الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح البخاري
کتاب: روزے کے مسائل کا بیان
The Book of As-Saum (The Fasting).
30. بَابُ إِذَا جَامَعَ فِي رَمَضَانَ وَلَمْ يَكُنْ لَهُ شَيْءٌ فَتُصُدِّقَ عَلَيْهِ فَلْيُكَفِّرْ:
30. باب: اگر کسی نے رمضان میں قصداً جماع کیا اور اس کے پاس کوئی چیز خیرات کے لیے بھی نہ ہو پھر اس کو کہیں سے خیرات مل جائے تو وہی کفارہ میں دیدے۔
(30) Chapter: If somebody had a sexual intercourse with his wife in Ramadan and has got nothing, then if he is given something in charity, he should give the expiation of that sinful act.
حدیث نمبر: 1936
Save to word مکررات اعراب English
(مرفوع) حدثنا ابو اليمان، اخبرنا شعيب، عن الزهري، قال: اخبرني حميد بن عبد الرحمن، ان ابا هريرة رضي الله عنه، قال:" بينما نحن جلوس عند النبي صلى الله عليه وسلم إذ جاءه رجل، فقال: يا رسول الله، هلكت، قال: ما لك؟ قال: وقعت على امراتي وانا صائم، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم: هل تجد رقبة تعتقها؟ قال: لا، قال: فهل تستطيع ان تصوم شهرين متتابعين؟ قال: لا، فقال: فهل تجد إطعام ستين مسكينا؟ قال: لا، قال: فمكث النبي صلى الله عليه وسلم فبينا نحن على ذلك، اتي النبي صلى الله عليه وسلم بعرق فيها تمر والعرق المكتل، قال: اين السائل؟ فقال: انا، قال: خذها فتصدق به، فقال الرجل: اعلى افقر مني يا رسول الله، فوالله ما بين لابتيها يريد الحرتين اهل بيت افقر من اهل بيتي، فضحك النبي صلى الله عليه وسلم حتى بدت انيابه، ثم قال: اطعمه اهلك".(مرفوع) حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ، أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ، عَنِ الزُّهْرِيِّ، قَالَ: أَخْبَرَنِي حُمَيْدُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ، أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ:" بَيْنَمَا نَحْنُ جُلُوسٌ عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذْ جَاءَهُ رَجُلٌ، فَقَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، هَلَكْتُ، قَالَ: مَا لَكَ؟ قَالَ: وَقَعْتُ عَلَى امْرَأَتِي وَأَنَا صَائِمٌ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: هَلْ تَجِدُ رَقَبَةً تُعْتِقُهَا؟ قَالَ: لَا، قَالَ: فَهَلْ تَسْتَطِيعُ أَنْ تَصُومَ شَهْرَيْنِ مُتَتَابِعَيْنِ؟ قَالَ: لَا، فَقَالَ: فَهَلْ تَجِدُ إِطْعَامَ سِتِّينَ مِسْكِينًا؟ قَالَ: لَا، قَالَ: فَمَكَثَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَبَيْنَا نَحْنُ عَلَى ذَلِكَ، أُتِيَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِعَرَقٍ فِيهَا تَمْرٌ وَالْعَرَقُ الْمِكْتَلُ، قَالَ: أَيْنَ السَّائِلُ؟ فَقَالَ: أَنَا، قَالَ: خُذْهَا فَتَصَدَّقْ بِهِ، فَقَالَ الرَّجُلُ: أَعَلَى أَفْقَرَ مِنِّي يَا رَسُولَ اللَّهِ، فَوَاللَّهِ مَا بَيْنَ لَابَتَيْهَا يُرِيدُ الْحَرَّتَيْنِ أَهْلُ بَيْتٍ أَفْقَرُ مِنْ أَهْلِ بَيْتِي، فَضَحِكَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّى بَدَتْ أَنْيَابُهُ، ثُمَّ قَالَ: أَطْعِمْهُ أَهْلَكَ".
ہم سے ابوالیمان نے بیان کیا، کہا ہم کو شعیب نے خبر دی، انہیں زہری نے، انہوں نے بیان کیا کہ مجھے حمید بن عبدالرحمٰن نے خبر دی اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں تھے کہ ایک شخص نے حاضر ہو کر کہا کہ یا رسول اللہ! میں تو تباہ ہو گیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا کیا بات ہوئی؟ اس نے کہا کہ میں نے روزہ کی حالت میں اپنی بیوی سے جماع کر لیا ہے، اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا کیا تمہارے پاس کوئی غلام ہے جسے تم آزاد کر سکو؟ اس نے کہا نہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا کیا پے در پے دو مہینے کے روزے رکھ سکتے ہو؟ اس نے عرض کی نہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کیا تم کو ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانے کی طاقت ہے؟ اس نے اس کا جواب بھی انکار میں دیا، راوی نے بیان کیا کہ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تھوڑی دیر کے لیے ٹھہر گئے، ہم بھی اپنی اسی حالت میں بیٹھے ہوئے تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک بڑا تھیلا (عرق نامی) پیش کیا گیا جس میں کھجوریں تھیں۔ عرق تھیلے کو کہتے ہیں (جسے کھجور کی چھال سے بناتے ہیں) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا کہ سائل کہاں ہے؟ اس نے کہا کہ میں حاضر ہوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کے اسے لے لو اور صدقہ کر دو، اس شخص نے کہا یا رسول اللہ! کیا میں اپنے سے زیادہ محتاج پر صدقہ کر دوں، بخدا ان دونوں پتھریلے میدانوں کے درمیان کوئی بھی گھرانہ میرے گھر سے زیادہ محتاج نہیں ہے، اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس طرح ہنس پڑے کہ آپ کے آگے کے دانت دیکھے جا سکے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اچھا جا اپنے گھر والوں ہی کو کھلا دے۔

Narrated Abu Huraira: While we were sitting with the Prophet a man came and said, "O Allah's Apostle! I have been ruined." Allah's Apostle asked what was the matter with him. He replied "I had sexual intercourse with my wife while I was fasting." Allah's Apostle asked him, "Can you afford to manumit a slave?" He replied in the negative. Allah's Apostle asked him, "Can you fast for two successive months?" He replied in the negative. The Prophet asked him, "Can you afford to feed sixty poor persons?" He replied in the negative. The Prophet kept silent and while we were in that state, a big basket full of dates was brought to the Prophet . He asked, "Where is the questioner?" He replied, "I (am here)." The Prophet said (to him), "Take this (basket of dates) and give it in charity." The man said, "Should I give it to a person poorer than I? By Allah; there is no family between its (i.e. Medina's) two mountains who are poorer than I." The Prophet smiled till his premolar teeth became visible and then said, 'Feed your family with it."
USC-MSA web (English) Reference: Volume 3, Book 31, Number 157


