أَحَادِيثُ الْمُغِيرَةِ بْنِ شُعْبَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ سیدنا مغیرہ ابن شعبہ رضی اللہ عنہ سے منقول روایات حدیث نمبر 779
779- سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ نے منبر تک نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تک ”مرفوع“ حدیث کے طور پریہ بات بیان کی: ”سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے اپنے پروردگار سے سوال کیا۔ انہوں نے عرض کی۔ اے میرے پروردگار! جنت میں قدرو منزلت کے اعتبار سے سب سے کم مرتبے کا شخص کو ن ہوگا؟“ تواللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”وہ ایک ایسا شخص ہوگا، جو اس کے بعد آئے گا، جب اہل جنت، جنت میں داخل ہوچکے ہوں گے، تو اسے کہاں جائے گا: تم جنت میں داخل ہوجاؤ۔ حالانکہ اہل جنت اپنی، اپنی جگہ پر پہنچ چکے ہوں گے۔ اور انہوں نے اپنی مخصوص جائے قیام پر پڑاؤ کر لیا ہوگا، تواللہ تعالیٰ اس سے فرمائے گا: کیا تم اس بات سے راضی نہیں ہو کہ تمہیں (جنت میں) اتنی جگہ مل جائے، جو دنیا میں کسی بادشاہ کے پاس ہوتی تھی؟“
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں۔ ”وہ شخص عرض کرے گا۔ اے میرے پروردگار! جی ہاں! میں اس سے راضی ہوں۔“ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں، تو اس سے کہا جائے گا: ”تمہیں یہ اور اس کی مانند (مزید) اور اس کی مانند (مزید) اور اس کی مانند (مزید) اور اس کی مانند (مزید) جگہ ملتی ہے۔“ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: ”وہ شخص عرض کرے گا۔ اے میرے پروردگار! میں راضی ہوں۔“ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں، تو اس شخص سے کہا جائے گا۔ ”تمہیں یہ بھی ملتی ہے اور اس کے ساتھ اس کی دس گنا (مزید جگہ بھی) ملتی ہے“، تو وہ عرض کرے گا: ”اے میرے پروردگار! میں راضی ہوں۔“ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں۔ ”اس سے کہا جائے گا: اس کے ساتھ تمہیں وہ سب کچھ ملے گا، جس کی تمہارے نفس کو خواہش ہے اور جس سے تمہاری آنکھوں کو لذت حاصل ہوتی ہے۔“ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں۔ سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے عرض کی۔ ”اے پروردگار! جنت میں سب سے بلند ترین مرتبہ کس کا ہوگا؟“، تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا: ”تم اس کا ارادہ رکھتے ہو؟ میں تمہیں ان لوگوں کے بارے میں بتاتا ہوں۔ میں نے اپنے دست قدرت کے ذریعے ان کی کرامت کا پودا لگایا ہے اور میں نے اس پر مہر لگا دی ہے، تو کسی آنکھ نے اسے دیکھا نہیں، کسی کان نے اس کے بارے میں سنا نہیں اور کسی انسان کے ذہن میں اس کا خیال تک نہیں آیا ہوگا۔“ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی کتاب میں اس کی تائید موجود ہے (ارشاد باری تعالیٰ ہے) «فَلا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَا أُخْفِيَ لَهُمْ مِنْ قُرَّةِ أَعْيُنٍ» (32-السجدة:14) ”کوئی شخص یہ نہیں جانتا کہ اس کی آنکھوں کی ٹھنڈک کے لیے کیا کچھ پوشیدہ رکھا گیا ہے؟“ تخریج الحدیث: «إسناده صحيح وأخرجه مسلم فى «صحيحه» برقم: 189، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 6216، 7385، 7426، والترمذي فى «جامعه» برقم: 3198، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 35152، والطبراني فى "الكبير" برقم: 989»
|