ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ جو آدمی یہ کہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کے احکام میں سے کچھ چھپا لیا، وہ جھوٹا ہے اس لیے کہ اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے: ”اے رسول! جو کچھ بھی آپ کی طرف آپ کے رب کی جانب سے نازل کیا گیا ہے، اسے آگے پہنچا دیجئیے ....۔“
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ جہاد میں شریک تھے اور ہمارے ساتھ عورتیں نہ تھیں (اور عورتوں سے جدائی برداشت نہ ہوتی تھی) تو ہم نے عرض کی کہ آیا ہم خصی ہو جائیں؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا اور پھر یہ اجازت دی کہ ایک کپڑا دے کر بھی عورت سے نکاح یعنی متعہ کر سکتے ہیں۔ اور پھر عبداللہ رضی اللہ عنہ نے یہ آیت پڑھی ”اے ایمان والو! اللہ تعالیٰ نے جو پاکیزہ چیزیں تمہارے لیے حلال کی ہیں، ان کو حرام مت کرو ....۔“(نکاح متعہ غزوہ خیبر میں حرام ہو گیا دیکھے کتاب: غزوات کے بیان میں۔۔۔ باب: جنگ خیبر کا بیان۔۔۔)۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس سوائے کھجوروں کی شراب کے اور کچھ نہ تھا۔ میں کھڑا ہوا ابوطلحہ اور فلاں فلاں شخص کو یہی شراب پلا رہا تھا کہ اتنے میں ایک آدمی آیا اور کہنے لگا کہ تمہیں کچھ خبر بھی ہے؟ ان سب نے پوچھا کہ بات کیا ہے؟ اس نے کہا شراب حرام ہو گئی ہے۔ تب انھوں نے (جو شراب پی رہے تھے) کہا شراب کے ان پیالوں کو زمین پر پھینک دو۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں اس کے بعد کسی نے شراب کی بابت کچھ دریافت نہ کیا اور نہ اس کو پیا۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا خطبہ پڑھا کہ ویسا (عمدہ) خطبہ میں نے کبھی نہیں سنا اور خطبہ میں یہ فرمایا: ”جو کچھ میں جانتا ہوں اگر اس کو تم جانتے تو ہنستے تھوڑا اور روتے زیادہ ”یہ سن کر اصحابہ رضی اللہ عنہم نے چہروں پر چادریں ڈال لیں اور ان کی رونے کی سی آوازیں نکلیں۔ ایک شخص نے پوچھا کہ یا رسول اللہ! میرا باپ کون تھا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”فلاں شخص تھا تو اس وقت یہ آیت نازل ہوئی: ”اے ایمان والو! ایسی باتیں مت پوچھو کہ اگر تم پر ظاہر کر دی جائیں تو تمہیں ناگوار ہوں ....۔“
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ ایک قوم آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بطور ہنسی اور مسخرے پن کے سوال کیا کرتی تھی، کوئی کہتا تھا کہ میرا باپ کون ہے؟ کوئی سوال کرتا میری اونٹنی کھو گئی ہے، وہ کہاں ہے؟ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی: ”اے ایمان والو! ایسی باتیں مت پوچھو کہ اگر تم پر ظاہر کر دی جائیں تو تمہیں ناگوار ہوں اور اگر تم نزول قرآن کے دور میں ان باتوں کو پوچھو گے تو تم پر ظاہر کر دی جائیں گی۔ سوالات گزشتہ اللہ نے معاف کر دیے اور اللہ بڑی مغفرت والا بڑے حلم والا ہے۔“