   صحيح البخاري5368عبد الرحمن بن صخروقعت على أهلي في رمضان قال فأعتق رقبة قال ليس عندي قال فصم شهرين متتابعين قال لا أستطيع قال فأطعم ستين مسكينا قال لا أجد فأتي النبي بعرق فيه تمر فقال أين السائل قال ها أنا ذا قال تصدق بهذا قال على أحوج منا يا رسول الله فوالذي بعثك بالحق
   صحيح البخاري6164عبد الرحمن بن صخروقعت على أهلي في رمضان قال أعتق رقبة قال ما أجدها قال فصم شهرين متتابعين قال لا أستطيع قال فأطعم ستين مسكينا قال ما أجد فأتي بعرق فقال خذه فتصدق به فقال يا رسول الله أعلى غير أهلي فوالذي نفسي بيده ما بين طنبي المدينة أحوج مني فضحك النبي
   صحيح البخاري6087عبد الرحمن بن صخروقعت على أهلي في رمضان قال أعتق رقبة قال ليس لي قال فصم شهرين متتابعين قال لا أستطيع قال فأطعم ستين مسكينا قال لا أجد فأتي بعرق فيه تمر قال إبراهيم العرق المكتل فقال أين السائل تصدق بها قال على أفقر مني والله ما بين لابتيها أهل بيت أفقر منا فضحك النبي صلى
   صحيح البخاري2600عبد الرحمن بن صخروقعت بأهلي في رمضان قال تجد رقبة قال لا قال فهل تستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا قال فتستطيع أن تطعم ستين مسكينا قال لا قال فجاء رجل من الأنصار بعرق والعرق المكتل فيه تمر فقال اذهب بهذا فتصدق به
   صحيح البخاري6709عبد الرحمن بن صخروقعت على امرأتي في رمضان قال تستطيع تعتق رقبة قال لا قال فهل تستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا قال فهل تستطيع أن تطعم ستين مسكينا قال لا قال اجلس فجلس فأتي النبي بعرق فيه تمر والعرق المكتل الضخم قال خذ هذا فتصدق به قال أعلى أفقر منا
   صحيح البخاري6711عبد الرحمن بن صخرهل تجد ما تعتق رقبة قال لا قال فهل تستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا قال فهل تستطيع أن تطعم ستين مسكينا قال لا أجد فأتي النبي بعرق فيه تمر فقال خذ هذا فتصدق به فقال أعلى أفقر منا ما بين لابتيها أفقر منا ثم قال خذه فأطعمه أهلك
   صحيح البخاري6710عبد الرحمن بن صخروقعت بأهلي في رمضان قال تجد رقبة قال لا قال هل تستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا قال فتستطيع أن تطعم ستين مسكينا قال لا قال فجاء رجل من الأنصار بعرق والعرق المكتل فيه تمر فقال اذهب بهذا فتصدق به قال أعلى أحوج منا يا رسول الله والذي بعثك بالحق ما بين لا
   صحيح البخاري1936عبد الرحمن بن صخروقعت على امرأتي وأنا صائم فقال رسول الله هل تجد رقبة تعتقها قال لا قال فهل تستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا فقال فهل تجد إطعام ستين مسكينا قال لا قال فمكث النبي فبينا نحن على ذلك أتي النبي بعرق
   صحيح البخاري1937عبد الرحمن بن صخروقع على امرأته في رمضان فقال أتجد ما تحرر رقبة قال لا قال فتستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا قال أفتجد ما تطعم به ستين مسكينا قال لا قال فأتي النبي بعرق فيه تمر وهو الزبيل قال أطعم هذا عنك قال على أحوج منا ما بين لابتيها أهل بيت أحوج
   صحيح مسلم2595عبد الرحمن بن صخروقعت على امرأتي في رمضان قال هل تجد ما تعتق رقبة قال لا قال فهل تستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا قال فهل تجد ما تطعم ستين مسكينا قال لا قال ثم جلس فأتي النبي بعرق فيه تمر فقال تصدق بهذا قال أفقر منا فما بين لابتيها أهل بيت أحوج إليه
   صحيح مسلم2599عبد الرحمن بن صخرأمر رجلا أفطر في رمضان أن يعتق رقبة أو يصوم شهرين أو يطعم ستين مسكينا
   صحيح مسلم2597عبد الرحمن بن صخروقع بامرأته في رمضان فاستفتى رسول الله عن ذلك فقال هل تجد رقبة قال لا قال وهل تستطيع صيام شهرين قال لا قال فأطعم ستين مسكينا
   جامع الترمذي724عبد الرحمن بن صخروقعت على امرأتي في رمضان قال هل تستطيع أن تعتق رقبة قال لا قال فهل تستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا قال فهل تستطيع أن تطعم ستين مسكينا قال لا قال اجلس فجلس فأتي النبي بعرق فيه تمر والعرق المكتل الضخم قال تصدق به فقال ما بين لابتيها
   سنن أبي داود2392عبد الرحمن بن صخرأفطر في رمضان فأمره رسول الله أن يعتق رقبة أو يصوم شهرين متتابعين أو يطعم ستين مسكينا قال لا أجد فقال له رسول الله اجلس فأتي رسول الله بعرق فيه تمر فقال خذ هذا فتصدق به فقال يا رسول الله ما أحد أحوج
   سنن أبي داود2390عبد الرحمن بن صخروقعت على امرأتي في رمضان قال فهل تجد ما تعتق رقبة قال لا قال فهل تستطيع أن تصوم شهرين متتابعين قال لا قال فهل تستطيع أن تطعم ستين مسكينا قال لا قال اجلس فأتي النبي بعرق فيه تمر فقال تصدق به فقال يا رسول الله ما بين لابتيها أهل بيت أفقر
   سنن ابن ماجه1671عبد الرحمن بن صخروقعت على امرأتي في رمضان فقال النبي أعتق رقبة قال لا أجدها قال صم شهرين متتابعين قال لا أطيق قال أطعم ستين مسكينا قال لا أجد قال اجلس فجلس فبينما هو كذلك إذ أتي بمكتل يدعى العرق فقال اذهب فتصدق به قال يا رسول الله والذي بعثك بالحق ما بي
   موطا امام مالك رواية ابن القاسم261عبد الرحمن بن صخران يكفر بعتق رقبة او صيام شهرين متتابعين او إطعام ستين مسكينا
   بلوغ المرام549عبد الرحمن بن صخرجاء رجل إلى النبي صلى الله عليه وآله وسلم فقال: هلكت يا رسول الله
   مسندالحميدي1038عبد الرحمن بن صخروما شأنك؟
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 1936 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1936  
حدیث حاشیہ:
صورت مذکورہ میں بطور کفارہ پہلی صورت غلام آزاد کرنے کی رکھی گئی، دوسری صورت پے در پے دو مہینہ روزہ رکھنے کی، تیسری صورت ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانے کی، اب بھی ایسی حالت میں یہ تینوں صورتیں قائم ہیں چونکہ شخص مذکور نے ہر صورت کی ادائیگی کے لیے اپنی مجبوری ظاہر کی آخر میں ایک صورت آنحضرت ﷺ نے اس کے لیے نکالی تو اس پر بھی اس نے خود اپنی مسکینی کا اظہار کیا۔
آنحضرت ﷺ کو اس کی حالت زار پر رحم آیا اور اس رحم و کرم کے تحت آپ ﷺ نے وہ فرمایا جو یہاں مذکو رہے۔
حضرت امام بخاری ؒ کے نزدیک اب بھی کوئی ایسی صورت سامنے آجائے تو یہ حکم باقی ہے۔
کچھ لوگوں نے اسے اس شخص کے ساتھ خاص قرار دے کر اب اس کو منسوخ قرار دیا ہے مگر حضرت امام بخاری ؒ کا رجحان اس باب سے ظاہر ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1936   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1936  
حدیث حاشیہ:
(1)
جمہور محدثین کا موقف ہے کہ مفلسی اور ناداری کی وجہ سے کفارہ ساقط نہیں ہوتا۔
رسول اللہ ﷺ نے وہ کھجوریں صدقے کے طور پر اسے عنایت کی تھیں تاکہ وہ اپنے اہل و عیال کو کھلائے۔
آپ نے اسے کفارے سے سبکدوش نہیں کیا۔
(2)
بعض حضرات کا موقف ہے کہ تنگ دستی کی بنا پر کفارہ ساقط ہو جائے گا جیسا کہ صدقۂ فطر، غربت کی وجہ سے ساقط ہو جاتا ہے لیکن صدقۂ فطر پر اسے قیاس نہیں کیا جا سکتا کیونکہ صدقۂ فطر کا ایک وقت ہے، اس کے بعد وہ خود بخود ساقط ہو جاتا ہے، یعنی اسے نماز عید سے پہلے پہلے ادا کرنا ہوتا ہے جبکہ اس کفارے کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں، البتہ ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس سے فرمایا:
اسے خود کھاؤ اور اپنے اہل و عیال کو کھلاؤ، اللہ تعالیٰ نے تیری طرف سے کفارہ دے دیا ہے۔
لیکن یہ حدیث قابل حجت نہیں، اس لیے محتاج اور نادار سے کفارہ ساقط نہیں ہو گا۔
رسول اللہ ﷺ نے اس صدقے کو اسے اہل و عیال پر خرچ کرنے کے لیے دیا، باقی رہا کفارہ وہ حالات کشادہ ہونے پر ادا کر دیا جائے گا۔
(فتح الباري: 219/4) (3)
بعض حضرات نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ جماع سے مرد اور عورت پر صرف ایک ہی کفارہ کافی ہو گا کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے اس کی وضاحت نہیں فرمائی، حالانکہ بیان کرنے کی ضرورت تھی، لیکن اگر عورت نے خوشی سے اس کام میں شرکت کی ہو تو اس پر الگ کفارہ ہو گا۔
رسول اللہ ﷺ نے اس لیے عورت کا ذکر نہیں کیا کہ شاید عورت مجبور کر دی گئی ہو یا روزہ بھول گئی ہو یا کسی عذر یا مرض یا سفر یا صغر سنی یا جنون یا حیض کی وجہ سے معذور ہو یا دن کے وقت حیض سے پاک ہوئی ہو۔
یہ سب احتمالات موجود ہیں۔
ان کی موجودگی میں عورت پر کفارہ واجب نہ ہونے کا استدلال محل نظر ٹھہرتا ہے۔
(فتح الباري: 217/4)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1936   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث موطا امام مالك رواية ابن القاسم 261  
´قصداً (جان بوجھ کر) روزہ توڑنے کا کفارہ`
«. . . ان رجلا افطر فى رمضان فى زمان النبى صلى الله عليه وسلم فامره رسول الله صلى الله عليه وسلم ان يكفر بعتق رقبة او صيام شهرين متتابعين او إطعام ستين مسكينا، فقال: لا اجد، فاتي رسول الله صلى الله عليه وسلم بعرق تمر، فقال: خذ هذا فتصدق به. فقال: يا رسول الله، ما احد احوج إليه مني، فضحك رسول الله صلى الله عليه وسلم حتى بدت انيابه ثم قال: كله. . . .»
. . . نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ایک شخص نے (اپنی بیوی کے ساتھ، دن میں جماع کرنے کی وجہ سے) روزہ توڑ دیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے حکم دیا کہ وہ ایک غلام آزاد کرے یا دو مہینوں کے لگاتار روزے رکھے یا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائے۔ اس نے کہا: میں یہ نہیں کر سکتا۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کھجوروں کا ایک ٹوکرا لایا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: یہ لے لو اور اسے صدقہ کر دو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! مجھ سے زیادہ (مدینے میں) کوئی ضرورت مند نہیں ہے جو اس کا محتاج ہو تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہنسے حتی کہ آپ کے دندان مبارک نظر آنے لگے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم اسے کھا لو۔ . . . [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 261]
تخریج الحدیث:
[وأخرجه مسلم 111/83، من حديث ما لك به ورواه البخاري 1936، من حديث ابن شهاب الزهري به]

