بَابُ مَا جَاءَ فِي خِضَابِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خضاب کا بیان آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چند موئے مبارک سرخ
سیدنا ابورمثہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں اپنے بیٹے کے ہمراہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں حاضر ہوا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”یہ تیرا لڑکا ہے؟“ میں نے کہا: جی ہاں! اور میں اس کی گواہی دیتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تیرے بیٹے کے قصور کا تجھ سے اور تیرے قصور کا تیرے بیٹے سے مؤاخذ نہ ہو گا۔“ ابورمثہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: اس وقت میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چند موئے مبارک کو مائل بسرخ دیکھا۔ ابوعیسیٰ (امام ترمذی رحمہ اللہ) نے فرمایا: اس باب میں یہ روایت سب سے بہتر اور واضح ہے، کیونکہ صحیح احادیث میں یہ آیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں میں سفیدی شروع نہیں ہوئی تھی اور ابورمثہ کا نام رفاعہ بن یثربی التیمی ہے۔
تخریج الحدیث: «صحیح» :
«ديكهئے حديث سابق: 43» تنبیہ: صحیح اور راجح یہ ہے کہ ابورمثہ رضی اللہ عنہ اپنے والد کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس میں تشریف لائے تھے، لہٰذا یہاں ان کے بیٹے کا ذکر راوی کا وہم ہے۔ واللہ اعلم نیز دیکھئیے حدیث سابق: 43 |