الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔
كِتَاب الْحَيْضِ حیض کے احکام و مسائل 21. باب إِنَّمَا الْمَاءُ مِنَ الْمَاءِ: باب: پانی سے غسل صرف (منی کے) پانی کی وجہ سے ہوتا ہے۔
سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں پیر کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نکلا مسجد قباء کی طرف۔ جب ہم بنی سالم کے محلے میں پہنچے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا عتبان بن مالک رضی اللہ عنہ کے دروازے پر کھڑے ہوئے اور اس کو آواز دی، وہ اپنی ازار گھسیٹتا ہوا نکلا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہم نے اس کو جلدی میں ڈالا۔“ سیدنا عتبان رضی اللہ عنہ نے کہا: یا رسول اللہ! اگر کوئی شخص جلدی اپنی عورت سے الگ ہو جائے اور منی نہ نکلے تو اس کا کیا حکم ہے؟ (یعنی غسل کرے یا نہیں) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پانی (یعنی نہانا) پانی سے (یعنی منی نکلنے سے) واجب ہوتا ہے۔
ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پانی سے پانی واجب ہوتا ہے۔“
ابوالعلاء بن شخیر رضی اللہ عنہ نے کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث کو دوسری حدیث منسوخ کر دیتی ہے۔ جیسے قرآن کی ایک آیت دوسری آیت سے منسوخ ہو جاتی ہے۔
سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک انصاری کے مکان پر گزرے۔ اس کو بلایا، وہ نکلا اور س کے سر میں سے پانی ٹپک رہا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہماری وجہ سے تم نے جلدی کی۔“ اس نے کہا: ہاں یا رسول اللہ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تو جلدی کرے (بغیر انزال کے اٹھ کھڑا ہو) یا تجھے امساک ہو اور منی نہ نکلے تو تجھ پر غسل واجب نہیں ہے، صرف وضو کرے۔“
سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: اگر کوئی مرد اپنی عورت سے جماع کرے، پھر انزال سے پہلے اٹھ کھڑا ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”دھو ڈالے اس کو جو لگا عورت سے (یعنی ذکر کی رطوبت وغیرہ کو جو فرج سے لگ گئی ہو) پھر وضو کرے اور نماز پڑھے۔“
سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر کوئی شخص بی بی سے جماع کرے اور اس کو انزال نہ ہو تو اپنا ذکر دھو ڈالے اور وضو کرے۔“
سیدنا زید بن خالد جہنی رضی اللہ عنہ نے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ سے پوچھا: اگر کوئی شخص اپنی بی بی سے صحبت کرے اور منی نہ نکلے؟ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا: وہ وضو کرے جیسے نماز کے لئے وضو کرتا ہے اور ذکر کو دھو ڈالے۔ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا: یہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے۔
ابوایوب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اس نے یہ بات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہے۔
|