تفقه:
➊ اگر کوئی شخص جان بوجھ کر بغیر کسی شرعی عذر کے روزہ توڑ دے تو اس کے بارے میں ابوالشعثاء جابر بن زید اور سعید بن جبیر نے فرمایا: وہ اس کے بدلے میں ایک روزہ رکھے گا۔ [مصنف ابن ابي شيبه 105/3ح 9775 وسنده صحیح، وطبعه جديدہ 110/3 ح 12576،، وسنده صحیح]
● ابراہیم نخعی نے کہا:
وہ ایک روزہ رکھے اور اللہ سے معافی مانگے۔ [مصنف ابن ابي شيبه 12577 وسنده صحيح]
➋ بعض علماء نے اس حدیث سے استدلال کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمداً روزہ توڑنے والا ایک روزے کے بدلے میں دو مہینے روزے رکھے گا۔
   موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 30   

  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 549  
´(روزے کے متعلق احادیث)`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا کہ اے اللہ کے رسول! میں ہلاک ہو گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کس چیز نے تجھے ہلاک کیا؟ اس نے کہا میں رمضان میں اپنی عورت سے مباشرت کر بیٹھا۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا تجھ میں اتنی طاقت ہے کہ ایک گردن کو آزاد کر دے؟ اس نے کہا نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا تو طاقت رکھتا ہے کہ دو ماہ کے متواتر روزے رکھے؟ اس نے کہا، نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا تیرے پاس اتنا مال ہے کہ ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکے؟ اس نے کہا نہیں۔ پھر وہ بیٹھ گیا۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک ٹوکرا لایا گیا جس میں کھجوریں تھیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ان کو خیرات کر دو۔ اس نے کہا کیا اپنے سے زیادہ محتاج پر (خیرات کروں)؟ کیونکہ دو سنگلاخ پہاڑوں (مدینہ) کے مابین کوئی گھر والا ہم سے زیادہ محتاج نہیں۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مسکرائے یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھیں ظاہر ہو گئیں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جاؤ اسے اپنے گھر والوں کو کھلا دو۔ اسے ساتوں نے روایت کیا ہے اور الفاظ مسلم کے ہیں۔ [بلوغ المرام/حدیث: 549]
لغوی تشریح 549:
جَاءَ رَجُلٌ ایک آدمی آیا۔ اس شخص کا نام سلمان یا سلمہ بن صخر بیاضی تھا۔
وَقَعتُ عَلَی امرَأَتِی میں اپنی بیوی پر واقع ہو گیا، یعنی جماع کر لیا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا کی حدیث میں ہے کہ اس آدمی نے کہا: میں نے اس سے وطی کی ہے۔ اور اس کا یہ کہنا کہ ھَلَکتُ میں ہلاک ہو گیا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ روزے کی حالت میں بیوی سے جماع کرنے کی حرمت سے باخبر تھا اور اسنے عمدًا یہ حرکت کی، اس لیے اس حدیث سے اس شخص کے متعلق استنباط نہیں کیا جا سکتا جس نے بھول کر جماع کیا ہو۔ ٘ رَقَبَۃٌ غلام یا لونڈی۔ یہ ٘ مَا تُعتِقُ میں مَا کا بدل ہونے کیوجہ سے منصوب ہے۔
فَأُتِیَ صیغۂ مجہول ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا۔
بِعَرَقٍ عین اور را دونوں پر فتحہ ہے۔ بڑا ٹوکرا۔
فِیہِ تَمرٌ جس میں پندرہ صاع، یعنی ساٹھ مد کھجوریں تھیں۔
أعَلٰی أَفقَرَ أَعَلٰی میں ھمزہ استفہام ہے اور علی حرفِ جر ہے، یعنی کیا میں ایسے شخص پر صدقہ کروں جو مجھ سے اور میرے گھر والوں سے بھی زیادہ محتاج ہو؟
فَمَا بَینَ لَابَتَیھَا میں لَابَتَیھَا، لَابَۃ کا تثنیہ ہے اور با پر فتحہ ہے، یعنی وہ زمین جس میں سیاہ بوسیدہ پتھر ہوں، یوں محسوس ہوکہ جیسے اسے آگ نے جلایا ہو۔ اور ھَا کی ضمیر مدینہ طیبہ کیطرف راجع ہے۔ اور لَابَتَان سے دو مشہور و معروف حرے مراد ہیں جو مدینہ طیبہ کے شرقی اور غربی جانب ہیِں۔ ایک کا نام حَرَّۃُ الوَاقِم اور دوسرے کا حَرَّۃُ الوَبرَہ ہے۔ اور مدینہ طیبہ ان دونوں کے درمیان واقع ہے، لہٰذا لَابَتَینَ سے مراد مدینہ منورہ ہے، یعنی مدینہ میں کوئی اہلِ خانہ مجھ سے زیادہ ان کھجوروں کا محتاج نہیں۔
أَنیَابُہُ یہ نَابٌ کی جمع ہے۔ اور یہ وہ دانت ہوتے ہیں جو رباعی کے ساتھ ملے ہوتے ہیں۔ اور رباعی، ثنایہ کے ساتھ والے دانتوں کو کہتے ہیں۔ اور ثنایا کا اطلاق اوپر اور نیچے کے سامنے والے دو دو دانتوں پر ہوتا ہے۔ ٘ أَطعِمہُ، أَھلَکَ یہ اپنے گھر والوں کو کھلاؤ۔

