سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنے ماموں ہند بن ابی ہالۃ سے (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حلیہ مبارک) پوچھا کیونکہ وہ اکثر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا حلیہ مبارک بیان کرتے رہتے تھے اور میں بھی چاہتا تھا کہ وہ میرے لیے اس سے کچھ بیان کریں۔ انہوں نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود شاندار تھے اور دوسروں کی نظروں میں بھی شان والے تھے، آپ کا رخ انور چودھویں رات کے چاند کی مانند چمکتا تھا۔ پھر انہوں نے لمبی حدیث بیان کی جو اسی کتاب کے پہلے باب میں گزر چکی ہے۔ سیدنا حسن رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک عرصہ تک میں اس حدیث کو اپنے بھائی سیدنا حسین رضی اللہ عنہ سے چھپائے رکھا اور انہیں بیان نہ کی۔ پھر جب میں نے یہ حدیث انہیں بیان کی تو میں نے محسوس کیا کہ وہ مجھ پر اس کے جاننے میں سبقت لے گئے ہیں اور دریافت کر چکے ہیں۔ نیز میں نے محسوس کیا کہ وہ اپنے والد حضرت علی رضی اللہ عنہ سے بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اپنے گھر آنے جانے اور دیگر طور طریقے کے بارے میں دریافت کر چکے ہیں اور اس بارے میں ان سے کوئی چیز مخفی نہیں رہی۔ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں نے اپنے والد گرامی (سیدنا علی رضی اللہ عنہ) سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر مبارک میں تشریف لے جانے کے متعلق سوال کیا تو انہوں نے فرمایا: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب اپنے گھر تشریف لے جاتے تو اپنے اوقات کو تین حصوں میں تقسیم کر لیتے ایک حصہ اللہ تعالیٰ (کے ذکر و فکر) کے لیے، ایک حصہ اپنے اہل و عیال کے لیے، اور ایک حصہ اپنے کام کاج اور آرام کے لیے۔ پھر وہ حصہ جو اپنے لیے مخصوص فرماتے اسے دو حصوں میں تقسیم کر لیتے، کچھ اپنے لیے اور کچھ دیگر لوگوں کے لیے، لوگوں کے حصہ میں خواص کو عوام پر ترجیح دیتے، اور ان سے کوئی چیز مخفی نہ رکھتے، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عادت مبارکہ تھی کہ اجازت کہ ساتھ اہل فضل و علم کو ترجیح دیتے اور اس وقت کو بھی دینی فضل و عظمت کے لحاظ سے تقسیم فرما لیتے، بعض لوگ ایک ضرورت والے ہوتے، اور بعض لوگ دو ضرورتوں والے، اور بعض زیادہ ضرورتوں والے ہوتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے آپ کو ان لوگوں کے ساتھ مشغول رکھتے اور ان تمام امور میں مشغول رہتے جن میں ان لوگوں کی اور عام افراد امت کی اصلاح ہوتی، اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان کو ایسی خبریں دیتے جو ان کے لیے ضروری ہوتیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم حکم فرماتے کہ ”تم میں سے جو لوگ یہاں حاضر ہیں وہ میری بات ان تک پہنچا دیں اور جو یہاں حاضر نہیں ہیں، اور جو مجھ تک پہنچنے کی طاقت نہیں رکھتا اس کی حاجت و ضرورت مجھے پہنچاؤ، کیونکہ یقیناً جو شخص امیر یا سلطان تک کسی ایسے شخص کی ضرورت پہنچائے جو خود نہیں پہنچ سکتا تو اللہ تعالیٰ عزوجل اسے قیامت کے دن ثابت قدم رکھے گا۔ “ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں اسی طرح کی باتیں ہوتی تھیں اور آپ کسی سے اس طرح کی باتوں کے علاوہ اور کچھ قبول نہ فرماتے تھے۔ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس طالب بن کر جاتے اور سیر ہو کر جدا ہوتے نیز خیر و بھلائی کے داعی بن کر نکلتے۔ سیدنا حسین بن علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر سے نکلنے کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (اپنے گھر سے باہر بھی) اپنی زبان مبارک کو فضول باتوں سے محفوظ رکھتے اور صرف بامقصد گفتگو فرماتے، لوگوں کو آپس میں جوڑتے اور ان کو توڑتے نہیں تھے انہیں اپنے سے مانوس کرتے، قوم کے عزت دار اور سردار کی تکریم کرتے اور اسی کو ان کے معاملات پر امیر مقرر فرماتے اور انہیں اللہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈراتے، اور لوگوں میں جو واقعات ہوتے ان کو دریافت فرماتے اور ہر اچھی بات کی تحسین فرما کر اسے مزید تقویت دیتے، ہر بری بات کی برائی بیان فرماتے اور اسے زائل کرتے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر کام میں میانہ روی اختیار فرماتے نہ کہ جلد باز تھے اور کسی وقت بھی اپنے ساتھیوں کی اصلاح سے غافل نہ ہوتے کہ کہیں یہ لوگ امور دین سے غافل نہ ہو جائیں اور کسی دوسری طرف مائل نہ ہو جائیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ہر کام کے لیے باقائدہ اہتمام و انتظام ہوتا ہے، آپ حق کے ارشاد فرمانے میں نہ کوتاہی کرتے اور نہ ہی حد سے تجاوز کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریبی افراد انتہائی بہترین افراد ہوتے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک صاحب فضیلت وہ ہوتا جو کہ از روئے نصیحت کرنے کے ہر ایک کی بھلائی چاہتا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک بڑے مرتبے والا وہ ہوتا جو مخلوق کی غمگساری اور مدد میں زیادہ حصہ لیتا۔ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں پھر میں نے ان سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نشست و برخاست ہمیشہ ذکر الہیٰ پر ہوتی اور مجلس میں پہنچتے تو جہاں جگہ ملتی وہیں بیٹھ جاتے اور دوسرے لوگوں کو بھی اسی طرح کرنے کا حکم دیتے، حاضریں مجلس میں سے ہر ایک کو اس کا حصہ دیتے۔ مجلس کا کوئی بھی ساتھی یہ نہ سمجھتا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں فلاں شخص اس سے زیادہ باعزت ہے (بلکہ تمام دوستوں کو یکساں عزت دیتے)، جو شخص آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھتا یا اپنی کوئی حاجت و ضرورت پیش کرتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے ساتھ بیٹھے رہتے حتٰی کہ وہ خود چلا جاتا، اگر کوئی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی کسی ضرورت و حاجت کا سوال کرتا تو آپ اسے پورا کر دیتے ورنہ نرمی کے ساتھ جواب مرحمت فرماتے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خندہ روئی اور اخلاق کریمانہ ہر ایک کو احاطہ کیے ہوئے تھے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم تمام لوگوں کے لیے باپ کے درجہ پر تھے، حقوق کے لحاظ سے تمام لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر مبارک میں برابر تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت پاک علم و حلم، حیاء و شرم اور صبر و امانت کا مرقع ہوتی۔ مجلس میں کوئی بھی اونچی آواز نہ کرتا اور نہ ہی کسی کی بے حرمتی کی جاتی، کسی کی لغزش اور کمزوری کو شہرت نہ دی جاتی، سب لوگ باہم ایک دوسرے پر برابر جانے جاتے، ہاں مجلس پاک میں کسی کی افضلیت و مرتبت تقوی کی بنیاد پر ہوتی، شرکاء مجلس ایک دوسرے سے تواضع اور انکساری سے پیش آتے، بڑوں کی عزت اور کم عمر والے لوگوں پر شفقت کی جاتی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمنشین ضرور مندوں کو ترجیح دیتے اور مسافروں کی، اجنبیوں کی خبر گیری اور حفاظت کرتے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي تَوَاضُعِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 335]