سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے دن منبر سے نیچے اُترتے تو کوئی شخص آپ سے بات چیت کر لیتا اور آپ اُس سے گفتگو کر لیتے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی جائے نماز پر کھڑے ہوکو نماز پڑھاتے ـ
سیدنا سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز جمعہ سورج ڈھلنے کے بعد ادا کرتے تھے پھر ہم گھروں کو واپس جاتے ہوئے سایہ تلاش کرتے تھے۔
سیدنا زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ ادا کرتے تھے تو (واپسی پر) سایہ حاصل کرنے میں جلدی کرتے مگر وہ ایک یا دو قدم ہی ہوتا تھا۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ مجھے معلوم نہیں کہ مسلم بن جندب راوی نے سیدنا زبیر رضی اللہ عنہ سے سماع کیا ہے یا نہیں؟
جناب ابوخلدہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدنا انس رضی اللہ عنہ کو سُنا جبکہ حجاج بن یوسف کے زمانہ اقتدار میں جمعہ کے دن جناب یزید الضبی نے اُنہیں پکارا تو کہا کہ اے ابوحمزہ، آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بھی نمازیں پڑھی ہیں اور ہمارے ساتھ بھی نماز جمعہ ادا کی ہے۔ تو آپ بتائیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کیسے ادا کرتے تھے؟ اُنہوں نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سردی شدید ہوتی تو نماز جلدی ادا کرلیتے اور جب گرمی شدید ہوتی تو نماز کو ٹھنڈا کرلیتے -
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے کا تب جناب عبید اللہ بن ابی رافع بیان کرتے ہیں کہ مروان سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو مدینہ منوّرہ پر اپنا قائم مقام بناتا تھا ـ تو اُنہوں نے اہل مدینہ کو جمعہ کے دن نماز پڑھائی تو سورة المنافقون «إِذَا جَاءَكَ الْمُنَافِقُونَ» کی قراءت کی۔ تو میں نے کہا کہ اے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ، آپ نے ہمیں وہ قراءت سنائی ہے جو سیدنا علی رضی اللہ عنہ ہمیں کوفہ میں سناتے تھے۔ سیدنا ابوہر یرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میں نے اپنے محبوب ابوالقاسم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ دونوں سورتیں پڑھتے ہوئے سُنا ہے۔
امام ابوبکر رحمه الله اپنے استاد یحییٰ بن حکیم کی سند سے جناب جعفر سے بیان کرتے ہیں کہ دوسری رکعت میں سورة المنافقون «إِذَا جَاءَكَ الْمُنَافِقُونَ» کی قراءت کی تھی ـ
جناب عبید اللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود بیان کرتے ہیں کہ ضحاک بن قیس نے سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما کو یہ سوال لکھ کر بھیجا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے دن (نماز جمعہ میں) سورة الجمعه کے سا تھ کونسی سورت پڑھا کرتے تھے۔ تو اُنہوں نے جواب میں لکھا کہ آپ سورۃ الجمعه اور سورة الغاشية «هَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ الْغَاشِيَةِ» پڑھا کرتے تھے۔ جناب مخزومی کی روایت میں ہے کہ اُنہوں نے سیدنا نعمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے یہ سوال پوچھا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز جمعہ میں کونسی سورتیں پڑھتے تھے تو اُنہوں نے جواب لکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سورۃ الجمعه اور سورة الغاشية «هَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ الْغَاشِيَةِ» پڑھا کرتے تھے۔