فوائد و مسائل 549:
➊ اس حدیث سے امام اوزاعی رحمہ اللہ اور ایک قول کے مطابق امام احمد رحمہ اللہ نے استدلال کیا ہے کہ تنگ دست پر کفارہ نہیں۔ مگر امام مالک، امام شافعی، امام ابوحنیفہ، امام ثوری اور امام ابوثور رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس سے یہ استدلال درست نہیں، کفارہ جب میسر بہرنوع ادا کیا جائے گا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کفارے کا ذکر کیا۔ تنگدستی کی بنا پر کھجوریں اسے بطورِ صدقہ کے دیں، کفارہ کے طور پر نہیں۔ اس حدیث میں قطعًا ذکر نہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کفارے کو ساقط قرار دیا ہے۔ اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت میں جو کفارے کے سقوط کا ذکر ہے وہ سخت ضعیف اور ناقابلِ استدلال ہے۔
➋ اس حدیث میں گو روزے کی قضا ادا کرنے کا حکم نہیں مگر دوسری احادیث میں قضا کا حکم موجود ہے جیسا کہ سنن ابنِ ماجہ کی روایت میں ہے: ٘ وَصُم یَومًا مَکَانَہُ اس کی جگہ ایک روزہ رکھ لینا۔ شیخ البانی رحمہ اللہ اس جملے کی بابت لکھتے ہیں کہ اس روایت کے تمام طرق سامنے رکھے جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اس کی کوئی نہ کوئی اصل ضرور ہے۔ دیکھیے: [ أرواء الغليل: 93-88/4، رقم: 939]
اس بنا پر ائمہ اربعہ اور جمھور علماء ایسی صورت میں مردوزن دونوں کے لیے روزہ رکھنے کے قائل ہیں۔ اور احتیاط اور تقویٰ اسی میں ہے کہ جو روزہ توڑا گیا ہے اس کے بدلے میں روزہ رکھ کر مہینے کی تعداد پوری کی جائے، تاہم اگر عورت روزہ دار نہ ہو تو اس پر قضا نہیں۔
➌ حافظ ابنِ حجر رحمہ اللہ نے فتح الباری میں ذکر کیا ہے کہ بعض علماء نے اس حدیث پر دو جلدوں میں بحث کی ہے اور اس سے ایک ہزار فوائد و مسائل کا استنباط کیا ہے۔

   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 549   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2392  
´رمضان میں بیوی سے جماع کے کفارہ کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رمضان میں روزہ توڑ دیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ایک غلام آزاد کرنے، یا دو مہینے کا مسلسل روزے رکھنے، یا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانے کا حکم فرمایا، وہ شخص کہنے لگا کہ میں تو (ان میں سے) کچھ نہیں پاتا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: بیٹھ جاؤ، اتنے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کھجوروں کا ایک تھیلا آ گیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: انہیں لے لو اور صدقہ کر دو، وہ کہنے لگا: اللہ کے رسول! مجھ سے زیادہ ضرورت مند تو کوئی ہے ہی نہیں، اس پر آپ صلی الل۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2392]
فوائد ومسائل:
(1) رمضان کے دن میں جماع کرنے سے مندرجہ بالا تین کفارات میں سے ترتیب وار ایک لازم آتا ہے۔
یعنی اولا گردن آزاد کرنا، یہ نہ ہو سکے تو دو ماہ کے متواتر روزے رکھنا اور یہ بھی نہ ہو سکے تو ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانا۔
اور استغفار سے کسی صورت غافل نہ ہو۔
اور جمہور علماء کا کہنا ہے کہ یہ کفارہ صرف جماع کی بنا پر آتا ہے نہ کہ کسی اور صورت میں روزہ توڑنے پر۔
جبکہ امام مالک اور امام ابوحنیفہ رحمة اللہ علیھم اور ان کے اصحاب کسی بھی صورت میں روزہ توڑنے پر مذکورہ کفارہ واجب کرتے ہیں۔

(2) یہ کفارہ ادا کرنے میں ترتیب کا لحاظ رکھا جائے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے کے عذر پر دوسرا اور پھر تیسرا کفارہ بتایا ہے۔

(3) مساکین کو کھانا کھلانے کی صورت میں ساٹھ کا عدد پورا کیا جائے، نہ کہ چند مساکین کو مختلف اوقات میں کھلا کر عدد پورا کرے۔

(4) اس واقعہ میں علماء کا اختلاف ہے۔
ایک جماعت کا رجحان ہے کہ مذکورہ صحابی کو فقر کی بنا پر کفارہ معاف فرما دیا تھا جبکہ دیگر کہتے ہیں کہ کفارہ کو وسعت پانے تک مؤخر کیا گیا تھا، بالکل معاف نہیں فرمایا تھا۔
واللہ اعلم
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2392   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1671  
´رمضان کا کوئی روزہ چھوڑنے کا کفارہ۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص آیا، اس نے عرض کیا: میں ہلاک ہو گیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہیں کس چیز نے ہلاک کر دیا؟ اس نے کہا: میں نے رمضان میں اپنی بیوی سے صحبت کر لی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم ایک غلام آزاد کرو، اس نے کہا: میرے پاس غلام آزاد کرنے کی طاقت نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اچھا تو دو مہینے لگاتار روزے رکھو، اس نے کہا: میں اس کی بھی طاقت نہیں رکھتا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ اس نے کہا: مجھے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1671]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
روزے کی حالت میں جان بوجھ کر مباشرت کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔
اور کفارہ بھی لازم ہوجاتا ہے۔

(2)
کفارے کی مقدارایک غلام یا لونڈی آزاد کرنا ہے۔
اگر اس کی طاقت نہ ہو یا غلام دستیاب نہ ہو۔
تو مسلسل د و ماہ روزے رکھے یہ بھی نہ ہوسکے تو ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائے
(3)
جوشخص کسی بھی طرح کفارہ نہ ادا کرسکتا ہو۔
اس سے کفارہ ساقط ہوجاتا ہے۔
کیونکہ اس صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو رسول اللہ ﷺ نے یہ حکم نہیں دیا کہ فی الحال یہ کھجوریں تم خود کھا لو بعد میں کفارہ ادا کردینا۔

(4)
اگر کسی مفلس آدمی پر کسی شرعی غلطی کی وجہ سے کفارہ لازم آجائے تو مسلمانوں سے چاہیے کہ اس سے تعاون کریں تا کہ وہ کفارہ ادا کرسکیں۔

