مختصر صحيح بخاري کل احادیث 2230 :حدیث نمبر
مختصر صحيح بخاري
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے فضائل مناقب
रसूल अल्लाह ﷺ के सहाबा की फ़ज़ीलत
9. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام سیدنا زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1540
Save to word مکررات اعراب
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میرے پاس ایک قیافہ جاننے والا (مدلجی) آیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی موجود تھے اور سیدنا اسامہ بن زید اور سیدنا زید بن حارثہ (رضی اللہ عنہما) (دونوں باپ بیٹا ایک چادر میں) لیٹے ہوئے تھے (منہ اور جسم کا سارہ حصہ قدموں کے سوا چھپا ہوا تھا) تو اس نے کہا کہ یہ پاؤں تو ایک دوسرے سے نکلے ہیں پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس بات سے بہت خوش ہوئے اور اسے پسند کیا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے یہ بات بیان کی۔
حدیث نمبر: 1541
Save to word مکررات اعراب
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لشکر تیار کیا اور اس کا سردار سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کو مقرر کیا (جو نوعمر اور کمسن تھے) بعض لوگوں نے سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ کی سرداری پر طعن کیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (لوگو!) اگر تم اسامہ کی سرداری پر طعن کرتے ہو تو اس سے پہلے تم نے اس کے باپ کی سرداری پر بھی طعن کیا، اللہ کی قسم! بیشک وہ (زید رضی اللہ عنہ) سرداری کے لائق تھا اور ان لوگوں میں سے تھا جو مجھے سب سے زیادہ محبوب ہیں اور اس کے بعد یہ (اسامہ رضی اللہ عنہ) بھی مجھے محبوب ترین لوگوں میں سے ہے۔
10. سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ (کی فضیلت) کا بیان۔
حدیث نمبر: 1542
Save to word مکررات اعراب
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ بنی مخزوم کی ایک عورت نے چوری کی تو لوگوں نے کہا کہ اس کے بارے میں کون نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سفارش کرے گا؟ (کہ اسے سزا نہ ہو) پس کسی کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے (یہ بات) عرض کرنے کی جرات نہ ہوئی تو سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بیشک بنی اسرائیل میں بھی جب کوئی شریف (بااثر) شخص چوری کرتا تو اسے چھوڑ دیتے اور اگر کوئی غریب شخص چوری کرتا تو اس کا ہاتھ کاٹ ڈالتے، اگر (اس کی جگہ چوری کرنے والی میری بیٹی) فاطمۃالزہراء بھی ہوتی تو میں اس کا بھی ہاتھ کاٹ ڈالتا۔
حدیث نمبر: 1543
Save to word مکررات اعراب
سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم انھیں اور سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کو اٹھا لیتے اور فرماتے: اے اللہ! ان دونوں سے محبت کر، بیشک میں بھی ان سے محبت کرتا ہوں۔
11. سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1544
Save to word مکررات اعراب
ام المؤمنین حفصہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: عبداللہ نیک آدمی ہے۔
12. سیدنا عمار اور سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہم کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1545
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک لڑکا ان کے ایک طرف آ کر یہ کہتے ہوئے بیٹھا کہ اے اللہ مجھے ایک نیک ساتھی عنایت فرما تو سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے کہا کہ تم کہاں سے آئے؟ اس نے کہا کہ کوفہ سے، سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے کہا کہ کیا تمہارے شہر میں یا تم لوگوں میں وہ شخص نہیں ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایسے رازوں سے واقف تھے جن کو ان کے سوا کوئی نہیں جانتا تھا؟ یعنی حذیفہ رضی اللہ عنہ۔ اس نے کہا کہ ہیں۔ سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے کہا کہ کیا تمہارے شہر میں یا تم لوگوں میں وہ شخص نہیں ہے جن کو اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر کی زبان پر شیطان کے شر سے پناہ دے رکھی ہے یعنی عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ۔ اس نے کہا کہ وہ بھی ہیں۔ ابودرداء رضی اللہ عنہ نے کہا کہ کیا تمہارے شہر میں یا تم لوگوں میں وہ شخص نہیں جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مسواک رکھتے تھے یا تکیہ (یا راز سے واقف تھے یعنی عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما)؟ اس نے کہا کہ ہاں ہیں۔ سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے کہا کہ عبداللہ اس سورت کو کیسے پڑھتے تھے ((واللّٰیل اذا یغشٰی۔ والنّھار اذا تجلّٰی))۔ آگے کیونکر، میں نے کہا ((والّذکر والانثٰی)) کہنے لگے کہ یہاں (شام) کے لوگ بھی عجیب ہیں برابر میرے پیچھے پڑے رہے، مجھ سے غلطی کرانے ہی کو تھے جس طرح میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، اس کے سوا اور طرح بتا کر۔
13. سیدنا ابوعبیدہ ابن جراح رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1546
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر امت کا ایک امین (جو امانت و دیانت میں سب سے بڑھ کر ہو) گزرا ہے اور اس امت میں ہمارے امین ابوعبیدہ ابن جراح ہیں۔
14. سیدنا حسن اور حسین رضی اللہ عنہم کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1547
Save to word مکررات اعراب
سیدنا براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کندھے پر تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے: اے اللہ! میں اس سے محبت کرتا ہوں، تو بھی اس سے محبت کر۔
حدیث نمبر: 1548
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہ سے زیادہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ کوئی نہ تھا۔
حدیث نمبر: 1549
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ (اہل عراق میں سے) ایک شخص نے ان سے پوچھا کہ اگر کوئی احرام والا شخص مکھی کو مار ڈالے؟ تو سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا کہ اہل عراق مکھی کو مار ڈالنے کے بارے میں (تو) پوچھتے ہیں حالانکہ بیشک انھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے کو قتل کر ڈالا اور (جن کے بارے میں) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا: یہ دونوں دنیا میں میرے پھول ہیں۔

Previous    1    2    3    4    5    6    7    Next    

https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.