرے لیے سخت ترین ہے، پھر یہ سمٹ جاتی ہے، یہ کیفیت چھٹ جاتی ہے اور میں اسے یاد کر چکا ہوتا ہوں، اور کبھی کبھی فرشتہ آدمی کی شکل میں آتا ہے تو وہ جو کچھ کہتا ہے میں یاد کر لیتا ہےں [صحيح مسلم، حديث نمبر:6059]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
صلصله:
اصل میں لوہے کی زنجیر کو زمین پر مارنے سے جو آواز اور جھنکار پیدا ہوتی ہے،
اس کو کہتے ہیں اور جھنکار کی آواز چونکہ ہر طرف سے سنائی دیتی ہے اور اس میں تسلسل ہوتا ہے،
وقفہ نہیں ہوتا،
اس لیے اس سے الفاظ کو سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے اور بقول بعض یہ فرشتے کے پروں کی آواز ہوتی تھی تاکہ آپ وحی کے لینے کے لیے پوری طرح متوجہ ہو جائیں،
کسی اور طرف دھیان نہ رہے اور اس صورت میں چونکہ آپ پر روحانیت اور ملکیت کا غلبہ تھا،
یعنی بشری مزاج سے ملکوتی مزاج کی طرف نکلنا پڑتا تھا،
جو خلاف عادت کام تھا،
اس لیے اس صورت میں آپ کو بہت مشقت برداشت کرنی پڑتی اور جب فرشتہ انسانی صورت میں آتا تو آپ بشریت کے رنگ ہی میں ہوتے،
اس لیے یہ صورت آپ کے لیے سہولت اور آسانی کا باعث بنتی۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6059   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3215  
3215. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ حضرت حارث بن ہشام ؓ نے نبی کریم ﷺ سے وحی کے متعلق سوال کیا کہ وہ کیسے آتی ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: وہ کئی طرح سے آتی ہے، ہر دفعہ فرشتہ آتا ہے۔ کبھی تو وہ گھنٹی بجنے کی طرح ہوتی ہے۔ جب وحی ختم ہوتی ہے تو جو کچھ فرشتے نے نازل کیا ہوتا ہے میں نے اسے پوری طرح یاد کرلیا ہوتا ہے۔ وحی کی یہ صورت میرے لیے انتہائی دشوار ہوتی ہے۔ اور کبھی میرے سامنے فرشتہ وحی مرد کی صورت اختیار کرلیتا ہے اور وہ میرے ساتھ کلام کرتا ہے تو جو کچھ وہ کہتا ہے میں اسے یاد کرلیتا ہوں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3215]
حدیث حاشیہ:
نزول وحی کی تفصیلات پارہ اول کتاب الوحی میں تفصیل سے لکھی گئی ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3215   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3215  
3215. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ حضرت حارث بن ہشام ؓ نے نبی کریم ﷺ سے وحی کے متعلق سوال کیا کہ وہ کیسے آتی ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: وہ کئی طرح سے آتی ہے، ہر دفعہ فرشتہ آتا ہے۔ کبھی تو وہ گھنٹی بجنے کی طرح ہوتی ہے۔ جب وحی ختم ہوتی ہے تو جو کچھ فرشتے نے نازل کیا ہوتا ہے میں نے اسے پوری طرح یاد کرلیا ہوتا ہے۔ وحی کی یہ صورت میرے لیے انتہائی دشوار ہوتی ہے۔ اور کبھی میرے سامنے فرشتہ وحی مرد کی صورت اختیار کرلیتا ہے اور وہ میرے ساتھ کلام کرتا ہے تو جو کچھ وہ کہتا ہے میں اسے یاد کرلیتا ہوں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3215]
حدیث حاشیہ:

وحی کے لیے سامع اور قائل میں مناسبت کا ہوناضروری ہے۔
اس کی دوصورتیں ہیں:
الف۔
سامع پر روحانیت کا غلبہ ہو اور وہ وصف سےمتصف ہو۔
یہ وحی کی پہلی قسم ہے۔
اس وحی کی آواز گھنٹی بجنے کی طرح ہوتی۔
اس قسم کے کلام کو سنبھالنا بہت دشوار ہوتا تھا۔
ب۔
قائل، سامع کے وصف سے متصف ہو۔
اس قسم میں فرشتہ وحی کسی انسان کی صورت میں آتا، اس صورت میں وحی کاسنبھالنا آسان ہوتا کیونکہ اس طرح کی گفتگو سے انسان مانوس ہوتا ہے۔

وحی کی ایک تیسری صورت خراب بھی ہے۔
چونکہ سوال بیداری کی حالت میں وحی سے متعلق تھا، اس لیے آپ نے تیسرے طریقے کو بیان نہیں کیا۔

اس حدیث کے مطابق فرشتہ انسان کی صورت اختیارکرتا، اسی سے امام بخاری ؒ نے اپنا مدعا ثابت کیا ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3215   


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.