(5)
جوشخص اپنی غلطی پر پشیمان ہو۔
اسے مزید شرمندہ کرنے کی بجائے اس پر شفقت کا اظہار کرنا چاہیے۔
اور اس کے مسئلے کا شرعی حل پیش کرنا چاہیے۔
حدیث میں مذکور شخص کی پریشانی تو اس کے الفاظ سے ظاہر ہے کہ اس نے کہا (هلكت)
میں تو برباد ہوگیا ہوں۔
اس کی کیفیت ایک اور روایت میں زیادہ واضح طور پر بیان کی گئی ہے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا ایک اعرابی آیا وہ چہرا پیٹ رہا تھا۔
اور بال کھسوٹ رہا تھا۔
اور کہہ رہا تھا میں تو برباد ہی ہو گیا ہوں۔
۔
۔ (مسند أحمد: 516/2)

(6)
اس ٹوکرے میں کتنی کھجوریں تھیں۔
؟ اس کے بارے میں امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت سعید بن مسیب رحمۃ اللہ علیہ کا یہ قول نقل کیا ہے۔
کہ ان کی مقدار پندرہ اور بیس صاع کے درمیان تھی۔ (موطأإمام مالك، الصیام، باب کفارة من أفطرفی رمضان 1/274، حدیث: 673)
سنن ابو داؤد میں بھی ایک روایت میں پندرہ صاع اور دوسری روایت میں بیس صاع مروی ہے۔ (سنن ابو داؤدں الصیام، باب کفارة من أتی أهله فی رمضان، حدیث: 295)
 اس کی مقدار اندازاً ایک من بنتی ہے۔

(7) (وَصُمْ يَوْماً مَكَانَهُ)
اس کی جگہ ایک روزہ رکھ لینا اس جملے کے بارے میں محمد فواد عبد الباقی نے لکھا ہے کہ اس سند میں ایک راوی عبد الجبار بن عمر ہے۔
جو ضعیف ہے۔
لیکن شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ نے اس جملے کی بابت إرواء الغلیل میں تفصیلاً بحث کی ہے۔
اور آخر میں یوں لکھا ہے کہ (وَبِمَجْمُوع هٰذِهِ الطُّرُق تعرف أنَّ لهٰذِهِ الزَّيَادَةِ اصلا)
 یعنی اس روایت کے تمام طرق کو سامنے رکھا جائے۔
تو معلوم ہوتا ہے کہ اس جملے کی کوئی نہ کوئی اصل ضرور ہے۔
تفصیل کےلئے دیکھئے: (إرواءالغلیل: 93، 88/4،   رقم: 939)
 لہٰذا احتیاط اور تقویٰ اسی میں ہے۔
کہ جو روزہ توڑا گیا ہے۔
اس کے بدلے روزہ رکھ کر ہی مہینے کے روزوں کی تعداد پوری کی جا سکتی ہے۔

(8)
مذکورہ کفارہ صرف جماع کی صورت میں ہی لازم آتا ہے۔
اس کے علاوہ دیگر صورتوں میں یہ لازم نہیں آتا۔
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ اور امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے اصحاب کسی بھی صورت میں روزہ توڑ دینے پر کفارہ لازم گردانتے ہیں۔
جبکہ دیگر ائمہ مذکورہ کفارہ صرف جماع سے خاص گردانتے ہیں۔
یہی موقف زیادہ راحج معلوم ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں شیخ ابن العثمین رحمۃ اللہ علیہ اس کی بابت لکھتے ہیں کہ کفارے کے ساتھ اسے روزے کی قضا بھی دینا ہوگی۔ (دیکھیے فتاویٰ اسلامیہ (اردو)
۔ 2/191 مطبوعہ دارالسلام)

