الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔
كِتَاب الْحَيْضِ حیض کے احکام و مسائل 16. باب تَسَتُّرِ الْمُغْتَسِلِ بِثَوْبٍ وَنَحْوِهِ: باب: غسل کرنے والا کپڑے وغیرہ کے ساتھ پردہ کرے۔
سیدہ ام ہانی بنت ابی طالب رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئی جس سال مکہ فتح ہوا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم غسل کر رہے تھے اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک کپڑے کی آڑ کیے ہوئے تھیں۔
سیدہ ام ہانی بنت ابی طالب رضی اللہ عنہا سے روایت ہے جس سال مکہ فتح ہوا تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ کے بلند جانب میں تھے، غسل کرنے کے لئے اٹھے تو سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے ایک کپڑے کی آڑ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر کی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپناکپڑا لے کر لپیٹا پھر آٹھ رکعتیں چاشت کی پڑھیں۔
دوسری سند سے یہ الفاظ مروی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی فاطمہ رضی اللہ عنہا نے کپڑے کے ساتھ پردہ کر رکھا تھا جب آپ نے غسل کر لیا تو اسی کپڑے کو لے کر لپیٹ لیا اور آٹھ رکعتیں چاشت کی ادا کیں۔
ام المومنین سیدہ میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے پانی رکھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پردہ کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے غسل فرمایا۔
|