   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1671   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1038  
1038- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اس نے عرض کی: یارسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم)! میں ہلاکت کا شکار ہوگیا ہوں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت کیا: تمہیں کیا ہوا ہے؟ اس نے عرض کی: میں نے رمضان (میں روزے کے دوران) اپنی بیوی کے ساتھ صحبت کرلی ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے دریافت کیا: کیا تم غلام آزاد کرسکتے ہو؟ اس نے عرض کی: جی نہیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت کیا: کیا تم مسلسل دو ماہ کے روزے رکھ سکتے ہو؟ اس نے عرض کی: جی نہیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت ک۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1038]
فائدہ:
اس حدیث میں روزے کی حالت میں بیوی سے صحبت کرنے کے کفارے کا ذکر ہے، نیز اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ جو شخص واقعی کفارہ ادا نہ کر سکے، اس میں طاقت ہی نہ ہو تو اس کی طرف سے کوئی دوسرا شخص بھی کفارہ ادا کر سکتا ہے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1037   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5368  
5368. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی خدمت میں ایک شخص نے حاضر ہو کر کہا: میں تو ہلاک ہو گیا ہوں آپ نے فرمایا: کیوں کیا ہوا؟ اس نے کہا میں نے اپنی بیوی سے رمضان میں ہم بستری کرلی ہے آپ نے فرمایا: پھر ایک غلام آزاد کر دو۔ اس نے کہا: میرے پاس تو کچھ بھی نہیں۔ آپ نے فرمایا: پھر دو ماہ کے مسلسل روزے رکھو۔ اس نے کہا: مجھ میں اس کی بھی طاقت نہیں۔ آپ نے فرمایا: پھر ساٹھ مساکین کو کھانا کھلاؤ۔ اس نے کہا: میں اتنا سامان نہیں پاتا۔ اس دوران میں نبی ﷺ کے پاس کھجوروں کا ایک ٹوکرا لایا گیا تو آپ نے پوچھا: سوال کرنے والا کہاں ہے؟ عرض کیا: میں یہاں حاضر ہوں۔ آپ نے فرمایا: یہ کھجوروں کا ٹوکرا صدقہ کر دو۔ اس نے کہا: اللہ کے رسول! جو ہم سے زیادہ محتاج ہیں ان پر صدقہ کروں؟ اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق دے کر بھیجا ہے مدینہ طیبہ کے دونوں کناروں کے درمیان کوئی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:5368]
حدیث حاشیہ:
دوسری روایت میں یوں ہے تو بھی کھا اوراپنے گھر والوں کو بھی کھلا تو آپ نے کفارے کی ادائیگی پر اس کے گھر والوں کا کھانا مقدم سمجھا یا اس شخص نے کفارہ کے وجوب کے ساتھ اپنے گھر والوں کے خرچ کا اہتمام کیا اور ان کی محتاجی ظاہر کی۔
اگر گھر والوں کو کھانا ضروری نہ ہوتا تو وہ اس کھجور کو خیرات کرنا مقدم سمجھتا۔
عرق ایسے تھیلے کو کہتے ہیں جس میں 15 صاع کھجور سما جائے۔
اس حدیث سے آج گرانی کے دور میں عامۃ المسلمین کے لیے بہت سہولت نکلتی ہے جبکہ لوگ گرانی سے سخت پریشان ہیں اور اکثر بھوک سے اموات ہو رہی ہیں۔
ایسے نازک وقت میں علماء کرام کا فرض ہے کہ وہ صدقہ خیرات کے سلسلہ میں ایسے غرباء کا بہت زیادہ دھیان رکھیں، صدقہ فطر وغیرہ میں بھی یہی اصول ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5368   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6710  
6710. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں ایک شخص حاضر ہوا اور کہا: میں تباہ ہوگیا ہوں۔ آپ ﷺ نے پوچھا: کیا بات ہے؟ اس نے کہا: میں رمضان المبارک میں اپنی بیوی سےصحبت کر بیٹھا ہوں۔ آپ نے فرمایا: تیرے پاس کوئی غلام ہے(جسے تو آزاد کرسکے؟) اس نے کہا: نہیں۔ آپ نے پوچھا: کیا تم متواتر دو ماہ کے روزے رکھ سکتے ہو؟ اس نے کہا نہیں آپ نے پوچھا: کیا تم ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ اس نے کہا: اس دوران میں ایک انصاری کھجوروں سے بھرا ہوا کہ ایک عرق لے کر حاضر ہوئے۔ عرق بڑے ٹوکرے کو کہتے ہیں۔۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اسے لے جاؤ اور صدقہ کردو اس نے کہا: اللہ کے رسول! کیا میں اپنے سے ذیادہ ضرورت مند پر صدقہ کردوں؟ اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے! مدینہ طیبہ کے ان دونوں کناروں کے درمیان ہم سے زیادہ کوئی اور محتاج نہیں ہے۔ اس کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا:۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:6710]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث کو لا کر حضرت امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے یہ ثابت کیا کہ کفارہ ہر شخص پر واجب ہے گو وہ محتاج ہی کیوں نہ ہو۔
یہ شخص بہت محتاج تھا مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نہیں فرمایا کہ تجھ کو کفارہ معاف ہے۔
بلکہ کفارہ دینے میں اس کی مدد فرمائی۔
عرق وہ ٹوکرا جس میں پندرہ صاع کھجور سما جاتی ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6710   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6711  
6711. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کرنے لگا: میں تو ہلاک ہو گیا ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: کیا بات ہے؟ اس نے کہا: میں نے ماہ رمضان میں اپنی بیوی سے صحبت کر لی ہے۔ آپ نے فرمایا: تیرے پاس کوئی غلام ہے جسے تو آزاد کر سکے؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپ نے پوچھا: کیا تو متواتر دو ماہ روزے رکھ سکتا ہے؟ اس نے کہا نہیں۔ اس کے بعد نبی ﷺ کے پاس ایک ٹوکرا لایا گیا جس میں کھجوریں تھیں آپ نے فرمایا: اسے لے جاؤ اور صدقہ کر دو۔ اس نے کہا: اپنے سے زیادہ محتاج پر؟ جبکہ مدینہ طیبہ کے دونوں کناروں کے درمیان ہم سے زیادہ کوئی محتاج نہیں ہے۔ آپ ﷺ نےفرمایا: اسے لے جاؤ اور اپنے اہل خانہ کو کھلا دو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6711]
حدیث حاشیہ:
گھر والوں میں دور اور نزدیک کے سب رشتہ دار آگئے گو یہ حدیث کفارہ رمضان کے باب میں ہے مگر قسم کے کفارے کو بھی اسی پر قیاس کیا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6711   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1937  
1937. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انھوں نے کہا کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا: اس بدنصیب نے رمضان المبارک میں اپنی بیوی سے صحبت کرلی ہے۔ آپ نے فرمایا؛ کیا تم غلام آزاد کرنے کی طاقت رکھتے ہو؟ اس نے عرض کیا: نہیں۔ آپ نے فرمایا: کیا تو پے در پے دو ماہ کے روزے رکھ سکتا ہے؟ اس نے عرض کیا: نہیں۔ آپ نے فرمایا: کیاتیرے پاس اتنا کھانا ہے جو تو ساٹھ مسکینوں کو کھلا سکے؟ اس نے کہا: نہیں۔ راوی کہتا ہے کہ نبی کریم ﷺ کے پاس عرق لایا گیا جس میں کھجوریں تھیں۔۔۔ عرق، زنبیل (ٹوکرے) کو کہتے ہیں۔۔۔ آپ نے فرمایا: یہ اپنی طرف سے کسی کو کھلا دو۔ اس نے عرض کیا کہ ہم سے جو زیادہ محتاج ہو اسے کھلاؤں؟مدینہ طیبہ کے دونوں پتھریلے کناروں کے درمیان کوئی ایسا گھر نہیں جو ہم سے زیادہ محتاج ہو۔ آپ نے فرمایا: جاؤ اپنے گھر والوں ہی کو کھلادو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1937]
حدیث حاشیہ:
اس سے بعض نے یہ نکالا کہ مفلس پر سے کفارہ ساقط ہو جاتا ہے اور جمہور کے نزدیک مفلسی کی وجہ سے کفارہ ساقط نہیں ہوتا، اب رہا اپنے گھر والوں کو کھلانا تو زہری نے کہا یہ اس مرد کے ساتھ خاص تھا بعض نے کہا یہ حدیث منسوخ ہے اب اس میں اختلاف ہے کہ جس روزے کا کفارہ دے اس کی قضا بھی لازم ہے یا نہیں۔
شافعی اور اکثر علماءکے نزدیک قضاء لازم نہیں اور اوزاعی نے کہا اگر کفارہ میں دو مہینے کے روزے رکھے تب قضا لازم نہیں۔
دوسرا کوئی کفارہ دے تو قضا لازم ہے اور حنفیہ کے نزدیک ہر حال میں قضا اور کفارہ دونوں لازم ہیں۔
(وحیدی)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1937   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6087  
6087. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کرنے لگا کہ میں تو تباہ ہو گیا۔ میں نےماہ رمضان میں اپنی بیوی سے جماع کر لیا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ایک غلام آزاد کر۔ اس نے کہا: میرے پاس غلام نہیں۔ آپ نے فرمایا پھر دو ماہ کے مسلسل روزے رکھو۔ اس نے کہا ان روزوں کی مجھ میں ہمت نہیں ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ۔ اس نے کہا: یہ کام بھی میری استطاعت سے باہر ہے۔ اس دوران میں نبی ﷺ کے پاس ایک بڑا ٹوکرا لایا گیا جسی میں کھجوریں تھیں۔۔۔ (راوی حدیث) ابراہیم نے کہا: عرق ایک طرح کا پیمانہ ہے۔۔۔۔ آپ ﷺ نے فرمایا: سائل کہاں ہے؟ لو اسے صدقہ کر دو۔ اس نے کہا: مجھ سے زیادہ جو ضرورت مند ہو اسے دوں؟ اللہ کی قسم! مدینہ طیبہ کے دونوں کناروں کے درمیان کوئی گھرانہ ہم سے زیادہ محتاج نہیں ہے۔ یہ بات سن کر نبی ﷺ ہنس۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:6087]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں بھی آپ کے ہنسنے کا ذکر ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6087   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1937  
1937. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انھوں نے کہا کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا: اس بدنصیب نے رمضان المبارک میں اپنی بیوی سے صحبت کرلی ہے۔ آپ نے فرمایا؛ کیا تم غلام آزاد کرنے کی طاقت رکھتے ہو؟ اس نے عرض کیا: نہیں۔ آپ نے فرمایا: کیا تو پے در پے دو ماہ کے روزے رکھ سکتا ہے؟ اس نے عرض کیا: نہیں۔ آپ نے فرمایا: کیاتیرے پاس اتنا کھانا ہے جو تو ساٹھ مسکینوں کو کھلا سکے؟ اس نے کہا: نہیں۔ راوی کہتا ہے کہ نبی کریم ﷺ کے پاس عرق لایا گیا جس میں کھجوریں تھیں۔۔۔ عرق، زنبیل (ٹوکرے) کو کہتے ہیں۔۔۔ آپ نے فرمایا: یہ اپنی طرف سے کسی کو کھلا دو۔ اس نے عرض کیا کہ ہم سے جو زیادہ محتاج ہو اسے کھلاؤں؟مدینہ طیبہ کے دونوں پتھریلے کناروں کے درمیان کوئی ایسا گھر نہیں جو ہم سے زیادہ محتاج ہو۔ آپ نے فرمایا: جاؤ اپنے گھر والوں ہی کو کھلادو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1937]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس عنوان اور اس سے پہلے عنوان میں کوئی تضاد نہیں کیونکہ پہلے عنوان سے مقصود یہ تھا کہ مفلسی اور تنگ دستی سے کفارہ ساقط نہیں ہوتا اور اس عنوان کا مطلب یہ ہے کہ کیا مفلس کو اس صدقے کے مال سے کفارے کے طور پر تصرف کرنے کا حق ہے یا عام صدقے کے اعتبار سے؟ ہمارے نزدیک اسے بعد میں کفارہ دینا ہو گا اور اس مال میں تصرف صدقے کے اعتبار سے ہے۔
(2)
اس میں اختلاف ہے کہ ایسے انسان کو کفارے کے ساتھ خراب کردہ روزے کی قضا دینی ہو گی یا نہیں، امام شافعی اور اکثر علماء کے نزدیک قضا ضروری نہیں۔
امام اوزاعی نے کہا ہے:
اگر کفارے میں دو ماہ کے مسلسل روزے رکھے تو قضا ضروری نہیں اگر اس کے علاوہ کوئی دوسرا کفارہ دے تو قضا لازم ہے، البتہ بعض روایات میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس سے فرمایا:
ایک دن کا روزہ بھی رکھو۔
اگرچہ انفرادی طور پر ان روایات میں کمزوری ہے لیکن اجتماعی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ اس کی اصل ضرور ہے۔
واللہ أعلم۔
(فتح الباري: 220/4)
سنن ابن ماجہ کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس سے فرمایا:
اس کی جگہ ایک دن کا روزہ رکھو۔
(سنن ابن ماجة، الصوم، حدیث: 1671)
سنن ابی داود کی روایت میں یہ الفاظ ہیں:
ایک دن کا روزہ رکھو اور اللہ تعالیٰ سے استغفار کرو۔
(سنن أبي داود، الصوم، حدیث: 2393)
ان روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ دوران روزہ میں جماع کرنے سے کفارہ اور قضا دونوں لازم ہیں۔
(3)
روایات سے پتہ چلتا ہے کہ جب وہ آدمی آیا تو اپنے بال نوچ رہا تھا اور سینہ کوبی کر رہا تھا، نیز وہ اپنے سر پر مٹی بھی ڈال رہا تھا اور اپنے رخسار پیٹ رہا تھا۔
یہ تمام افعال شدت ندامت کی وجہ سے تھے، اس کے علاوہ مصیبت کے وقت بال نوچنے اور رخسار پیٹنے کی ممانعت ہے۔
(فتح الباري: 210/4)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1937   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2600  
2600. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہا: میں تو ہلاک ہوگیا۔ آپ نے پوچھا: کیا بات ہے؟ اس نے عرض کیا: میں نے رمضان میں بحالت روزہ بیوی سے جنسی تعلق قائم کرلیا ہے۔ آپ نے فرمایا: کیا تم ایک غلام آزاد کرسکتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپ نے فرمایا: پھر تم مسلسل دو ماہ کے روزے رکھ سکتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپ نے فرمایا: کیا تم ساٹھ مسکینوں کوکھانا کھلاسکتے ہو؟ اس نے کہا: میں یہ بھی نہیں کرسکتا۔ اتنے میں ایک انصاری کھجوروں کا ایک عرق لے کرآیا۔ عرق بڑے ٹوکرے کو کہتے ہیں۔۔۔ آپ نے فرمایا: تم یہ ٹوکرا لے جاؤ اور انھیں صدقہ کردو۔ اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ! اپنے سے کسی زیادہ غریب پر صدقہ کروں؟ اس ذات کی قسم جس نے آپ کو رسول ﷺ برحق بناکر بھیجاہے!مدینہ طیبہ کے دونوں پتھریلے کناروں میں ہم سے زیادہ کوئی محتاج نہیں ہے۔ آپ نے فرمایا:۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:2600]
حدیث حاشیہ:
مقصد یہ ہے کہ ہبہ میں چیز قبضے میں لینا ہی کافی ہے، زبان سے قبول کہنے کی ضرورت نہیں جبکہ امام شافعی ؒ کے نزدیک ہبہ میں طرفین سے ایجاب و قبول ضروری ہے، اس کے بغیر ہبہ ناتمام ہے۔
لیکن ان کا موقف مرجوح ہے۔
اس روایت میں ہے کہ اس آدمی نے کھجور کے ٹوکرے پر قبضہ کیا، زبان سے اسے قبول کرنے کا اقرار نہیں، صرف اتنا کرنے سے ہبہ ہو گیا۔
ہر معاملے میں ایجاب و قبول کی قید لگانا، اپنی زندگی کو اجیرن بنانے کے مترادف ہے، ہاں اگر کوئی اہم معاملہ ہو تو اس کے لیے ایجاب و قبول کی شرط لگائی جا سکتی ہے جیسا کہ ہم نے نکاح کے متعلق بیان کیا ہے۔
واضح رہے کہ امام بخاری ؒ کے نزدیک صدقے اور ہبے کا ایک ہی حکم ہے کیونکہ یہ کھجوریں صدقے کی تھیں اصطلاحی ہبہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2600   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5368  
5368. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی خدمت میں ایک شخص نے حاضر ہو کر کہا: میں تو ہلاک ہو گیا ہوں آپ نے فرمایا: کیوں کیا ہوا؟ اس نے کہا میں نے اپنی بیوی سے رمضان میں ہم بستری کرلی ہے آپ نے فرمایا: پھر ایک غلام آزاد کر دو۔ اس نے کہا: میرے پاس تو کچھ بھی نہیں۔ آپ نے فرمایا: پھر دو ماہ کے مسلسل روزے رکھو۔ اس نے کہا: مجھ میں اس کی بھی طاقت نہیں۔ آپ نے فرمایا: پھر ساٹھ مساکین کو کھانا کھلاؤ۔ اس نے کہا: میں اتنا سامان نہیں پاتا۔ اس دوران میں نبی ﷺ کے پاس کھجوروں کا ایک ٹوکرا لایا گیا تو آپ نے پوچھا: سوال کرنے والا کہاں ہے؟ عرض کیا: میں یہاں حاضر ہوں۔ آپ نے فرمایا: یہ کھجوروں کا ٹوکرا صدقہ کر دو۔ اس نے کہا: اللہ کے رسول! جو ہم سے زیادہ محتاج ہیں ان پر صدقہ کروں؟ اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق دے کر بھیجا ہے مدینہ طیبہ کے دونوں کناروں کے درمیان کوئی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:5368]
حدیث حاشیہ:
(1)
دوسری روایت میں ہے کہ تو بھی کھا اور اپنے اہل خانہ کو بھی کھلا۔
(سنن أبي داود، الطلاق، حدیث: 2217)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس کی تنگ دستی کے پیش نظر کفارے کی ادائیگی پر اس کے اہل خانہ کا کھانا مقدم رکھا۔
اگر گھر والوں کو کھلانا ضروری نہ ہوتا تو وہ ان کھجوروں کو خیرات کرتا۔
(2)
اس سے معلوم ہوا کہ تنگ دست کا اپنے اہل و عیال پر خرچ کرنا اس کے صدقہ و خیرات کرنے سے مقدم ہے۔
آج کل لوگ مہنگائی کے ہاتھوں بہت پریشان ہیں۔
ایسے نازک حالات میں علمائے کرام کا فرض ہے کہ وہ صدقہ و خیرات کے سلسلے میں ایسے تباہ حال لوگوں کا خیال رکھیں جن کے چولہے ٹھنڈے رہتے ہیں اور ان کے بچے روٹی کو ترستے ہیں۔
واللہ المستعان
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5368   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6709  
6709. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کرنے لگا: میں ہلاک ہو گیا ہوں۔ آپ ﷺ نے دریافت فرمایا: کیا بات ہے؟ اس نے کہا: میں نے رمضان المبارک میں اپنی بیوی سے جماع کر لیا ہے آپ نے فرمایا: کیا تم ایک غلام آزاد کر سکتے ہو؟ پھر فرمایا: اس نے کہا نہیں۔ آپ نے فرمایا: کیا تو طاقت رکھتا ہے کہ دو ماہ کے مسلسل روزے رکھے؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپ ﷺ فرمایا: بیٹھ جاؤ۔ اس کے بعد نبی ﷺ کے پاس ایک عرق لایا گیا جس میں کھجوریں تھں۔ عرق ایک بڑے ٹوکرے کو کہتے ہیں۔ آپ نے فرمایا۔ یہ لے لو اور اسے صدقہ کر دو۔ اس نے کہا: اپنے سے زیادہ محتاج پر صدقہ کر دوں؟ اس پر نبی ﷺ ہنس دیے حتیٰ کہ آپ کے سامنے والے دانت دکھائی دینے لگے: پھر آپ نے فرمایا: اپنے اہل خانہ کو کھلا دو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6709]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد اس حدیث سے یہ ہے کہ جس طرح حدیث میں مذکور شخص نے روزے کے منافی کام کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علہ وسلم نے اسے کفارہ دینے کی تلقین کی، اسی طرح قسم میں بھی اگر کوئی شخص قسم کے منافی کام کرے گا تو قسم کا کفارہ دینا پڑے گا۔
اگرچہ اس حدیث میں رمضان کے روزے کا کفارہ ذکر ہوا ہے، تاہم قسم کے کفارے کو اس پر قیاس کیا جا سکتا ہے۔
(2)
قرآن کریم کی ظاہر آیت سے یہ حکم سمجھا جا سکتا ہے کہ کفارہ، قسم کے فوراً بعد پڑ جاتا ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿ذَٰلِكَ كَفَّارَةُ أَيْمَانِكُمْ إِذَا حَلَفْتُمْ﴾ یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے جب تم قسم کھا لو۔
(المائدة: 89/5)
امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث سے قرآنی آیت کے مفہوم کو متعین کیا ہے کہ کفارہ اس وقت واجب ہوتا ہے جب قسم کے منافی کام کیا جائے جیسا کہ روزے کا کفارہ اس وقت واجب ہوا جب اس نے روزے کے منافی کام کیا۔
(3)
واضح رہے کہ روزے کا کفارہ بالترتیب ہے، یعنی پہلے غلام آزاد کرے اگر اس کی ہمت نہیں تو دو ماہ مسلسل روزے رکھے اور اگر اس کی بھی ہمت نہیں تو ساٹھ مساکین کو کھانا کھلائے جبکہ قسم کے کفارے میں اسے اختیار ہے:
دس مساکین کو کھانا کھلا دے یا انہیں پوشاک دے دے یا ایک غلام آزاد کر دے۔
اگر ان میں سے کسی کی ہمت نہیں تو تین دن کے روزے رکھ لے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6709   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6710  
6710. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں ایک شخص حاضر ہوا اور کہا: میں تباہ ہوگیا ہوں۔ آپ ﷺ نے پوچھا: کیا بات ہے؟ اس نے کہا: میں رمضان المبارک میں اپنی بیوی سےصحبت کر بیٹھا ہوں۔ آپ نے فرمایا: تیرے پاس کوئی غلام ہے(جسے تو آزاد کرسکے؟) اس نے کہا: نہیں۔ آپ نے پوچھا: کیا تم متواتر دو ماہ کے روزے رکھ سکتے ہو؟ اس نے کہا نہیں آپ نے پوچھا: کیا تم ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ اس نے کہا: اس دوران میں ایک انصاری کھجوروں سے بھرا ہوا کہ ایک عرق لے کر حاضر ہوئے۔ عرق بڑے ٹوکرے کو کہتے ہیں۔۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اسے لے جاؤ اور صدقہ کردو اس نے کہا: اللہ کے رسول! کیا میں اپنے سے ذیادہ ضرورت مند پر صدقہ کردوں؟ اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے! مدینہ طیبہ کے ان دونوں کناروں کے درمیان ہم سے زیادہ کوئی اور محتاج نہیں ہے۔ اس کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا:۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:6710]
حدیث حاشیہ:
(1)
کفارہ ہر شخص پر واجب ہے جو قسم کے منافی کام کرتا ہے اگرچہ وہ تنگ دست ہی کیوں نہ ہو۔
تنگ دستی اس کی معافی کا سبب نہیں بن سکتی، چنانچہ مذکورہ حدیث کے مطابق جس شخص سے روزے کے منافی کام ہوا وہ انتہائی تنگ دست اور محتاج تھا جیسا کہ اس کے بیان سے ظاہر ہے، اس کے باوجود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کفارہ معاف نہیں کیا بلکہ کفارے کی ادائیگی میں اس کا تعاون فرمایا ہے۔
(2)
امام بخاری رحمہ اللہ نے کفارۂ قسم کو کفارہ رمضان پر قیاس کیا ہے۔
بہرحال تنگ دستی، کفارے کے لیے معافی کا سبب نہیں ہو گی، ہر حال میں کفارہ ادا کرنا ہو گا۔
اگر کوئی محتاج ہے تو کفارے کی ادائیگی میں اس کا تعاون کیا جا سکتا ہے لیکن شریعت میں اس کی معافی نہیں ہے۔
واللہ أعلم (فتح الباري: 727/11)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6710   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6711  
6711. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کرنے لگا: میں تو ہلاک ہو گیا ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: کیا بات ہے؟ اس نے کہا: میں نے ماہ رمضان میں اپنی بیوی سے صحبت کر لی ہے۔ آپ نے فرمایا: تیرے پاس کوئی غلام ہے جسے تو آزاد کر سکے؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپ نے پوچھا: کیا تو متواتر دو ماہ روزے رکھ سکتا ہے؟ اس نے کہا نہیں۔ اس کے بعد نبی ﷺ کے پاس ایک ٹوکرا لایا گیا جس میں کھجوریں تھیں آپ نے فرمایا: اسے لے جاؤ اور صدقہ کر دو۔ اس نے کہا: اپنے سے زیادہ محتاج پر؟ جبکہ مدینہ طیبہ کے دونوں کناروں کے درمیان ہم سے زیادہ کوئی محتاج نہیں ہے۔ آپ ﷺ نےفرمایا: اسے لے جاؤ اور اپنے اہل خانہ کو کھلا دو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6711]
حدیث حاشیہ:
(1)
کفارۂ قسم کا ایک مصرف دس مساکین کو کھانا کھلانا ہے۔
اس میں عموم ہے کہ وہ مساکین قریبی رشتے دار ہوں یا دور کی تعلق داری رکھتے ہوں کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کفارۂ رمضان دینے والے سے فرمایا کہ یہ (کھجوروں کا ٹوکرا)
لے جاؤ اور اپنے گھر والوں کو کھلا دو۔
گھر والوں میں دور اور نزدیک کے تمام رشتے دار آ جاتے ہیں۔
(2)
اگرچہ یہ حدیث کفارۂ رمضان کے متعلق ہے مگر امام بخاری رحمہ اللہ نے قسم کے کفارے کو اس پر قیاس کرتے ہوئے مذکورہ حکم مستنبط فرمایا۔
جب قریبی رشتے دار مساکین کو کفارہ دیا جا سکتا ہے تو دور والے تعلق دار تو اس کے زیادہ حق دار ہیں۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ مذکورہ حکم کا استنباط اس شخص کی رائے کے مطابق ہے جو اہل خانہ کو کفارہ دینے کا موقف رکھتا ہے لیکن جس کی رائے یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے بطور صدقہ دیا، کفارہ جوں کا توں اس کے ذمے تھا، اس رائے کے مطابق یہ استنباط صحیح نہیں ہو گا۔
(فتح الباري: 727/11) (3)
واضح رہے کہ کفارہ ان اقرباء کو دیا جا سکتا ہے جن کے نان و نفقہ کی ذمہ داری کفارہ دینے والے پر نہ ہو، اگر ان کی کفالت اس کے ذمے ہے تو انہیں کفارہ دینا جائز نہیں ہے جیسا کہ بیوی کو زکاۃ دینا جائز نہیں ہے۔
واللہ أعلم (عمدة القاري: 754/15)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6711   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.